تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 89. Al-Fajr · Ayah 19
Tafseerوَ تَاْكُلُوْنَ التُّرَاثَ اَكْلًا لَّمًّاۙ﴿19﴾
- وَتَاْكُلُوْنَاور تم کھاتے ہو
- التُّرَاثَمال میراث
- اَكْلًا لَّمًّاکھانا سمیٹ کر
Translation · Al-Qurtubi
اور میراث کے مال کو سمیٹ کر کھا جاتے ہو
Tafseer · Al-Qurtubi
وتاکلون التراث اکلالما۔ تراث سے مراد یتیموں کی میراث ہے اس کی اصل وارث ہے یہ وراثت سے مشتق ہے جس طرح تجاہ، تخمہ، تکاہ، اور تودہ ہے، یہ بحث پہلے گزرچکی ہے لما کا معنی ہے شدیدا، یہ سدی کا قول ہے ایک قول یہ کیا گیا ہے لما کا معنی ہے سب کا سب، یہ عربوں کے اس قول سے لیا گیا ہے، لممت الطعام، جب تو سب کا سب کھاجائے یہ حضرت حسن بصری اور ابوعبیدہ کا نقطہ نظر ہے کلام عرب میں لم کا معنی جمع کرنا ہے، یہ جملہ بوجالاتا ہے، لممت الشئی المتہ لما، جب تو اسے جمع کرے اس معنی میں کہا جاتا ہے لم اللہ شعثہ، اس کے جو امور متفرق تھے ان کو جمع کرلیا نابغہ نے کہا، ولست بمستحق اخا لاتلمہ، علی شعث ای الرجلا المھذب۔ تو ایسے بھائی کو باقی رکھنے والا نہیں جسے تو پراگندے کی حالت میں اپنے ساتھ جمع نہیں کرتا توبتاؤ توسہی کون سا آدمی مہذب ہے۔
مرناق طائی، علقمہ بن سیف کی مدح کرتے ہوئے کہتا ہے۔ لاحبنی حب الصبی ولمنی، لم الھدی الی الکریم الماجد۔ اس نے مجھ سے بچے کی محبت جیسی محبت کی اور مجھے یوں اپنے ساتھ جمع کیا جیسے شب زفاف کو دلہن کریم آدمی کے ساتھ جم ہوتی ہے۔
لیث نے کہا، لم کا معنی سختی سے جمع کرنا ہے، اس سے حجر ملموم ہے اور کتیہ ملمومۃ، ہے کھانے والاثرید کو جمع کرتا ہے اسے لقمہ بناتا پھر کھا جاتا ہے، مجاہد نے کہا، اس کا معنی ہے وہ پھانکتا ہے حضرت حسن بصری نے کہا، وہ اپنا اور دوسروں کا حصہ کھا جاتا ہے۔ حطیہ نے کہا : اذا کان لما یتبعہ الدم ربہ۔ جب اپنا اور غیر کا حصہ جمع کرنے والا ہوگا تو یہ عمل ایسا کرنے والے کو مذمت تولازم کرے گا۔
یعنی وہ اپنے اور دوسروں کے حصہ کو کھانے میں جمع کرتے ہیں، ابن زید نے کہا، یعنی جب وہ اپنا مال کھاتا ہے تو غیر کے مال کو بھی اپنے ساتھ ملالیتا ہے اور اسے کھا جاتا ہے وہ سوچ بچار بھی نہیں کرتا وہ خبیث اور پاکیزہ سب کھا جاتا ہے کہا، مشرک عورتوں اور بچوں کو ورثہ نہ دیا کرتے تھے بلکہ اپنی میراث ان کی میراث کے ساتھ ملالیا کرتے تھے اور کھاجایا کرتے تھے ایک قول یہ کیا گیا ہے میت نے طلم سے جو مال جمع کیا ہوتا تھا وہ اسے کھاجاتے جب کہ انہیں سب کچھ علم ہوتا وہ کھانے میں حلال و حرام کو جمع کرلیتے تھے یہ بھی جائز ہے کہ وارث کی مذمت کی جارہی ہو جو آسان طریقہ سے مال لے لیتا ہے جبکہ اس میں اس کا پسینہ بھی نہیں بہتا وہ اس کے خرچ کرنے میں اسراف سے کام لیتا ہے اور کھلا، کھا جاتا ہے جبکہ وہ ہر خواہش کو جمع کرنے والا ہوتا ہے وہ چیز کھانے سے تعلق رکھتی ہے مشروبات ہوں یاپھل، جس طرح باطل وارث کرتے ہیں۔