Urwatul-Wusqaa - Al-Hajj : 14
اِنَّ اللّٰهَ یُدْخِلُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ یَفْعَلُ مَا یُرِیْدُ
اِنَّ : بیشک اللّٰهَ : اللہ يُدْخِلُ : داخل کرے گا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا : وہ جو لوگ ایمان لائے وَ : اور عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ : انہوں نے درست عمل کیے جَنّٰتٍ : باغات تَجْرِيْ : بہتی ہیں مِنْ تَحْتِهَا : ان کے نیچے سے الْاَنْهٰرُ : نہریں اِنَّ : بیشک اللّٰهَ : اللہ يَفْعَلُ : کرتا ہے مَا يُرِيْدُ : جو وہ چاہتا ہے
جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل بھی کیے تو ضرور اللہ انہیں ایسے باغوں میں پہنچا دے گا جن کے تلے نہریں بہہ رہی ہوں گی بلاشبہ اللہ جو چاہتا ہے کرتا ہے
ایمان لانے والوں اور نیک عمل کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ جنت میں پہنچا دے گا : 14۔ بلاشبہ جو لوگ اس کی رضا کے لئے ایمان لاتے اور اچھے عمل کرتے ہیں اللہ تعالیٰ کا ان سے وعدہ ہے کہ وہ ان کو ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی انہوں نے دنیا کے عیش و آرام کو رضائے الہی کے لئے قربان کیا اور جس کی چاہت ان کے دل میں تھی وہ یقینا ان کو میسر ہوگئی یعنی وہ مراد کو پہنچے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا مندی ان کو حاصل ہوگئی ۔ بلاشبہ قانون الہی میں مشرک کو سزا دینا اور مومن کو جزا دینا طے ہے اور کوئی نہیں جو اس کے کئے گئے فیصلے کو نافذ ہونے سے روک دے اس کے قانون کو رد نہیں کیا جاسکتا وہ صاحب قوت واقتدار ہے اور ذوالجلال والاکرام نہ اپنے فیصلوں کو بدلتا ہے اور نہ کسی کو اپنے فیصلے بدلنے دیتا ہے ۔ وہ جو چاہتا ہے کرتا ہے اس لئے جو وعدے اس نے کئے ہیں وہ اپنی رضا ومرضی ہی سے کیے ہیں اور ان کے پورا کرنے کا جو اعلان کیا ہے وہ بھی اپنی رضا ومرضی سے ہی کیا ہے ۔
Top