Tadabbur-e-Quran - Al-A'raaf : 180
وَ لِلّٰهِ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰى فَادْعُوْهُ بِهَا١۪ وَ ذَرُوا الَّذِیْنَ یُلْحِدُوْنَ فِیْۤ اَسْمَآئِهٖ١ؕ سَیُجْزَوْنَ مَا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ
وَلِلّٰهِ : اور اللہ کے لیے الْاَسْمَآءُ : نام (جمع) الْحُسْنٰى : اچھے فَادْعُوْهُ : پس اس کو پکارو بِهَا : ان سے وَذَرُوا : اور چھوڑ دو الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو يُلْحِدُوْنَ : کج روی کرتے ہیں فِيْٓ اَسْمَآئِهٖ : اس کے نام سَيُجْزَوْنَ : عنقریب وہ بدلہ پائیں گے مَا : جو كَانُوْا يَعْمَلُوْنَ : وہ کرتے تھے
اور اللہ کے لیے تو صرف اچھی ہی صفتیں ہیں تو انہیں سے اس کو پکارو اور ان لوگوں کو چھوڑو جو اس کی صفات کے باب میں کجروی اختیار کر رہے ہیں۔ وہ جو کچ کر رہے ہیں، عنقریب اس کا بدلہ پائیں گے
وَلِلّٰهِ الْاَسْمَاۗءُ الْحُسْنٰى فَادْعُوْهُ بِهَا ۠ وَذَرُوا الَّذِيْنَ يُلْحِدُوْنَ فِيْٓ اَسْمَاۗىِٕهٖ ۭ سَيُجْزَوْنَ مَا كَانُوْا يَعْمَلُوْنَ۔ یہ آیت، اوپر آیت 172 میں توحید کا عہد فطرت ہونا جو بیان ہوا ہے، اس سے متعلق ہے، بیچ میں ان لوگوں کا ذکر آگیا تھا جنہوں نے اللہ کی آیات کی قدر نہیں کی اور خدا کی طرف سے نہایت اعلی صلاحیتیں پا کر اندھے بہرے بن گئے۔ اب یہ فرمایا کہ اللہ کے لیے صرف اچھی ہی صفتیں اور اچھے ہی نام ہیں تو اس کو انہیں صفتوں سے پکارو اور ان لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑو، جو صفات الٰہی کے باب میں گمراہی کی روش اختیار کیے ہوئے ہیں، اس کے شریک ٹھہراتے ہیں یا اس کے بیٹے بیٹیاں مانتے ہیں۔ یہ باتیں خدا کی صفات الوہیت، اس کی شان یکتائی، اس کی قدرت، اس کی بےنیازی اور اس کے علم کی نفی کرنے والی ہیں۔ خدا کو صرف انہی صفت سے متصفت کرنا چاہیے جن کا اس کی الوہیت اور اس کی بےہمگی اور بےہمتائی کے ساتھ جوڑ ہوسکے، کوئی ایسی صفت اس کی طرف منسوب نہیں کرنی چاہیے جو خالق کو مخلوقات کی صف میں لا کر کھڑا کردے۔ الحاد کا لفظ یہاں صفات الٰہی کی بےحرمتی کے مفہوم میں استعمال ہوا ہے۔ عربی میں اگر کہیں فلان الحد فی الحرم تو اس کے معنی ہوں گے استحل حرمتہ وانتھکھا، یلحدون فی اسمائہ کے معنی ہوئے جو خدا کی صفات کی بےحرمتی و بےتوقیری کرتے ہیں یعنی اس کے ساتھ ایسی صفات کا جوڑ لگاتے ہیں جو اس کی ذات وصفات کی اہانت کرنے والی ہیں اور جن سے وہ پاک و برتر ہ۔ یہ جو فرایا کہ ‘ ان کو چھوڑو ’ تو اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ اگر نہیں مانتے تو ان کا معاملہ اللہ کے حوالہ کرو۔ سیجزون ما کانوا یعمولم یہ جو کچھ کر رہے ہیں اس کی سزا عنقریب خود بھگتیں گے۔
Top