تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 85. Al-Burooj · Ayah 6
Tafseerاِذْ هُمْ عَلَیْهَا قُعُوْدٌۙ﴿6﴾
- اِذْ هُمْجب وہ
- عَلَيْهَااس پر
- قُعُوْدٌبیٹھے تھے
Translation · Al-Qurtubi
جبکہ وہ ان (کناروں) پر بیٹھے ہوئے تھے
Tafseer · Al-Qurtubi
اذھم علیھا قعود۔ یعنی وہ لوگ جنہوں نے خندقوں کو کھودا تھا اس پر بیٹھے تھے ان میں مومنوں کو پھینکتے تھے یہ حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) ، اور حضرت محمد کے درمیان کا عرصہ تھا یہ نجران کے لوگ تھے ان کے بارے میں مختلف واقعات ہیں، معنی قریب قریب ہے صحیح مسلم میں حضرت صہیب سے مروی ہے، کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا تم سے قبل کے دور میں ایک بادشاہ تھا اس کا ایک جادوگر تھا جب وہ بورھا ہوگیا اس نے بادشاہ سے کہا، میں بوڑھا ہوگیا ہوں میرے پاس ایک بچہ بھیج دو جس کو میں جادو سکھادوں بادشاہ نے اس کے پاس ایک بچہ بھیج دیا تاکہ وہ اسے علم سکھائے جس راستہ سے وہ جاتا اس کے راستہ میں ایک راہب رہتا تھا وہ اس کے پاس بیٹھتا اس کی گفتگو سنتا اور خوش ہوجاتا جب وہ بچہ ساحر کے پاس آتا تو راہب کے پاس سے گزرتا اور اس کے پاس بیٹھ جاتا جب وہ بچہ ساحر کے پاس آتا تو وہ اسے مارتا، بچے نے اس کی شکایت راہب سے کی راہب نے کہا، جب تجھے ساخر سے خوف آئے تو کہہ دینا، میرے اہل نے مجھے روک لیا تھا، جب تجھے گھروالوں سے ڈرو تو کہہ دینا مجھے جادوگر نے روک لیا تھا، وہ اس طرح آتا جاتا تھا کہ اس کا گزر ایک جانور کے پاس سے ہوا جس نے لوگوں کو روک رکھا تھا اس نے کہا، آج مجھے اس کا علم ہوجائے گا کہ جادوگر افضل ہے یا راہب افضل ہے ؟ اس نے ایک پتھر اٹھایا اس نے یوں دعا کی اے اللہ اگر راہب کا معاملہ تیری بارگاہ میں جادوگر کے امر سے زیادہ محبوب ہے تو اس جانور کو مار ڈال یہاں تک کہ لوگ گزرسکیں اس بچے نے وہ پتھر اسے مارا اور اسے قتل کردیا، اور لوگ چلے گئے وہ راہب کے پاس آیا اور اسے تمام واقعہ سنایا اسے کہا، اے بیٹے آج تم مجھ سے افضل ہوتیرا معاملہ وہاں تک پہنچ گیا جو میں دیکھتا ہوں تجھے آزمایاجائے گا اگر تجھے آزمائش میں ڈالاجائے تو میرے بارے میں کچھ نہ بتانا وہ بچہ مادرزاد اندھوں، برص کے مریضوں کو درست کردیتا اور لوگوں سے تمام بیماریوں کو دور کردیتا، بادشاہ کے درباری نے اس بارے میں سنا جو نابینا ہوچکا تھا وہ بہت سے ہدایالایا اور کہا اگر تو مجھے درست کردے تو میں تیرے لیے یہ مال جمع کردوں گا، اس بچے نے کہا، میں تو کسی کو شفا نہیں دیتا، شفا تو اللہ دیتا ہے اگر تو اللہ پر ایمان لائے تو میں اللہ تعالیٰ سے دعا کروں گا وہ تجھے شفا دے گا وہ اللہ تعالیٰ پر ایمان لایاتو اللہ تعالیٰ نے اسے شفا دی، وہ بادشاہ کے پاس آیا اور اس کے پاس بیٹھا جس طرح پہلے اس کے پاس بیٹھا کرتا تھا بادشاہ نے اس سے پوچھا کس نے تیری نظر لوٹائی اس نے کہا، میرے رب نے، بادشاہ نے پوچھا تیرا میرے علاوہ بھی کوئی رب ہے ؟ درباری نے کہا، میرا اور تیرا رب اللہ ہے، بادشاہ نے اسے پکڑ لیا اور وہ اسے لگاتار عذاب دیتارہا یہاں تک کہ اس نے غلام کے بارے میں راہنمائی کی اس بچے کو لایا گیا بادشاہ نے اس سے پوچھا اسے بیٹے کیا تو جادو کے ذریعے اس مقام تک پہنچ گیا جس کے ذریعے تومادرزاد اندھے اور برص کے مریضوں کو شفا دیتا ہے اور تو یہ یہ کرتا ہے، اس نے کہا، میں تو کسی کو شفا نہیں دیتا شفا تو اللہ تعالیٰ دیتا ہے بادشاہ نے بچے کو پکڑ لیا وہ اس کو لگاتار عذاب دیتا رہا یہاں تکہ بچے نے اسے راہب کے بارے میں بتادیا اس راہب کو لایا گیا اسے کہا گیا تو اپنے دین سے ارتداد اختیار کر لواس نے ایسا کرنے سے انکار کردیا، بادشاہ نے آری منگوائی اس نے آری راہب کے سر کے درمیان رکھی اسے دوٹکڑے کردیا گیا پھر بادشاہ کے مصاحب کو لایا گیا اسے کہا گیا اپنے دین سے پھرجاؤ، اس نے ایسا کرنے سے انکار کردیا بادشاہ نے آری سے اس کے سر کی مانگ میں رکھوائی اسے دوٹکڑے دوٹکڑے کیا تو وہ دوٹکڑے ہوگیا۔ پھر بچے کو لایا گیا اسے کہا گیا، اپنے دین سے پھر جا اس نے انکار کردیا اس نے بچہ اپنے چند ساتھیوں کے حوالے کردیا اور کہا، اسے فلاں فلاں پہاڑ کی طرف لے جاؤ، اسے پہاڑ پر چڑھا دو جب تم اس کی چوٹی پر پہنچ جاؤ اگر وہ اپنے دین سے پھرجائے تو بہتر ورنہ اسے اس چوٹی سے نیچے گرادو، وہ اسے لے گئے اور پہاڑ کی چوتی پر چڑھایا تو بچے نے یہ دعامانگی اے اللہ میری جانب سے تو انہیں کافی ہوجاجو بھی تو چاہے پہاڑ ان کے ساتھ لرزنے لگا وہ نیچے گر گئے وہ پیدل بادشاہ کے پاس پہنچ گیا بادشاہ نے اس سے پوچھا تیرے ساتھیوں کا کیا ہوا ؟ بچے نے جواب دیا اللہ تعالیٰ انہیں میری طرف سے کافی ہوگیا، اس نے اسے اپنے ساتھیوں کے حوالے کردیا اور کہا اسکولے جاؤ اگر وہ اپنے دین سے پھر آئے توٹھیک ورنہ اسے سمندر میں پھنک دو لوگ اسے لے کرگئے اس نے دعا مانگی اے اللہ جو توچاہتا ہے میری طرف سے انہیں کافی ہوجا، کشتی ٹوٹ گئی وہ غرق ہوگئے وہ پیدل بادشاہ کے پاس آیا بادشاہ نے اسے کہا تیرے ساتھیوں کا کیا ہوا ؟ اس نے جواب دیا اللہ انہیں میری جانب سے کافی ہوگیا، اس نے بادشاہ سے کہا تو مجھے قتل نہیں کرسکتا، یہاں تک کہ تو وہ کرے جو میں تجھے کہوں، بادشاہ نے پوچھا ہو کیا ہے بچے نے کہا تو لوگوں کو کھلے میدان میں جمع کرے مجھے سولی پر لٹکائے پھر میرے ترکش سے ایک تیر نکالے پھر تیر قوس پر چڑھائے پھر کہے اللہ جو غلام کا رب ہے اس کے نام سے پھر تو وہ تیر مجھے مارے اگر تو ایسا کرے گا تو مجھے قتل کردے گا۔ بادشاہ نے لوگوں کو ایک میدان میں جمع کیا اور بچے کو سولی پر لٹکادیا پھر اس نے بچے کو ترکش سے تیر لیا پھر تیرکمان پر چڑھایا پھر کہا اللہ جو اس بچے کا رب ہے اس کے نام سے پھر تیر پھینکا تیر اس کی کنپٹی میں لگا اس بچے نے اپناہاتھ تیر کی جگہ اپنی کنپٹی پر رکھا اور مرگیا لوگوں نے کہا، ہم بچے کے رب پر ایمان لے آئے ہم بچے کے رب پر ایمان لائے ہم بچے کے رب پر ایمان لائے۔ بادشاہ کے پاس کوئی آیا اس نے کہا بتاؤ تو کس چیز سے ڈرتا تھا ؟ اللہ کی قسم تیرا ڈر تجھے آپہنچا لوگ ایمان لاچکے ہیں اس نے گلیوں کے سروں پر خندقیں کھودنے کا حکم دیا خندقیں کھودی گئیں اور ان میں آگ روشن کردی گئی بادشاہ نے کہا، جو آدمی اپنے دین سے نہ پھرے اسے اس میں جلادیا جائے اسے کہا جائے اس میں داخل ہوجا۔ انہوں نے اسی طرح کیا یہاں تک کہ ایک عورت آئی اس کے ساتھ ایک بچہ بھی تھا وہ اس میں داخل ہونے سے ہچکچائی، بچے نے اسے کہا، اے ماں، صبر کر کیونکہ تو حق پر ہے، امام ترمذی نے اس کے ہم معنی روایت نقل کی ہے اس میں یہ الفاظ بھی ہیں بچے کے راستہ میں عبادت گاہ میں ایک راہب رہتا تھا، معمر نے کہا، میرا خیال ہے ان دونوں میں گرجا گھروں میں اطاعت گزار رہتے تھے اس میں یہ تصریح بھی ہے کہ جس جانور نے لوگوں کو روک رکھا تھا وہ شیر تھا اور یہ بھی ذکر ہے کہ بچے کو دفن کردیا گیا اس کے بارے میں یہ بھی ذکر کیا جاتا ہے کہ حضرت عمر بن خطاب کے زمانے میں اسے نکالا گیا تو اس کی کنپٹی پر ہاتھ تھا جس طرح اس نے اس وقت رکھا جب اسے قتل کیا گیا اور کہا یہ حدیث حسن غریب ہے۔
ضحاک نے حضرت ابن عباس سے روایت نقل کی ہے کہ نجران کا ایک بادشاہ تھا اس کی رعیت میں ایک آدمی تھا، جس کا ایک بچہ تھا اس نے اس بچے کو ساحر کے پاس بھیجا تاکہ اسے یہ جادو سکھائے اس نوجوان کا راستہ راہب کے پاس سے ہو گزرتا تھا وہ انجیل پڑھا کرتا تھا بچہ راہب سے جو سنتا وہ اسے خوش کرتا بچہ راہب کے دین میں داخل ہوگیا ایک دن وہ آیاتو ایک بڑا سانپ جس نے لوگوں کا راستہ روکا ہوا تھا اس بچے نے ایک پتھر اٹھایا اور کہا، اس اللہ کے نام سے جو آسمانوں اور زمین اور ان کے درمیان جو ہے اس کا رب ہے اور اس جانور کو مارڈالا اور سابقہ واقعہ کی طرح ذکر کیا، جب بادشاہ نے اسے تیر مارا اور اسے قتل کردیا تو اس کی مملکت کے لوگوں نے کہا کوئی معبود نہیں مگر عبداللہ بن ثامر کا معبود، عبداللہ بن ثامر اس بچے کا نام تھا بادشاہ ناراض ہوگیا اس نے حکم دیا خندقیں کھودی گئی ان میں لکڑیاں اور آگ جمع کی گئی اور مملکت کے لوگ ان خندقوں پر لائے گئے جس نے توحید سے رجوع کرلیا اور اس نے اسے چھوڑ دیا جو اپنے دین پر ثابت قدم رہا اسے آگ میں پھینک دیں گے وہ عورت ڈرگئی اور ارتداد کا ارادہ کیا دودھ پیتے بچے نے اسے کہا، اے ماں جس دین پرتو ہے اس پر ثابت قدم رہ، یہ آگ بجھنے والی ہے، لوگوں نے اس عورت اور اس کے بیٹے کو آگ میں ڈال دیا۔
