Ruh-ul-Quran - Al-Qasas : 84
مَنْ جَآءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهٗ خَیْرٌ مِّنْهَا١ۚ وَ مَنْ جَآءَ بِالسَّیِّئَةِ فَلَا یُجْزَى الَّذِیْنَ عَمِلُوا السَّیِّاٰتِ اِلَّا مَا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ
مَنْ جَآءَ : جو آیا بِالْحَسَنَةِ : نیکی کے ساتھ فَلَهٗ : تو اس کے لیے خَيْرٌ مِّنْهَا : اس سے بہتر وَمَنْ : اور جو جَآءَ : آیا بِالسَّيِّئَةِ : برائی کے ساتھ فَلَا يُجْزَى : تو بدلہ نہ ملے گا الَّذِيْنَ : ان لوگوں کو جنہوں نے عَمِلُوا السَّيِّاٰتِ : انہوں نے برے کام کیے اِلَّا : مگر۔ سوا مَا : جو كَانُوْا يَعْمَلُوْنَ : وہ کرتے تھے
جو کوئی نیکی کما کر لائے گا تو اس کے لیے اس سے بہتر صلہ ہے اور جو برائی لے کر آئے گا تو برائیاں کمانے والوں کو وہی بدلہ ملے گا جو وہ کرکے آئیں گے
مَنْ جَآئَ بِالْحَسَنَۃِ فَلَہٗ خَیْرٌمِّنْھَا ج وَمَنْ جَآئَ بِالسَّیِّئَۃِ فَلاَ یُجْزَی الَّذِیْنَ عَمِلُوا السَّیِّاٰتِ اِلاَّ مَاکَانُوْا یَعْمَلُوْنَ ۔ (القصص : 84) (جو کوئی نیکی کما کر لائے گا تو اس کے لیے اس سے بہتر صلہ ہے اور جو برائی لے کر آئے گا تو برائیاں کمانے والوں کو وہی بدلہ ملے گا جو وہ کرکے آئیں گے۔ ) آخرت میں جزاء و سزا کا طریقہ اس آیت کریمہ میں جزاء اور سزا کا وہ قانون بیان فرمایا گیا ہے جس پر آخرت میں عمل ہوگا۔ پہلی بات یہ ارشاد فرمائی ہے کہ نیکوں کے ساتھ اللہ تعالیٰ جو معاملہ فرمائیں گے اس کی بنیاد اس کے فضل پر ہوگی۔ مطلب اس کا یہ ہے کہ نیکی کا صلہ نیکی کے تول کے برابر نہیں ہوگا۔ کیونکہ برابر ہونے کا مطلب یہ ہے کہ جیسی نیکی کی گئی ہو بالکل ویسا ہی اس کا صلہ دیا جائے۔ بلکہ اللہ تعالیٰ کا کرم یہ ہوگا کہ وہ اپنے فضل کو بنیاد بنا کر زیادہ سے زیادہ صلہ عطا فرمائے گا۔ قرآن کریم کی دوسری آیات سے معلوم ہوتا ہے کہ فضل کی شرح عمل کی نسبت دس گنا زیادہ ہوگی، یعنی آدمی ایک نیکی کرے گا اور اس کا بدلہ اسے دس نیکیوں کے برابر ملے گا۔ لیکن یہ کم سے کم معاوضہ ہے۔ تقویٰ اور اخلاص میں اضافے کے ساتھ اس معاوضے میں بھی اضافہ ہوتا جائے گا جس کی کوئی انتہاء نہیں۔ دوسری بات یہ ارشاد فرمائی گئی ہے کہ جو شخص دنیا میں برائی ہی کے چلن کو اختیار کرے گا تو اللہ تعالیٰ اسے ناراض ہو کر ہر طرح کے معاوضے سے محروم نہیں فرمائیں گے بلکہ اس کے ساتھ عدل کے مطابق معاملہ فرمائیں گے۔ یعنی جو کچھ اس نے کیا ہوگا اور جیسا کچھ کیا ہوگا اس کا ثمرہ اس کے آگے رکھ دیا جائے گا۔ اور اسے بتادیا جائے گا کہ یہ تمہاری ہی کاشت کی ہوئی فصل کا حاصل ہے، تمہاری اپنی ہی پیداوار ہے، اب اس کا مزہ چکھو۔
Top