Urwatul-Wusqaa - Ash-Shu'araa : 181
اَوْفُوا الْكَیْلَ وَ لَا تَكُوْنُوْا مِنَ الْمُخْسِرِیْنَۚ
اَوْفُوا : تم پورا کرو الْكَيْلَ : ماپ وَلَا تَكُوْنُوْا : اور نہ ہو تم مِنَ : سے الْمُخْسِرِيْنَ : نقصان دینے والے
ماپ پورا کیا کرو اور نقصان پہنچانے والوں میں نہ ہو جاؤ
حضرت شعیب (علیہ السلام) نے کہا ماپ کو پورا کرو اور نقصان پہنچانے والوں میں سے نہ ہوجاؤ : 181۔ حضرت شعیب (علیہ السلام) نے قوم کو ہدایت دیتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ اے میری قوم کے لوگو ! ناپ تول کو پورا رکھو اور لوگوں نے ساتھ معاملات میں کھوٹ نہ رکھو کل تک ممکن ہے کہ تم کو ان بداخلاقیوں کا حال معلوم نہ ہوا ہو مگر آج تو تمہارے پاس اللہ تعالیٰ کی طرف سے دلیل اور برہان آچکی اب جہل ونادانی عفو و درگزر کے قابل نہیں ہے ۔ حق کو قبول کرو اور باطل سے باز آؤ کہ یہی کامیابی و کامرانی کی راہ ہے اور اللہ رب ذوالجلال والاکرام کی اس زمین پر فتنہ و فساد بپا نہ کرو جب کہ اللہ تعالیٰ نے اس کی اصلاح کے اور اس کی خیر کے تمام سامان مہیا کردیئے ہیں اگر تم میں ایمان ویقین کی صداقت موجود ہے تو سمجھو کہ یہی فلاح وبہبودی کی راہ ہے اور دیکھو ایسا نہ کرو کہ دعوت حق کی راہ کو روکنے اور لوگوں کو لوٹنے کے لئے ہر راہ پر جا بیٹھو اور جو آدمی بھی ایمان کی دعوت کو قبول کرے اس کو اللہ تعالیٰ کی راہ اختیار کرنے پر دھمکیاں دینے لگو اور اس میں کج روی پیدا کرنے کے درپے نہ ہوجاؤ ۔ اے افراد قوم ! اس وقت کو یاد کرو اور اللہ کا احسان مانو کہ تم بہت ہی تھوڑے تھے اور اس نے تم کو امن و عافیت دے کر تمہاری تعداد کو کئی گنا بڑھا دیا ۔
Top