تفسیر القرطبی

Al-Qurtubi · 99. Az-Zalzala · Ayah 7

  1. فَمَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَیْرًا یَّرَهٗؕ﴿7﴾

    1. فَمَنْپس جس نے
    2. يَّعْمَلْکی ہوگی
    3. مِثْقَالَبرابر
    4. ذَرَّةٍایک ذرہ
    5. خَيْرًانیکی
    6. يَّرَهٗاس کو دیکھے گا
Translation · Al-Qurtubi
تو جس نے ذرہ بھر نیکی کی ہوگی وہ اس کو دیکھ لے گا
Tafseer · Al-Qurtubi

پس جس نے ذرہ برابر بھی نیکی کی ہوگی وہ اسے دیکھ لے گا، اور جس نے ذرہ برابر برائی کی ہوگی وہ (بھی) اسے دیکھ لے گا۔

اس میں تین مسائل ہیں :

قیامت کے دن خیر و شر کو دیکھنے کے اعتبار سے مومن و کافر کا فرق :

مسئلہ نمبر 1 : فمن یعمل مثقال ذرۃ خیرا یرہ۔ حضرت ابن عباس کہا کرتے تھے : کافروں میں سے جو رائی کے دانہ کے برابر اچھا عمل کرے گا وہ اس کی جزا دنیا میں دیکھ لے گا، آخرت میں اسے کوئی ثواب نہیں دیا جائے گا اور جس نے رائی کے دانہ برابر برائی کی اسے آخرت میں سزا دی جائے گی ساتھ ساتھ شرک کی سزا بھی دی جائے گی۔ مومنین میں سے جس نے ذرہ برابر برائی کی ہوگی وہ اس کی سزا دنیا میں دیکھ لے گا جب وہ مرے گا تو آخرت میں اسے سزا نہیں دی جائے گی اور اس سے درگزر کرلیا جائے گا۔ اگر اس نے رائی کے دانہ برابر بھلائی کا عمل کیا ہوگا تو وہ اس سے قبول کیا جائے گا اور آخرت میں اسے کئی گنا ثواب دیا جائے گا۔ ایک حدیث میں ہے ذرہ کا کوئی وزن نہیں ہوتا۔ یہ ایک مثال ہے جو اللہ تعالیٰ نے بیان فرمائی ہے کہ اللہ تعالیٰ بندے کے عمل سے غافل نہیں وہ چھوٹا ہو یا بڑا ہو یہ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کی طرح ہے : ان اللہ لا یظلم مثقال ذرہ۔ (النسا) اللہ تعالیٰ ذرہ برابر ظلم نہیں، وہاں ذرہ کے بارے میں گفتگو گزر چکی ہے اور اس کا کوئی وزن نہیں ہوتا۔

اہل لغت میں سے بعض علماء نے یہ کہا ہے : ذریہ ہے آدمی اپنا ہاتھ زمین پر مارے تو اس کے ساتھ جو مٹی لگ جائے اسے ذر کہتے ہیں ؛ حضرت ابن عباس نے یہی کہا ہے : جب تو اپنا ہاتھ زمین پر رکھے اور اسے اٹھائے تو مٹی میں سے جو اس کے ساتھ لگ جاتی ہے وہ ذرہ ہے۔ محمد بن کعب قرظی نے کہا : کافروں میں سے جو آدمی ذرہ برابر نیکی کرتا ہے وہ اس کا ثواب دنیا میں دیکھ لیتا ہے۔ (1) یعنی اپنی ذات میں، اپنے اہل میں اور اپنی اولاد میں یہاں تک کہ وہ دنیا سے نکلتا ہے تو اس کے لیے اللہ تعالیٰ کے ہاں کوئی خیر نہیں ہوتی۔ مومنوں میں سے جو کوئی برا عمل کرتا ہے وہ دنیا میں اس کی سزا دیکھ لیتا ہے اپنی ذات میں، اپنے مال میں، اپنی اولاد میں اور اپنے اہل میں یہاں تک کہ وہ دنیا سے نکلتا ہے جبکہ اس کے بارے میں اللہ تعالیٰ کے ہاں کوئی برائی نہیں ہوتی اس کی دلیل وہ حدیث ہے جو ثقہ علماء نے حضرت انس سے نقل کی ہے۔ یہ آیت نبی کریم پر نازل ہوئی جبکہ حضرت ابوبکر کھانا کھا رہے تھے۔ (2) تو انہوں نے کھانا چھوڑ دیا عرض کی : یا رسول اللہ، ہم اچھا یا برا جو عمل کرتے ہیں وہ ہمیں دکھایا جائے گا ؟ فرمایا : ما رایت مما تکرہ فھو مثاقیل ذر الشر و یدخر لکم مثاقیل ذر الخیر حتی تعطوہ یوم القیامۃ۔ جو تو ناپسندیدہ چیزیں دیکھتا ہے یہ وہی ذرہ برابر برائیاں ہیں اور ذرہ برابر اچھائیاں تمہارے حق میں ذخیرہ کرلی جائیں گی، یہاں تک کہ قیامت کے روز وہ تمہیں دے دی جائیں گے۔