ابوصالح نے حضرت ابن عباس سے روایت نقل کی ہے کہ آگ خندقوں سے بلند ہوئی وہ بادشاہ اور اس کے ساتھیوں پر چالیس ہاتھ اوپراٹھی اور انہیں جلادیا، ضحاک نے کہا، یہ نصرانی لوگ تھے وہ رسول اللہ کی بعثت سے چالیس سال قبل یمن میں رہتے تھے انہیں سوف بن شراحیل بن تبع حمیری نے پکڑلیا، یہ اسی سے کچھ اوپر افراد تھے ان کے لیے اس نے خندقیں کھودوائیں اور انہیں آگ میں جلادیا، یہ ماوردی نے بیان کیا ہے۔ ثعلبی نے ان سے یہ بیان کیا ہے کہ اصحاب اخدود بنی اسرائیل میں سے تھے، انہوں نے کچھ مرد اور عورتیں پکڑ لیں ان یہودیوں نے ان کے لیے خندقیں کھودیں اور ان میں آگ جلائی پھر مومنوں کو ان پر کھڑا کیا انہیں کہا گیا تم اپنے نئے دین کا انکار کرو یا تمہیں آگ میں ڈال دیاجائے، علماء کا خیال ہے وہ حضرت دانیال اور آپ کے صحابہ تھے یہ عطیہ عوفی کا قول ہے، اس کی مثل حضرت ابن عباس سے مروی ہے۔
حضرت علی سے مروی ہے کہ ایک بادشاہ نے شراب پی اور اپنی بہن سے اپنی خواہش پوری کی، اس نے یہ ارادہ کیا کہ وہ اپنی رعیت میں اسے قانون بنادے رعایا نے اس کی بات قبول نہ کی اس کی بہن نے اسے مشورہ دیا کہ وہ لوگوں کو خطبہ دے کہ اللہ تعالیٰ نے بہنوں کے ساتھ نکاح حلال کردیا ہے پھر بھی اس کی بات نہ سنی گئی اس بہن نے مشورہ دیا کہ وہ ان لوگوں کے لیے خندقیں کھودوائیں اور جو یہ بات نہ مانے اسے ان خندقوں میں ڈال دے اس بادشاہ نے ایسا ہی کیا یہ بھی کہا، ان کے باقی ماندہ لوگ اپنی بہنوں سے عقد نکاح کرتے ہیں وہ مجوسی ہیں جبکہ پہلے یہ اہل کتاب تھے، حضرت علی شیر خدا سے یہ بھی مروی ہے کہ اصحاب خدود کا سبب یہ تھا ایک نبی کو اللہ تعالیٰ نے حبشہ کی طرف بھیجا کچھ لوگوں نے اس نبی کی اطاعت کی اس کی قوم نے ان لوگوں کے لیے خندقیں کھودیں جس نے اس نبی کی اتباع کی اسے خندق میں پھینک دیا گیا، ایک عورت لائی گئی جس کا ایک دودھ پیتا بچہ بھی تھا وہ عورت گھبرائی اس بچے نے ماں سے کہا، اے ماں، آگے بڑھ اور نہ گھبرا۔
ایوب نے عکرمہ سے روایت نقل کی ہے کہ یہ تیری قوم سجستان کے لوگ تھے کلبی نے کہا، یہ نجران کے نصاری تھے وہاں ان لوگوں نے مومنوں کو پکڑ لیا اور سات خندقیں کھدوائیں ہر خندق کی لمبائی چالیس ہاتھ تھی اور اس کی چوڑائی بارہ ہاتھ تھی پھر ان خندقوں میں مٹی کا تیل اور ایندھن پھینکا گیا پھر لوگوں کو ان خندقوں پر کھڑا کیا گیا جس نے بات نہ مانی اسے اس میں پھینک دیا گیا ایک قول یہ کیا گیا ہے یہ نصاری کی