تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 87. Al-A'laa · Ayah 3

Tafseer
  1. وَ الَّذِیْ قَدَّرَ فَهَدٰى۪ۙ﴿3﴾

    1. وَالَّذِيْاور جس نے
    2. قَدَّرَاندازہ ٹھہرایا
    3. فَهَدٰىپھر راہ دکھائی
Translation · Al-Qurtubi
اور جس نے اس کا اندازہ ٹھیرایا (پھر اسکو) راستہ بتایا
Tafseer · Al-Qurtubi
والذی قدر فھدی۔ حضرت علی، اسلمی اور کسائی نے اسے قدر پڑھا ہے جب کہ باقی قراء نے اسے مشدد پڑھا ہے، دونوں کا معنی ایک ہی ہے یعنی ہر ایک شکل مقدر کی اور اس کو تیار کیا اور اس کی راہنمائی کی، مجاہد نے کہا، شقاوت اور سعادت کو مقدر کیا اور ہدایت اور گمراہی کی طرف راہنمائی کی، ان سے ایک قول یہ بھی مروی ہے انسان کی ہدایت اور سعادت کی طرف راہنمائی کی اور چوپاؤں کی چراگاہوں کی طرف راہنمائی کی، ایک قول یہ کیا، ان کے رزق کو مقدر کیا اگر وہ انسان تھے تو ان کی معاش کی طرف ان کی راہنمائی کی اور اگر چوپائے تھے تو ان کی چراگاہوں کی طرف ان کی راہنمائی کی۔ حضرت ابن عباس، سدی، مقاتل، اور کلبی نے فھدی کے بارے میں یہ قول کیا ہے کہ مخلوق کو پہچان کرائی گئی کہ مذکر ومونث کے پاس کیسے آئے جس طرح سورة طہ میں، اعطی کل شئی خلقہ ثم ھدی۔ کے ضمن میں بیان فرمائی، یعنی مذکر کی مونث کی طرف راہنمائی کی، عطا نے کہا، ہر جانور کے لیے وہ بنایاجو اس کے لیے مناسب تھا، اور اس کی اس چیز کی طرف راہنمائی کی ایک قول یہ کیا گیا ہے، اشیاء میں منافع کو پیدا کیا اور انسان کی راہنمائی کی کہ وہ کس طرح ان منافع کو حاصل کریں ایک قول یہ کیا گیا ہے ہر حیوان کے لیے اس چیز کو مقدر کیا جو اس کے لیے موزوں تھا اور اس کی اس طرح راہنمائی کی اور اس سے نفع اٹھانے کا طریقہ بتایا۔ حکایت بیان کی جاتی ہے کہ سانپ کی عمر جب ایک ہزار سال ہوجاتی ہے تو وہ اندھا ہوجاتا ہے اللہ تعالیٰ اسے الہام کرتا ہے کہ وہ ترسمار کے پتوں کے ساتھ اپنی آنکھ کو ملے تو اس کی نظر اس کی طرف لوٹ آئے گی بعض اوقات وہ خشک علاقہ میں ہوتا ہے اور اس کے اور ریف کے درمیان کئی دنوں کی مسافت ہوتی ہے وہ اس مسافت کو طوالت اور اندھا ہونے کے باوجود طے کرتا ہے یہاں تک کہ وہ کسی باغ میں سمار کے درخت تک جاپہنچتا ہے۔ وہ اس میں کوئی غلطی نہیں کرتا، اس کے ساتھ اپنی آنکھ رگڑتا ہے اور اللہ کے حکم سے اس کی آنکھ نور والی ہوجاتی ہے۔ انسان کی جو اس کی مصالح کی طرف راہنمائی کی جاتی ہے اور اس کے حوائج کی طرف جو راہنمائی کی جاتی ہے وہ کسی حدوشمار میں نہیں غذاؤں سے متعلق ہو، دواؤں سے متعلق ہو، دنیا کے معاملات سے ہو یا دین کے معاملات میں سے ہے۔ چوپاؤں اور پرندوں اور حشرات الارض کے الہامات کا باب بہت وسیع و عریض ہے کسی بیان کرنے والا کا وصف اس کا احاطہ نہیں کرسکتا۔ فسبحان ربی الاعلی۔ سدی نے کہا : جنین کے لیے رحم میں نوماہ کی مدت کو مقید کیا کچھ کم اور کچھ زائد پھر رحم سے نکلنے کا طریقہ بنایا، فراء نے کہا، یعنی مقدر کیا پس ہدایت دی اور گمراہ کیا، ان دوچیزوں میں سے ایک کے ذکر پر اکتفا کیا جس طرح اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، سرابیل تقیکم الحر، النحل 81) ایسے لباس جو بچاتے ہیں تمہیں گرمی سے یہ بھی احتمال موجود ہے کہ اس کا معنی ہو ایمان کی طرف دعوت دی جس طرح اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، وانک لتھدی الی صراط مستقیم۔ الشوری) بیشک آپ راہ مستقیم کی طرف دعوت دینے والے ہیں، اور سب کو ایمان کی طرف دعوت دی، ایک قول یہ کیا گیا ہے اس کا معنی ہے اللہ تعالیٰ نے اپنے افعال کے ذریعہ اپنی توحید پر راہنمائی کی اور اپنے عالم اور قادر ہونے کی راہنمائی کی، اس میں کوئی اختلاف نہیں کہ جس نے دل کو مشدد پڑھا ہے تو اسے تقدیر سے مانتے ہیں جس طرح اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے، وخلق کل شئی فقدرہ تقدیرا۔ الفرقان) اور ہر چیز کو پیدا کیا اور اس کا اندازہ لگایا، اور جس نے اسے تخفیف کے ساتھ پڑھا ہے تواحتمال موجود ہے کہ وہ تقدیر سے ہو اور دونوں کا معنی ایک ہو اور یہ بھی احتمال ہے کہ وہ قدرت اور ملک کے معنی میں ہو یعنی وہ اشیاء کا مالک ہے اور جس کے بارے میں اسے ہدایت دی۔ میں کہتا ہوں : میں نے اپنے ایک شیخ سے سناوہ کہتے ہیں الذی خلق فسوی وقدر فھدی یہ علو کی تفسیر ہے جو تمام مخلوقات پر اللہ تعالیٰ کے جلال کے مناسب ہے۔