Urwatul-Wusqaa - Ash-Shu'araa : 178
اِنِّیْ لَكُمْ رَسُوْلٌ اَمِیْنٌۙ
اِنِّىْ : بیشک میں لَكُمْ : تمہارے لیے رَسُوْلٌ : رسول اَمِيْنٌ : امانت دار
میں تمہارے لیے ایک دیانتدار رسول ہوں
شعیب (علیہ السلام) نے کہا کہ میں تمہارے لئے ایک امانت دار رسول ہوں : 178۔ شعیب (علیہ السلام) نے قوم کو باور کرایا کہ اے میری قوم کے لوگو ! میں جو کچھ تم کو کہتا ہوں یہ میرا ذاتی کہنا نہیں بلکہ مجھے اللہ رب العزت نے رسول بنا کر تمہارے پاس بھیجا ہے کہ میں تم کو ان سارے اخلاق سے گرے ہوئے کاموں سے روکوں اور منع کروں اور تم کو یاد دلاؤں کہ تم نے اس دنیا میں ہمیشہ نہیں رہنا ہے بلکہ یہاں سے کوچ بھی کرنا ہے اور یہاں جو کچھ تم نے کیا ہوگا اس کا جواب بھی دینا ہے اس لئے تم کفر وشرک سے باز آؤ اور ایک اللہ کی عبادت کرو اس کے علاوہ کوئی پرستش کے قابل نہیں ہے اور خریدوفروخت میں ناپ تول کو پورا رکھو اور لوگوں کے ساتھ معاملات میں کھوٹ نہ کرو ۔ اے میری قوم کے لوگو ! ذرا اس بات پر بھی غور کرو کہ جن لوگوں نے اس اللہ کی زمین پر فساد پھیلانے کا شیوہ اختیار کیا تھا ان کا انجام کس قدر عبرت ناک ہوا اور اگر تم نے دی کچھ کیا جو وہ کرتے رہے تو ظاہر ہے کہ تم بھی اسی نتیجہ سے دوچار ہو گے جس سے وہ ہوچکے ، لیکن شعیب (علیہ السلام) کی ان باتوں کا قوم پر کوئی اثر نہ ہوا اور چند کمزور اور ناتواں لوگوں کے سوا کسی نے بھی پیغام حق پر کان نہ دھرا خود بھی اسی طرح بداعمال رہے اور دوسروں کی راہ بھی مارتے رہے ۔
Top