ایک قوم تھی یہ قسطنطییہ کے دور میں رہتے تھے مقاتل نے کہا، اصحاب اخدود تین گروہ ہوگزرے ہیں ایک نجران میں دوسرے شام میں اور آخری فارس میں، جو شام میں تھا وہ اطنیاسو رومی تھا جو فارس میں تھا وہ بخت نصر تھا جو عرب کے علاقہ میں تھا وہ یوسف بن ذی نواس تھا اور جو فارس اور شام میں تھا اس کے بارے میں قرآن نازل نہیں ہوا جس کے بارے میں قرآن نازل ہوا وہ نجران میں تھا اس کی وجہ یہ بنی کہ وہ مسلمان آدمی تھے ان میں سے ایک تہامہ میں تھا اور دوسرا نجران میں تھا ان میں سے ایک نے اپنے آپ کو مزدوری پر لٹکایا وہ عمل کرتا اور انجیل پڑھتا مساتجر کی بیٹی نے انجیل کی قرات میں ایک نور دیکھا اور اپنے باپ کو بتایا وہ مسلمان ہوگیا ان مسلمانوں کی تعداد ستاسی ہوگئی یہ حضرت عیسیٰ کے اس دنیا سے اٹھ جانے کے بعد ہوا، یوسف بن ذی نواس بن تبع حمیری نے ان کے لیے خندقیں کھدوائیں انہیں کفر اختیار کرنے کو کہا، جس نے کفر سے انکار کیا اسے آگ میں ڈال دیا گیا اور کہا، جس نے حضرت عیسیٰ کے دین سے ارتداد نہ کیا اسے نہ پھینکا جائے ایک عورت تھی جس کے ساتھ ایک چھوٹا سابچہ تھا جو ابھی گفتگو نہیں کرتا تھا وہ عورت واپس لوٹ آئی اس کے بیٹے نے اسے کہا، اے میری ماں میں تیرے سامنے ایسی آگ دیکھتا ہوں جو کبھی سردنہ ہوگی ان دونوں نے اپنے آپ کو آگ میں ڈال دیا یا اللہ تعالیٰ نے اس عورت اور اس کے بیٹے کو جنت میں داخل کردیا، اس ایک روز میں ستتر آدمیوں کو خندقوں میں ڈالا گیا۔ ابن اسحاق نے وہب بن منبہ سے روایت نقل کی ہے کہ حضرت عیسیٰ کے دین کے پیروکاروں میں سے ایک آدمی تھا جسے قیمون کہا جاتا تہ ایک نیک، مجتہد، زاہد اور مستجاب الدعوات تھا وہ بستیوں میں گھومتا پھرتا رہتا تھا کسی بستی میں ابھی اس کی پہچان نہ ہوئی مگر وہ وہاں سے چلا جاتاوہ مستری تھا اور مٹی سے گھربناتا۔
محمد بن کعب قرظی نے کہا : اہل نجران مشرک تھے وہ بتوں کی عبادت کیا کرتے تھے نجران ان کے قریب ان کے دیہاتوں میں سے ایک دیہات میں ایک جادوگر رہتا تھا وہ نجران کے لوگوں کے بچوں کو جادو کی تعلیم دیتا جب وہ قیمیون فروکش ہو اس نے نجران اور ساحر کے بستی کے درمیان اپنا خیمہ لگالیا، نجران کے لوگ اپنے بچے اس جادوگر کے پاس تعلیم کے لیے بھیجتے تھے ثامر نے عبداللہ بن ثامر کو اس جادوگر کے پاس بھیجا وہ نجران کے لوگوں کے بچوں کے ساتھ ہوتا تھا عبداللہ جب اس خیمہ والے کے پاس سے گزرتا تو اس کی نماز عبادت سے متعجب ہوجاتا وہ اس کے پاس بیٹھنے لگا اور اس کی بات سننے لگا یہاں تک کہ وہ اسلام لے آیا اس بچے نے اللہ کی توحید کا اقرار کرلیا، اور اس کی عباسدت کی اور اس راہب سے اللہ تعالیٰ کا اسم اعظم پوچھنے لگا راہب اسے تعلیم دیتارہا مگر اسم اعظم