ابو ادریس نے کہا : اس کا مصداق اللہ تعالیٰ کی کتاب میں ہے : وما اصابکم من مصیبۃ فبما کسبت ایدیکم و یعفوا عن کثیر۔ (الشوری) جو تمہیں مصیبت پہنچی ہے وہ ان اعمال کا بدلہ ہے جو تم نے کیے اور اللہ تعالیٰ بہت سے گناہ بخش دیتا ہے۔

مقاتل نے کہا : یہ آیات دو آدمیوں کے بارے میں نازل ہوئیں کیونکہ یہ آیت نازل ہوئی ویطعمون الطعام علی حبہ (الدھر) کھانا کھلاتے ہیں اسے پسند کرتے ہوئے، ان میں سے ایک کے پاس سائل آتا تو وہ ایک کھجور، کھانے کا ٹکڑا اور اخروٹ وغیرہ دینا ناپسند کرتا ہے اور دوسرا چھوٹے سے گناہ کے بارے میں سستی کرتا جس طرح جھوٹ بولنا، غیبت کرنا اور نظر کرنا۔ میں کہتا ہوں : اللہ تعالیٰ نے کبائر پر جہنم کا وعدہ کیا ہے تو یہ آیت نازل ہوئی کہ انہیں تھوڑی سی نیکی میں رغبت دلائی جائے کہ اسے بدلہ دیا جائے گا کیونکہ ممکن ہے کہ وہ زیادہ ہوجائیں اور انہیں تھوڑے سے گناہ پر خبردار کرے، کیونکہ ان کے بارے میں بھی امکان ہے کہ وہ زیادہ ہوجائیں، یہ سعید بن جبیر کا قول ہے، چھوٹا سا گناہ قیامت کے روز گناہگار کی آنکھ میں پہاڑوں سے بڑا ہوگا اور اس کی تمام اچھائیاں اس کی آنکھ میں ہر شے سے چھوٹی ہوں گی۔

اچھائی کا بدلہ اچھائی اور برائی کا بدلہ برائی :

مسئلہ نمبر 2 : عام قرات یرہ ہے، جحدری، سلمی، عیسیٰ بن عمر اور ابان نے اسے یرہ پڑھا ہے، یعنی اللہ تعالیٰ اسے دکھائے گا، پہلا پسندیدہ ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : یوم تجد کل نفس ما عملت من خیر محضرا۔ (آل عمران) اس روز ہر نفس اسے حاضر پائے گا جو اس نے اچھا عمل کیا ہوگا۔ ہشام نے دونوں مواقع پر ھاء کو ساکن پڑھا ہے۔ کسائی نے اسے ابوبکر، ابو حیوہ اور مغیرہ سے اسی طرح روایت کیا ہے۔ یعقوب، زہری، جحدری اور شیبہ نے اس میں اختلاس کیا ہے۔ باقی قرار نے اسے اشباع کی صورت میں پڑھا ہے۔ ایک قول یہ کیا گیا ہے کہ وہ اس کی جزا دی کے گا۔ کیونکہ اس کا عمل گزر چکا اور معدوم ہوچکا تو وہ دکھائی نہیں دے گا۔ علماء نے اس بارے میں اشعار ذکر کیے :

ان من یعتدی و یکسب اثما۔۔۔ وزن مثقال ذرۃ سیراہ۔

جو آدمی ذرہ برابر حد سے تجاوز کرتا ہے اور گناہ کرتا ہے تو وہ اس کو دیکھے گا۔

و یجازی بگعلہ الشر شرا۔۔۔ و بفعل الجمیل ایضا جزاہ۔

اسے برائی کا بدلہ برائی سے اور اچھائی کا بدلہ اچھائی سے دیا جائے گا۔

ھکذا قولہ تباک ربی۔۔۔ فی اذا زلزلت وجل ثناہ

میرے رب کا ارشاد ہے سورة اذا زلزلت میں اسی طرح ہے۔

قرآن حکیم کی جامع ترین آیات :

مسئلہ نمبر 3 : حضرت ابن مسعود نے کہا : قرآن حکیم میں یہ محکم ترین آیت ہے۔ اور انہوں نے سچ کہا۔ علماء اس آیت کے عموم پر متفق ہیں خواہ انہوں نے اس کے عموم کا قول کیا ہو یا نہ کیا ہو، کعب الاحبار نے کہا : اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد پر دو آیتیں نازل فرمائیں جنہوں نے توریت، انجیل، زبور اور صحائف میں جو کچھ تعلیمات ہیں سب کو جمع کرلیا ہے وہ یہ ہیں، فمن یعمل مثقال ذرۃ خیرا یرہ۔ ومن یعمل مثقال ذرۃ شرا یرہ۔ شیخ ابو مدین نے اس آیت کے بارے میں کہا : وہ مآل سے پہلے حال میں اچھائی کا بدلہ دیکھ لے گا۔

