تفسیر القرطبی
Al-Qurtubi · 92. Al-Lail · Ayah 6
Tafseerوَ صَدَّقَ بِالْحُسْنٰىۙ﴿6﴾
- وَصَدَّقَاور سچ جانا
- بِالْحُسْنٰىاچھی بات کو
Translation · Al-Qurtubi
اور نیک بات کو سچ جانا
Tafseer · Al-Qurtubi
وصدق بالحسنی۔ حسنی سے مراد ہے کہ بندہ جو عطا کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس پر بدلہ عطا کرتا ہے اس کی تصدیق کی۔ صحیح مسلم میں حضرت ابوہریرہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ سے مروی ہے، مامن یوم یصبح العباد فیہ الا وملکان ینزلان فیقول احدھما، اللھم اعط منفقا خلفا ویقول الاخر اللھم اعط ممسکا تلفا۔ کوئی دن نہیں ہوتا جس میں لوگ صبح کرتے ہیں مگر دو فرشتے اترتے ہیں ان میں سے ایک کہتا ہے، اے اللہ خرچ کرنے والے کو بدل عطا فرمادوسرا کہتا ہے اے اللہ روکنے والے کو بربادی دے۔
حضرت ابودرداء سے مروی ہے کہ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا، کسی دن کا سورج غروب نہیں ہوتا مگر اس کے پہلو دو فرشتے اعلان کرتے ہیں جس اعلان کو اللہ تعالیٰ کی تمام مخلوق سنتی ہے مگر جن وانس، اے اللہ خرچ کرنے والے کو بدلہ عطا فرما اور روکنے والے کو بربادی دے، اسی کے متعلق اللہ تعالیٰ نے قرآن میں حکم نازل فرمایا۔
علماء تفسیر نے فرمایا، من اعطی، سے مراد ہے تنگ دستوں کو مال عطا کیا۔ قتادہ نے کہا، اس بندے پر اللہ تعالیٰ کا جو حق تھا وہ عطا کیا، حضرت حسن بصری نے کہا، دل سے سچی بات کہی، ایک قول یہ کیا گیا کہ وصدق بالحسنی سے مراد ہے اس نے لا الہ الا اللہ کی تصدیق کی، یہ ضحاک، سلمی اور حضرت ابن عباس نے کہا، مجاہد نے کہا، حسنی سے مراد جنت ہے اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان ہے، للذین احسنوالحسنی وزیادۃ (یونس 26) قتادہ نے کہا، حسنی سے مراد اللہ تعالیٰ کا وعدہ جو اس نے بندے سے بدلہ دینے کا کیا ہے، زید بن اسلم نے کہا، اس سے مراد نماز، زکوۃ اور روزہ ہے، حضرت حسن بصری نے کہا، اس سے مراد عطا کا بدلہ ہے یہی طبری کا پسندیدہ مسلک ہے حضرت ابن عباس سے یہ قول پہلے گزرچکا ہے سب کے معانی قریب قریب ہیں کیونکہ سب معانی اسی ثواب کی طرف لوٹتے ہیں جو جنت ہے۔