کو اس سے مخفی رکھا اور کہا، اے بھتیجے تو اس کو برداشت نہیں کرسکتا میں تیرے بارے میں ڈرتا ہوں کہ تو اس سے کمزور ہے اس بچے کا باپ یہی گمان کرتا تھا، کہ اس کا بیٹا جادوگر کے پاس جاتا ہے جس طرح دوسرے بچے جاتے ہیں جب عبداللہ نے یہ دیکھا کہ اس کا راہب اللہ تعالیٰ کا اسم بتانے میں بخیل ہے تو اس نے تیر اکٹھے کیے پھر اس نے اللہ تعالیٰ کے جو بھی اسماء سیکھے تھے ان میں سے کوئی بھی نہ چھوڑا مگر ایک ایک تیر پر ایک ایک نام لکھا یہاں تک کہ جب سب کا شمار کرلیا تو اس کے لیے آگ روشن کی پھر اس آگ میں ایک ایک تیر پھینکنے لگایہاں تک کہ جب اسم اعظم کا مرحلہ آیا اس آگ میں وہ تیر پھینکا وہ تیرا چھلایہاں تک کہ وہ آگ سے نکل گیا اور اس تیر کو آگ نے کچھ نقصان نہیں پہنچایا تھا تو اس بچے نے اس تیر کو پکڑا اور راہب کے پاس گیا اسے بتایا کہ اس نے اسم اعظم کو جان لیا ہے۔ جس کو راہب نے اسے چھپایا تھا وہ اسم کون سا ہے ؟ بچے نے بتایا یہ یہ، پوچھا تو نے کیسے جانا تو بچے نے جو عمل کیا تھا اس کے بارے میں بتایا، راہب نے اسے کہا اے بھتیجے تو نے صحیح جانا ہے اسے اپنے تک محدود رکھ میرا خیال نہیں کہ تو ایسا کرے گا، عبداللہ بن ثامر جب بھی نجران جاتا وہ کسی بھی آدمی کو دیکھتا جسے کوئی تکلیف ہوتی تو اسے کہتا، اے عبداللہ کیا تو اللہ کی وحدانیت کو تسلیم کرتا ہے میرے دین میں داخل ہوتا ہے تو میں تیرے حق میں دعا کروں گا تو تو جس بیماری میں مبتلا ہے اس سے تجھے ٹھیک ہوجائے گا وہ کہتا ہاں، وہ اللہ تعالیٰ کی واحدانیت کا اقرار کرتا اور اسلام قبول کرلیتا، وہ اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا اس کے ھق میں دعا کی اسے عافیت ہوگئی یہاں تک کہ اس کا معاملہ بادشاہ تک جاپہنچا بادشاہ نے اس بچے کو بلایا اس سے پوچھا تو نے میری بستی کو میرے خلاف کردیا ہے تو نے میرے دین اور میرے آباء کے دین کی مخالفت کی ہے تو میں تجھے ضرور عبرت کی مثال بنادوں گا بچے نے کہا، تو اس پر قادر نہیں بادشاہ نے اسے اونچے پہاڑ کی طرف بھیجا اسے اس کی چوٹی سے نیچے پھینکا گیا وہ زمین پر گرتا جبکہ اسے کچھ تکلیف نہ ہوتی وہ اسے نجران کے پانیوں کی طرف بھیجتا اسمیں کوئی چیز نہ پھینکی جاتی مگر وہ ہلاک ہوجاتی اسے ان میں پھینکا جاتا وہ باہر نکلتا جب کہ اسے کوئی ضرر نہ ہوتا جب بچہ اس پر غالب آگیا توعبداللہ نے بادشاہ سے کہا، اللہ کی قسم تو میرے قتل پر قادر نہیں ہوگا یہاں تک کہ تو اللہ کی توحید کا اقرار کرے اورس پر ایمان لائے جس پر میں ایمان لایا ہوں اگر تو نے ایسا کیا تو تجھے مجھ پر غلبہ ہوجائے گا اور تو مجھے قتل کردے گا اس بادشاہ نے اللہ کی واحدنیت کا اقرار کیا اور اس کی گواہی دی پھر ایک چھڑی