تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 99. Az-Zalzala · Ayah 1

  1. اِذَا زُلْزِلَتِ الْاَرْضُ زِلْزَالَهَاۙ﴿1﴾

    1. اِذَا زُلْزِلَتِجب ہلا ڈالی جائے
    2. الْاَرْضُزمین
    3. زِلْزَالَهَااس کا زلزلہ
Translation · Al-Qurtubi
جب زمین بھونچال سے ہلا دی جائے گی
Tafseer · Al-Qurtubi

اذا زلزلت الارض زلزالھا۔

یعنی زمین اپنی جڑ سے حرکت کرنے لگے گی، عکرمہ نے حضرت ابن عباس سے اسی طرح روایت نقل کی ہے وہ کہا کرتے تھے، نفخہ اولی کے موقع پر اللہ تعالیٰ اسے حرکت دے گا، یہ مجاہد کا قول ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا قول ہے، یوم ترجف الراجفہ۔ تتبعھا الرادفہ۔ النازعات) پھر اسمیں دوبارہ زلزلہ برپا ہوگا تو وہ اپنے مردوں کو باہر نکال دے گی یہ مردے ہی اس کے اثقال ہیں مصدر کا ذکر تاکید کے لیے ہے پھر فعل کو زمین کی طرف منسوب کیا گیا ہے جس طرح یہ قول ہے : لاعطینک عطیتک۔ اس میں یہ عطیتی لک ہے اس طرح کرنا بہت اچھا ہے تاکہ بعد والی آیات کے سروں کے موافق ہوجائے، عام قرات زاء کے کسرہ کے ساتھ ہے یہ زلزل سے مشتق ہے، جحدری اور عیسیٰ بن عمر نے اسے زاء کے فتحہ کے ساتھ پڑھا ہے۔ یہ بھی مصدر ہے جس طرح وسواس، قلقال، جرجار۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے۔ زاء کے کسرہ کے ساتھ مصدر ہے اور فتحہ کے ساتھ اسم ہے۔