Ruh-ul-Quran - An-Nahl : 19
وَ اللّٰهُ یَعْلَمُ مَا تُسِرُّوْنَ وَ مَا تُعْلِنُوْنَ
وَاللّٰهُ : اور اللہ يَعْلَمُ : جانتا ہے مَا تُسِرُّوْنَ : جو تم چھپاتے ہو وَمَا : اور جو تُعْلِنُوْنَ : تم ظاہر کرتے ہو
اور اللہ جانتا ہے جو تم چھپاتے ہو اور جو تم ظاہر کرتے ہو۔
وَاللّٰہُ یَعْلَمُ مَاتُسِرُّوْنَ وَمَا تُعْلِنُوْنَ ۔ (سورۃ النحل : 19) (اور اللہ تعالیٰ جانتا ہے جو تم چھپاتے ہو اور جو تم ظاہر کرتے ہو۔ ) مشرکین کو وعید یہ مشرکینِ مکہ کے لیے وعید ہے۔ انھیں تنبیہ کی جارہی ہے کہ تمہاری ساری نافرمانیوں اور اذیت رسانیوں کے باوجود اللہ تعالیٰ کا تم پر عذاب نہیں آیا حالانکہ تم بار بار اس کا تمسخر بھی اڑا چکے ہو تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ تمہاری یہ حرکتیں اللہ تعالیٰ کے علم میں نہیں۔ جو کچھ تم ہمارے پیغمبر ﷺ کے ساتھ علانیہ کررہے ہو وہ تو سب کے سامنے ہے، اس سے تو مکہ کا بچہ بچہ واقف ہے۔ اللہ تعالیٰ تو تمہارے منصوبوں سے بھی واقف ہے اور تمہاری سازشوں کو بھی جانتا ہے جو تم پیغمبر ﷺ اور اس کی پیش کردہ دعوت کو ناکام کرنے کے لیے کررہے ہو۔ اس نے اگر ابھی تک گرفت نہیں کی تو اس کا سبب یہ نہیں کہ وہ ان باتوں سے بیخبر ہے اس کا سبب تو صرف یہ ہے کہ اس نے تمہیں مہلت دے رکھی ہے تاکہ تم اگر سنبھلنا چاہو تو سنبھل جاؤ، لیکن تمہاری کوئی حرکت اس کے علم سے باہر نہیں، اس کے ہر کام کا ایک وقت مقرر ہے، جب وہ وقت آئے گا تو پھر اس کی گرفت میں تاخیر نہیں ہوگی۔
Top