تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 81. At-Takwir · Ayah 15
Tafseerفَلَاۤ اُقْسِمُ بِالْخُنَّسِۙ﴿15﴾
- فَلَآ اُقْسِمُسو میں قسم کھاتاہوں
- بِالْخُنَّسِپیچھے ہٹ جانیوالے
Translation · Al-Qurtubi
ہم کو ان ستاروں کی قسم جو پیچھے ہٹ جاتے ہیں
Tafseer · Al-Qurtubi
فلا اقسم بالخنس۔۔۔ تا۔۔۔ بمجنون۔
فلا اقسم بالخنس الجوار الکنس۔ لازائدہ ہے یعنی میں قسم اٹھاتا ہوں جس طرح یہ بات گزرچکی ہے، پانچ بڑے ستارے مراد ہیں، زحل، مشتری، عطارد، مریخ اور زہرہ۔ جس طرح مفسرین نے ذکر کیا ہے، اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے، حضرت علی سے یہی مروی ہے، تمام ستاروں سے صرف انہیں کا خصوصا ذکر کرنا دو وجوہ سے ہے۔ ایک یہ کہ سورج کے بالمقابل ہوتے ہیں یہ بکر بن عبداللہ مزنی نے کہا۔ دوسرے یہ کہکشاں کو طے کرتے ہیں۔ یہ حضرت ابن عباس کا قول ہے۔ حضرت حسن بصری اور قتادہ نے کہا، اس سے مراد ستارے ہیں جو دن کے وقت چھپ جاتے ہیں، حضرت علی سے یہی مروی ہے فرمایا اس سے مراد ستارے ہیں جو دن کو چھپ جاتے ہیں اور رات کو ظاہر ہوجاتے ہیں، اور غروب کے وقت آنکھوں سے اوجھل ہوجاتے ہیں کیونکہ وہ مخفی ہوتے ہیں تو وہ دکھائی نہیں دیتے۔ صحاح میں ہے، خنس سے مراد تمام ستارے ہیں کیونکہ وہ غائب ہوجانے کے ساتھ پیچھے ہوجاتے ہیں یا دن کے وقت پیچھے ہٹ جاتے ہیں ایک قول یہ کیا گیا ہے اس سے مراد سیاہ رات ہیں وہ ستارے نہیں جو ایک ہی جگہ پر رہتے ہیں، فراء نے ان آیات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ان سے پانچ ستارے مراد ہیں، زحل، مشتری، مریخ، زہرہ، اور عطارد کیونکہ وہ اپنی گزرگاہ میں پیچھے ہوجاتے ہیں اور چھپ جاتے ہیں جس طرح ہرن مغار میں چھپ جاتا ہے مغار سے مراد اس کاٹھکانہ ہے جو وہ شاخوں سے بنالیتا ہے یہ قول بھی کیا جاتا ہے، انہیں خنس اس لیے کہتے ہیں کیونکہ وہ پیچھے ہٹ جاتے ہیں کیونکہ ان سے مراد وہ ستارے ہیں جو متحیر ہوتے ہیں جو لوٹتے ہیں اور ٹھہرتے ہیں، یوں جملہ بولا جاتا ہے، خنس عنہ یخنس خنوسا، پیچھے ہٹ جانا، اخنسہ غیرہ، جب اسے پیچھے کیا اور اس سے آگے گزر گیا، خنس ناک کا چہرے سے پیچھے ہونا جبکہ سرے سے کچھ بلند ہو، اس طرح یہ لفظ بولا جاتا ہے، الرجل اخنس المراۃ خنسائ، البقرہ کلھا خنس۔
حضرت عبداللہ بن مسعود سے مروی ہے کہ اس سے مراد وحشی گائیں ہیں، ہشیم نے زکریا سے وہ ابواسحق سے وہ ابومیسرہ سے عمرو بن شرجیل سے روایت نقل کرتے ہیں کہ مجھے حضرت عبداللہ بن مسعود نے کہا، تم عرب قوم ہو یہ خنس کیا ہوتا ہے میں نے جواب دیا وحشی گائے۔ کہا، میری رائے بھی یہی ہے۔ یہی حضرت جابر اور ابراہیم کا نقطہ نظر ہے۔ حضرت ابن عباس سے مروی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے وحشی گائیوں کی قسم اٹھائی ہے ان سے حضرت عکرمہ نے روایت نقل کی ہے کہ خنس سے مراد گائے اور کنس سے مراد ہرن ہیں جب وہ انسان کو دیکھتے ہیں تو پیچھے ہٹ جاتے ہیں، سکڑتے ہیں اور اپنے ٹھکانے میں داخل ہوجاتے ہیں۔ خنس جو ناک میں ہوتا ہے اس سے مراد ناک کے سرے کا پیچھے ہونا اور بانسے کا چھوٹا ہونا، گائے اور ہرن کے ناک اسی طرح چپکے ہوتے ہیں، زیادہ صحیح یہ ہے کہ انہیں ستاروں پر محمول کیا جائے کیونکہ اس کے بعد رات اور صبح کا ذکر ہے ستاروں کا ذکر اس کے زیادہ مناسب ہے۔
میں کہتا ہوں : اللہ تعالیٰ کی یہ شان ہے کہ وہ اپنی مخلوقات میں سے جس کی چاہے قسم اٹھائے وہ حیوان ہو، جماد ہو اگرچہ اس کی حکمت کی وجہ کا علم نہ ہو۔ حضرت ابن مسعود اور حضرت جابر بن عبداللہ سے یہ مروی ہے جبکہ دونوں صحابی ہیں اور امام نخعی سے مروی ہے کہ اس سے مراد وحشی گائے ہے حضرت ابن عباس اور سعید بن جبیر سے یہ مروی ہے کہ اس سے مراد ہرن ہیں۔ حجاج بن منذر نے کہا، میں نے جابر بن زید سے الجواری الکنس کے بارے میں پوچھا فرمایا، ہرن اور گائے۔ یہ کوئی بعید نہیں کہ اس سے مراد ستارے ہوں ایک قول یہ کیا گیا ہے اس سے مراد فرشتے ہیں یہ ماوردی نے ذکر کیا، کنس کا معنی غائب ہونا ہے یہ کناس سے ماخوذ ہے اور اس سے مراد وحشی جانور کا وہ ٹھکانہ ہے جس میں وہ چھپ جاتا ہے۔ اوس بن حجر نے کہا : الم تران اللہ انزل مزنہ، وعفر الظباء فی الکناس تقمع۔ کیا تو نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالیٰ نے بارش کو نازل کیا، جبکہ ہر نوں میں سے عفر، (ایک قسم کا ہرن) اپنے ٹھکانے میں سرہلارہا ہے۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے کنوس کا معنی اپنے اپنے ٹھکانوں میں پناہ لیتا، اس سے مراد وہ جگہیں ہیں جہاں وحشی جانور اور ہرن پناہ لیتے ہیں۔ کنس یہ کا نس اور کا نسہ کی جمع ہے اسی طرح خنس، خانس اور خانسہ کی جمع ہے، جواری یہ جاریہ کی جمع ہے یہ جری یجری سے مشتق ہے۔