Tadabbur-e-Quran - At-Tur : 6
وَ الْبَحْرِ الْمَسْجُوْرِۙ
وَالْبَحْرِ : اور سمندر کی الْمَسْجُوْرِ : جو موجزن ہے
اور لبریز سمندر
والبحر المسجور (6) سجر کے معنی بھرنے کے ہیں۔ سجر الرجل التنور تنور کو ایندھن سے بھر دیا۔ سجر الماء النھر پانی نے نہر کو لبریز کردیا۔ (سمندر کی شہادت)۔۔ زمین اور آسمان کی شہادت کے بعد یہ زمین کی ایک سب سے بڑی نشانی سمندر کی قسم کھائی۔ یہ امر یہاں ملحوظ ہے کہ قرآن کے دوسرے مقامات میں بھی زمین اور آسمان کی نشانیوں کا حوالہ دینے کے بعد سمندر کی نشانیوں کا ذکر آیا ہے، ملاحظہ ہوں سورة رحمن کی آیت 10۔ 24 ان آیات پر غور کیجئے تو معلوم ہوگا کہ زمین و آسمان کی نشانیوں میں سے سمندر اپنے اندر خدا کی توحید، اس کی قدرت، اس کی ربوبیت اور اس کی جزاء و سزا کے اتنے شواہد رکھتا ہے کہ انسان ان کو شمار نہیں کرسکتا۔ ان شواہد کی تفصیل اس کتاب میں جگہ جگہ ہم کرتے آ رہے ہیں۔ ان بحثوں کو ان کے محل میں دیکھے۔ بعض اہم امور سورة رحمن کی تفسیر میں بھی انشاء اللہ زیر بحث آئیں گے۔ یہاں سورة کے عمود اور مقسم علیہ کے تعلق سے اتنی بات یاد رکھیے کہ ان قسموں کے بعد جس عذاب سے ڈرایا گیا ہے اس کی تاریخی شہادت قوم نوح کے واقعہ میں بھی موجود ہے اور قوم فرعون کے واقعہ میں بھی یہ دونوں قومیں سمندر ہی کے عذاب میں گرفتار ہوئیں جس کی تفصیلات تورات میں بھی موجود ہیں اور قرآن میں بھی۔۔۔۔۔
Top