Urwatul-Wusqaa - An-Naml : 36
فَلَمَّا جَآءَ سُلَیْمٰنَ قَالَ اَتُمِدُّوْنَنِ بِمَالٍ١٘ فَمَاۤ اٰتٰىنَِۧ اللّٰهُ خَیْرٌ مِّمَّاۤ اٰتٰىكُمْ١ۚ بَلْ اَنْتُمْ بِهَدِیَّتِكُمْ تَفْرَحُوْنَ
فَلَمَّا : پس جب جَآءَ : آیا سُلَيْمٰنَ : سلیمان قَالَ : اس نے کہا اَتُمِدُّوْنَنِ : کیا تم میری مدد کرتے ہو بِمَالٍ : مال سے فَمَآ : پس جو اٰتٰىنِۦ اللّٰهُ : مجھے دیا اللہ نے خَيْرٌ : بہتر مِّمَّآ : اس سے جو اٰتٰىكُمْ : اس نے تمہیں دیا بَلْ : بلکہ اَنْتُمْ : تم بِهَدِيَّتِكُمْ : اپنے تحفہ سے تَفْرَحُوْنَ : خوش ہوتے ہو
پھر جب (ملکہ کا قاصد) سلیمان کے پاس پہنچا تو اس نے کہا کہ تم مال سے میری مدد کرنا چاہتے ہو مجھے جو اللہ نے دیا ہے وہ اس سے کہیں بہتر ہے جو تم کو دیا ہے بلکہ اپنے ہدیہ سے تم ہی خوش رہو
یہ سفارت جب سلیمان (علیہ السلام) کے پاس پہنچی تو اس نے کہا اچھا تم مجھے مدد دینا چاہتے ہو : 36۔ جب وہ حضرت سلیمان (علیہ السلام) کے پاس پہنچی تو انہوں نے ان لوگوں کو مخاطب کرکے فرمایا کہ میں نے تو ان کو دعوت اطاعت واسلام کی دی تھی اور وہ لوگ بغیراطاعت قبول کئے اور بغیر دین اسلام تسلیم کیے میری مددومال و دولت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں اور اس طرح کی دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہتے ہیں کہ میرا ملک بھی ایسے گندے خیالات سے بھر جائے جیسے ان لوگوں کے ہیں اور پھر جب میرے پاس اللہ کے فضل و کرم سے دنیوی مال و منال بھی بہت ہے اور میرے ملک کے عقائد بھی ان سے زیادہ بہتر ہیں تو آخر میں ان چیزوں کو کیوں قبول کروں گا کیا ان کے خیال میں ‘ میں دنیا کا طالب ہوں اور اس طرح کا پیغام بھیج کر میں ان سے دنیا حاصل کرنا چاہتا ہوں ، ان لوگوں کا اندازہ اگر اس طرح کا ہے تو وہ یقینا صحیح نہیں ہے اور میں ان کے اس طرح کے ہدیہ سے نہ تو خوش ہوں اور نہ ہی ایسا ہدیہ اور تحفہ میں قبول کرنے کے لئے تیار ہوں بلکہ یہ سب کچھ اسی طرح واپس جائے گا اور میری طرف یہی اعزاز ہے کہ میں ان لوگوں کی ہرچیز کو بطور امانت واپس کروں اور ان کو اطلاع دے دوں کہ جو کچھ تم نے اندازہ لگایا ہے وہ صحیح نہیں ہے اور میرے نزدیک ان چیزوں کی کوئی حقیقت نہیں نہ تو میں حسن پرست ہوں اور نہ دولت پرست ہوں اور میرا پیغام ان تک پہنچا دو جب تم واپس جاؤ گے ، ہاں ان لوگوں کو دربار میں ٹھہرایا اور چند دن ان کو مہمان رکھا ان کی عزت و تکریم کی اور ان کے سامنے اپنی مہمانی کا خوب مظاہرہ کیا اور جو کیا سب کچھ دائرہ اور حدود کے اندر رہ کر کیا کوئی ایسا شو نہیں دکھایا جس سے اپنی روایات متاثر ہوں ۔
Top