بچے کو ماری جس نے بچے کو تھوڑا سازخمی کردیا جو بڑا نہ تھا اور اس بچے کو مارڈالا اور بادشاہ بھی اسی جگہ مرگیا نجران کے لوگ عبداللہ بن ثامر کے دین اور حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) جو پیغام لائے تھے اس پر اکٹھے ہوگئے پھر انہیں بھی وہ آزمائش آئی جوان کے ہم دین لوگوں کو آزمائش آئی تھی اسی وجہ سے نجران میں عیسائیت مضبوط ہوئی۔
ذونواس یہودی جو بنوحمیر سے اپنے لشکر لے کر ان کی طرف چلا انہیں یہودیت کی طرف دعوت دی اور انہیں یہودیت اور قتل کے درمیان اختیار دیا لوگوں نے قتل کو ترجیح دی، ذونواس نے ان کے لیے خندقیں کھدوائیں ان میں آگ جلائی اور تلوار کے ساتھ انہیں قتل کیا اور عبرت کانشانہ بنایا یہاں تک کہ ان میں سے بیس ہزار افراد کو قتل کیا۔ وہب نے کہا، جب اریاط یمن پر غالب آیاتوذونواس بھاگ کھڑا ہوا وہ اپنے گھوڑے کے ساتھ سمندر میں داخل ہوگیا اور اس میں غرق ہوگیا ابن اسحاق نے کہا، ذونواس اس کا نام ذرعہ بن تبان اسعد حمیری تھا اس کا نام یوسف بھی تھا اس کے بالوں کی مینڈھیاں جو لہراتی رہتیں اس وجہ سے اس کا نام ذونواس ہوا اس نے اہل نجران کے ساتھ یہ سلوک کیا ان میں سے ایک آدمی جس کا نام دوس بن ثعلبان تھا بچ نکلا حبشہ والے اس کا انتقام لینے آئے وہ یمن کے مالک بن گئے اور ذونواس سمندر میں ہلاک ہواجس میں اس نے اپنے آپ کو ڈالا تھا اس کے بارے میں عمرو معدیکرب کہتا ہے۔ اتوعدنی کا نک ذورعین، بانعم عیشۃ اوذنواس کیا تو مجھے دھمکی دیتا ہے گویا تو اچھی زندگی میں ذوعین ہے یا ذونواس ہے۔ ذورعین حمیر کے بادشاہوں میں سے ایک بادشاہ تھا رعین اس کا ایک قلعہ تھا یہ بادشاہ حرث بن عمرو بن حمیر بن سبا کا بیٹا تھا۔
مسئلہ : ہمارے علماء نے کہا، اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں اس امت کے مومنوں کو بتایا جوان سے قبل موحدین نے مصائب برداشت کیے اس کے ساتھ مومنوں کو مانوس کرنا تھا نبی کریم نے مومنوں کے سامنے بچے کا واقعہ ذکر کیا تاکہ انہیں جو دکھ اور مشکلات آتی ہیں اور ان پر صبر کریں اور اس بچے کی طرح صبر کریں جو اس نے صبر کیا حق میں پختگی اپنائی، اس کے ساتھ مضبوطی سے وابستہ رہا، دعوت حق کے اظہار میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، چھوٹی عمر ہونے کے باوجود بیشمار لوگوں کو دین میں داخل کیا اور عظیم صبر کا اظہار کیا اسی طرح راہب نے حق کو مضبوطی سے پکڑے رکھا یہاں تک کہ اسے آری سے چیز دیا گیا اس کے باوجود اس نے صبر کیا اس طرح بیشمار لوگ جب اللہ تعالیٰ کی ذات پر ایمان لائے، ایمان ان کے دلوں میں راسخ ہوگیا تو انہوں نے آگ میں پھینکے جانے پر صبر کیا اور وہ دین سے مرتدن نہ ہوئے ابن عربی نے کہا، ہمارے نزدیک منسوخ ہے جس طرح پہلے سورة النحل میں گزرچکا ہے۔