نبی کریم اس آیت کو جامعہ فازہ کہا کرتے تھے جس طرح صحیح میں ہے جب آپ سے گدھوں کے بارے میں پوچھا گیا اور آپ نے خچروں کے بارے میں خاموشی اختیار کی دونوں میں جواب ایک ہی ہے۔ کیونکہ خچر اور گدھوں پر سوار ہوکرنہ حملہ کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی بھاگا جاسکتا ہے۔ جب نبی کریم نے گھوڑوں میں دائمی اجر اور جاری ثواب کا ذکر کیا تو سائل نے گدھوں کے بارے میں پوچھا کیونکہ ان دنوں ان کے پاس خچر نہیں ہوتے تھے حجاز کے علاقہ میں نبی کریم کے خچر دلدل کے سوا کوئی خچر داخل نہیں ہوا تھا جو خچر مقوقس نے نبی کریم کی خدمت میں بھیجا تھا۔ تو رسول اللہ نے اسے عموم آیت سے فتوی دیا تھا۔ بیشک حمار میں کثیر ذرات کا وزن ہے، یہ ابن عربی کا قول ہے۔

موطا میں ایک روایت ہے : ایک مسکین نے ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ سے کھانا طلب کیا جبکہ ان کے سامنے انگور موجود تھے، آپ نے ایک انسان سے کہا : اس سے ایک دانان لو اسے دے دو ۔ وہ آدمی اس دانے کو دیکھنے لگا اور متعجب ہونے لگا۔ حضرت عائشہ صدیقہ نے پوچھا : کیا تو تعجب کا اظہار کرتا ہے تو اس دانے میں کتنے مثقال ذرہ دیکھتا ہے ؟

حضرت سعد بن وقاص سے مروی ہے کہ آپ نے دو کھجوریں صدقہ کیں تو سائل نے اپنا ہاتھ کھینچ لیا۔ حضرت سعد نے سائل سے فرمایا : اللہ تعالیٰ ہم سے ذرہ برابر قبول فرما لیتا ہے جبکہ دو کھجوروں میں بہت سے ذرات کے وزن ہوتے ہیں۔

مطلب بن حنطب نے روایت نقل کی ہے کہ ایک بدو نے نبی کریم کو یہ آیت پڑھتے ہوئے سنا اس نے عرض کیا : یا رسول اللہ کیا ذرہ کے وزن برابر، فرمایا : ہاں۔ بدو نے کہا : واسواتاہ اس نے یہ کلمہ بار بار کہا پھر وہ یہ کہتے ہوئے اٹھ کر چلا گیا نبی کریم نے اسے فرمایا : لقد دخل قلب الاعرابی الایمان، بدو کے دل میں ایمان داخل ہوگیا۔

حضرت حسن بصری نے کہا : فرزدق کا چچا حضرت صعصعہ نبی کریم کی خدمت میں حاضر ہوا جب اس نے فمن یعمل مثقال ذرۃ آیت سنی تو اس نے کہا : اب مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں کہ میں اس کے علاوہ قرآن نہ سنوں۔ یہ میرے لیے کافی ہے، نصیحت ختم ہوچکی، یہ ثعلبی نے ذکر کیا۔ ماوردی کے الفاظ یہ ہیں کہ حضرت صعصعہ بن ناجیہ نبی کریم کی خدمت میں حاضر ہوا، تاکہ قرآن سنے تو نبی کریم نے اسے یہ آیت پڑھ کر سنائی تو صعصعہ نے کہا : میرے لیے کافی ہے میرے لیے کافی ہے، اگر میں ذرہ برابر برائی کروں گا تو اسے دیکھ لوں گا۔

معمر نے زید بن اسلم سے روایت نقل کی ہے کہ ایک آدمی نبی کریم کی خدمت میں حاضر ہوا اس نے عرض کی : مجھے وہ کچھ سکھایئے جو اللہ تعالیٰ نے آپ کو سکھایا ہے۔ حضور نے اسے ایک آدمی کے پاس بھیجا جو اسے تعلیم دے تو اس نے اسے سورة اذا زلزلت کی تعلیم دی یہاں تک کہ وہ اس آیت تک پہنچا تو اس نے کہا : میرے لیے کافی ہے تو نبی کریم کو خبر دی گئی تو نبی کریم نے فرمایا : دعوہ فانہ قد فقہ اسے چھوڑ دو وہ فقیہ ہوچکا ہے۔ یہ حکایت بیان کی جاتی ہے کہ خیرا یرہ کو موخر کیا تو اسے کہا گیا تو نے تقدیم و تاخیر کردی ہے، تو اس نے کہا :

خذا بطن ھرشی اوقفاھا فانہ۔۔۔ کلا جانبی ھرشی لھن طریق

تم دونوں ہر شے کے بطن سے یا اس کے قفا کو اپناؤ ہر شی کے دونوں جانب اس تک پہنچنے کا راستہ ہے۔

Al-Qurtubi - Az-Zalzala 99:7