تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 86. At-Taariq · Ayah 6
Tafseerخُلِقَ مِنْ مَّآءٍ دَافِقٍۙ﴿6﴾
- خُلِقَپیدا کیا گیا
- مِنْسے
- مَّآءٍپانی
- دَافِقٍاچھلتا ہوا
Translation · Al-Qurtubi
وہ اچھلتے ہوئے پانی سے پیدا ہوا ہے
Tafseer · Al-Qurtubi
یخرج من بین الصلب واترائب۔ یخرج کی ھوضمیر سے مراد پانی ہے، صلب سے مراد پشت ہے اس میں چار لغتیں ہیں، صلب، صلب صلب اور صالب۔ پہلی دو کے ساتھ اسے پڑھا گیا ہے اس معنی میں حضرت ابن عباس کا قول ہے، تنقل من صالب الی رحم تجھے پشت سے رحم کی طرف نقل کیا جاتا رہا، ترائب سے مراد سینہ ہے اس کا واحد تریبہ ہے یہ سینے کی وہ جگہ ہے جہاں ہار ہوتا ہے۔ شاعر نے کہا، مھفھۃ بیضاء غیر مفاضۃ، ترائبھا مصقولۃ کالسجنجل۔ وہ تھوڑے گوشت والی سفید رنگت والی، ڈھیلے پیٹ والی نہیں اس کے سینے کی ہڈیاں یوں صیقل شدہ ہیں جیسے سونے کا پانی۔ صلب مرد کی اور ترائب عورت کی، حضرت ابن عباس نے فرمایا ترائب سے مراد ہار لٹکانے کی جگہ ہے۔ ان سے یہ بھی مروی ہے اس سے مراد پستانوں کے درمیان کی جگہ ہے عکرمہ نے کہا، حضرت ابن عباس سے یہ بھی مروی ہے کہ ترائب المراۃ سے مراد ونوں ہاتھ، دونوں پاؤں اور دونوں آنکھیں ہیں، ضحاک نے بھی یہی کہا ہے، سعید بن جبیر نے کہا، اس سے مراد گردن ہے، مجاہد نے کہا، اس سے مراد کندھوں اور سینے کے درمیان کی جگہ ہے، ان سے یہ بھی مروی ہے اس سے مراد سینہ ہے۔ ان سے یہ بھی مروی ہے کہ ہنسلی کی ہڈیاں۔ ابن جبیر نے کہا، حضرت ابن عباس سے مروی ہے کہ ترائب سے مراد اس جانب کی چار پسلیاں ہیں زجاج نے کہا، ترائب سے مراد سینے کی دائیں جانب کی چار پسلیاں اور چارپسلیاں بائیں جانب کی ہیں معمر بن ابی حبیبہ مدنی نے کہا، ترائب سے مراد دل کا نچوڑ ہے اس سے بچہ ہوتا ہے کلام عرب میں مشہوریہ ہے کہ اس سے مراد سینے اور نحر کی ہڈیاں ہیں، درید بن صمہ نے کہا، فان تدبرو ناخذکم فی ظھورکم، وان تقبلوا ناخذکم فی الترائب۔ اگر تم پیٹھ پھیرو تو ہم تمہاری پشتوں پروار کریں گے اور اگر تم سامنا کرو تو ہم تمہارے سینوں کی ہڈیوں پروار کریں گے۔ ایک اور شاعر نے کہا : والزعفران علی ترائبھا شرق بہ اللبات والنحر۔ زعفران اس کے سینے کی ہڈیوں پر ہے جس سے قلادہ اور نحر کیج گہ بھری ہوئی ہے۔ عکرمہ نے کہا، ترائب سے مراد سینہ ہے پھر یہ شعر پڑھا، نظام در علی ترائبھا۔ موتیوں کا ہار اس کے سینے پر ہے۔ ذورمہ نے کہا : ضرجن البرود عن ترائب حرۃ۔ ضرجن کا معنی ہے انہوں نے پھاڑا، اس میں ضرجن کا بھی مروی ہے یعنی انہوں نے پھینکا، صحاح میں ہے، تریبہ ترائب کا واحد ہے یہ سینے کی ہڈیاں ہیں جو ہنسلی اور ثندوہ کے درمیان ہوتی ہیں۔ جوہری کے علاوہ دوسرے علماء سے یہ مروی ہے کہ ثندوہ مرد کا وہی عضو ہے جو عورت کا پستان ہوتا ہے، اصمعی نے کہا : ثندوہ پستان کے گاڑھنے کی جگہ ہے ابن سکین نے کہا، اس سے مراد وہ گوشت ہے جو پستان کے اردگرد ہوتا ہے۔
تفسیر میں ہے : مرد کے پانی سے پیدا ہوتا ہے جو اس کی پشت یعنی ہڈی اور پٹھے سے نکلتا ہے اور عورت کے پانی سے پیدا ہوتا ہے جو اسکے سینے کی ہڈیوں یعنی گوشت اور خون سے نکلتا ہے، یہ اعمش کا قول ہے سورة آل عمران میں ایک مرفوع حدیث گزرچکی ہے اور سورة الحجرات آیت 13 میں اناخلقنکم من ذکر وانثی، میں یہ بحث گزرچکی ہے ایک قول یہ کیا گیا ہے مرد کا پانی دماغ سے نازل ہوا ہے، پھر خصیتین میں جمع ہوتا ہے یہ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان، من بین الصلب کے معارض نہیں کیونکہ اگر یہ دماغ سے اترتا ہے توریڑھ کی ہڈی اور سینے سے گزر کر ہی آتا ہے قتادہ نے کہا، اس کا معنی ہے یہ مرد کی ریڑھ کی ہڈی اور عورت کے سینے کی ہڈیوں میں سے نکلتا ہے فراء نے کہا، اس کی مثل عربوں سے منقول ہے اس وجہ سے من بین الصلب کا معنی یہ ہوگا ریڑھ کی ہڈی سے حضرت حسن بصری نے کہا، وہ مرد کی ریڑھ کی ہڈی اور مرد کے سینے کی ہڈیوں سے عورت کی ریڑھ کی ہڈی اور اس کے سینے کی ہڈیوں سے نکلتا ہے پھر ہم جانتے ہیں کہ نطفہ بدن کے تمام جزاء سے جنم لیتا ہے اس وجہ سے بچہ اکثر اپنے والدین کے مشابہ ہوتا ہے یہی حکمت ہے کہ مادہ منویہ کے نکلنے کی صورت میں تمام بدن کو دھویا جاتا ہے اور جو زیادہ جماع کرتا ہے اس کی پشت اور ریڑھ کی ہڈی میں درد ہوتا ہے یہ صرف اس وجہ سے ہوتا ہے کہ اس کی پشت اس پانی سے خالی ہوتی ہے جس کو وہ پہلے روکے ہوئے تھی اسماعیل نے اہل مکہ سے الصلب کو لام کے ضمہ کے ساتھ نقل کیا ہے، عیسیٰ ، ثقفی سے بھی یہی مروی ہے مہدوی نے یہ حکایت بیان کی ہے جس نے یہ کہا کہ منی مرد کی پیٹھ اور اس کی سینے ہڈیوں نکلتی ہے تو اس صورت میں یخرج کی ضمیر پانی کے لیے ہوگی جس نے یہ کہا کہ مرد کی ریڑھ کی ہڈی اور عورت کے سینے کی ہڈیوں سے نکلتا ہے تو اس صورت میں ضمیر انسان کے لیے ہوگی، اسے الصلب بھی پڑھا گیا ہے اسمیں چارلغتیں ہیں، صلب صلب صلب اور صالب، عجاج نے کہا، فی صلب مثل العنان۔ المودم۔ اور نبی کریم کی مدح میں ہے، تنقل من صالب الی رحم۔ تجھے ریڑھ کی ہڈی سے رحم کی طرف منتقل کیا جاتا رہا، اشعار مشہور ومعروف ہیں۔