میں کہتا ہوں : ہمارے نزدیک یہ منسوخ نہیں بیشک وہ آدمی جس کا نفس قوی ہو اس کا دین مضبوط ہو اس کا صبر کرنا اولی ہے اللہ تعالیٰ نے حضرت لقمان کے بارے میں خبر دیتے ہوئے کہا، یبنی اقسم الصلوۃ وامر بالمعروف ونہ عن المنکر واصبر علی ما اصابک، ان ذالک من عزم الامور۔ لقمان) میرے پیارے بچے نماز صحیح ادا کیا کرو نیکی کا حکم دیا کرو اور برائی سے روکتے رہو اور صبر کیا کرو ہر مصیبت جو تمہیں پہنچے بیشک یہ بڑی ہمت کے کام ہیں۔ حضرت ابوسعید خدری نے نبی کریم سے روایت نقل کی ہے، ان من اعظم الجھاد کلمۃ عدل عند سلطان جائز۔ سب سے بڑا جہاد ظالم حاکم کے سامنے حق کلمہ کہنا ہے اسے امام ترمذی نے نقل کیا ہے، کہا یہ حدیث حسن غریب ہے، محمد بن سنجر (امین سجر) نے حضرت امیمہ سے روایت نقل کی ہے کہ میں رسول اللہ کو وضو کرایا کرتی تھی کہ ایک آدمی آپ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس نے کہا، مجھے وصیت کیجئے، رسول اللہ نے ارشاد فرمایا، لاتشرک باللہ شیا وان قطعت اوحرقت بالنار۔ تو اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرا اگرچہ تجھے ٹکڑے ٹکرے کردیا جائے یا تجھے آگ میں جلادیاجائے۔ ہمارے علماء نے کہا : بہت سے صحابہ کرام کو قتل کیا گیا، سولی عذاب میں مبتلا کیا گیا انہوں نے صبر کیا اور وہ کسی چیز کی طرف متوجہ نہ ہوئے تیرے لیے حضرت عاصم، حضرت خبیب اور ان کے ساتھیوں کا قصہ کافی ہے اسی طرح انہوں نے جو جنگیں، امتحانات، قتل، قید، جلانا اور دوسری آزمائشیں دیکھیں سورة النحل میں یہ بات گزرچکی ہے جو آدمی قوت رکھتا ہے اس کے بارے میں اس پر اجماع ہے وہاں اس پر غور کرلے۔
قتل اصحب الاخدود۔ ان کفار کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمت سے دوری کی بددعا ہے ایک قول یہ کیا گیا ہے اس کا معنی یہ ہے کہ ان مومنین کے قتل کی خبر جارہی ہے کہ وہ آگ کے ذریعے قتل کیے گئے پھر بھی انہوں نے صبر کیا، ایک قول یہ کیا گیا ہے یہ ان ظالموں کے بارے میں خبر دی جارہی ہے کیونکہ یہ روایت کی گئی ہے کہ ان مومنوں کے آگ میں گرنے سے پہلے ان کی روحیں قبض کرلی گئیں تھیں اور خندقوں سے آگ نکلی تھی اور جو لوگ کناروں پر بیٹھے تھے انہیں جلادیا تھا، ایک قول یہ کیا گیا ہے مومن تو نجات پاگئے تھے اور آگ نے کناروں پر بیٹھے لوگوں کو جلادیا تھا، یہ نحاس نے ذکر کیا ہے، علیھا کا معنی سندھا ہے ایک قول یہ کیا گیا ہے، علیھا سے مراد ہے اس آگ کے قریب جو خندق کے کنارے تھے وہ مراد ہے جس طرح شاعر نے کہا : وبات علی النار الندی والمحلق، یہاں علی النار سے مراد اس کے قریب ہے۔ اذ میں عامل قتل ہے یعنی اس وقت ان پر لعنت کی گئی۔