Urwatul-Wusqaa - Al-Fath : 19
وَّ مَغَانِمَ كَثِیْرَةً یَّاْخُذُوْنَهَا١ؕ وَ كَانَ اللّٰهُ عَزِیْزًا حَكِیْمًا
وَّمَغَانِمَ : اور غنیمتیں كَثِيْرَةً : بہت سی يَّاْخُذُوْنَهَا ۭ : انہوں نے وہ حاصل کیں وَكَانَ : اور ہے اللّٰهُ : اللہ عَزِيْزًا : غالب حَكِيْمًا : حکمت والا
اور بہت سی غنیمتیں بھی (عطا کیں) جن سے وہ سرفراز ہوتے رہے اور اللہ زبردست حکمت والا ہے
بعض سرایا و غزوات میں دشمنوں سے بہت نتائج حاصل ہونے کی پیش گوئی 19 ؎ فتح مکہ کی اطلاع کے بعد ایک مزید فتح کی پیش گوئی بیان کی جا رہی ہے کہ فتح مکہ کے علاوہ مسلمانوں کو ایک ایسی فتح بھی نصیب ہوگی جس میں مسلمانوں کو اتنا مال غنیمت حاصل ہوگا کہ ان کی ساری خشکی دور ہوجائے گی اور ایسا معلوم ہوگا کہ یہ لوگ مسلمانوں ہی کی خاطر یہ مال جمع کرتے رہے تھے۔ زیر نظر آیت میں جن اموال غنیمت کی طرف اشارہ دیا گیا ہے یہ اشارہ بلاشبہ جنگ خیبر پر ہی صادق آتا ہے کیونکہ جو اموال جنگ خیبر سے مسلمانوں کو ملے وہ اگر اکٹھے کیے جائیں تو اس سے پہلے جتنی جنگیں ہوئیں ان سب کی غنائم اکٹھی کی جائیں تو بھی خیبر سے ملنے والے غنائم کا پلہ بھاری ہی رہے گا اور لاریب اس مال غنیمت نے مسلمانوں کی ساری خشکیاں دور کردیں اور بیت المال میں بھی بہت سا مال جمع ہوگیا ویسے تو اموال سے کوئی شخص کبھی سری نہیں ہوا اور نہ ہی ہو سکتا ہے لیکن جہاں تک ضرویات کا تعلق ہی ان کو پورا کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رہی۔ جنگِ خیبر اور اموال خیبر کی تقسیم کی تفصیلات کا یہ مقام نہیں ہے اس کو دیکھنا مقصود ہو تو کسی سیرت یا تاریخ کی کتاب کو دیکھ لیں۔ فرمایا ہم نے تم کو غنائم کی کثرت کی خبر دے دی ہے اور وہ تم کو یقینا حاصل ہوں گی اور اللہ تعالیٰ اپنے احکام کو پورا کرنے میں سب پر غالب آنے والا اور سب داناؤں سے زیادہ دانا ہے اس کی تدبیر کو کوئی نہیں جو روک سکے۔
Top