Urwatul-Wusqaa - Az-Zukhruf : 80
اَمْ یَحْسَبُوْنَ اَنَّا لَا نَسْمَعُ سِرَّهُمْ وَ نَجْوٰىهُمْ١ؕ بَلٰى وَ رُسُلُنَا لَدَیْهِمْ یَكْتُبُوْنَ
اَمْ يَحْسَبُوْنَ : یا وہ سمجھتے ہیں اَنَّا : بیشک ہم لَا نَسْمَعُ : نہیں ہم سنتے سِرَّهُمْ : ان کی راز کی باتیں وَنَجْوٰىهُمْ : اور ان کی سرگوشیاں بَلٰى : کیوں نہیں وَرُسُلُنَا : اور ہمارے بھیجے ہوئے لَدَيْهِمْ يَكْتُبُوْنَ : ان کے پاس لکھ رہے ہیں
کیا ان لوگوں کا خیال ہے کہ ہم ان کی سرگوشیاں اور مشورے نہیں سنتے ؟ ہاں ! کیوں نہیں ہمارے بھیجے ہوئے ان کے پاس ہی لکھتے جاتے ہیں
کیا ان کا یہ خیال ہے کہ ہم ان کی سرگوشیوں سے ناواقف ہیں ؟ 80 ؎ نبی اعظم وآخر ﷺ کے مخالفین ومعاندین کو مخاطب کرکے فرمایا جارہا ہے کہ کیا تم لوگ یہ خیال کر بیٹھے ہو کہ جو باتیں تم چھپ چھپ کر کر رہے ہو ان کا ہمیں علم نہیں ہے اس لیے جو پروگرام تم بنا رہے ہو اس میں تم کامیاب ہوجائو گے ، نہیں اور ہرگز نہیں یہ تمہاری بھول ہے۔ تمہاری ہر حرکت ہمارے پاس نوٹ کی جارہی ہے اور ہمارے بھیجے ہوئے فرشتے تمہاری ساری اسکیموں کو محفوظ کر رہے ہیں اور یہ کہ تمہاری ہر بات کا ریکارڈ ہمارے ہاں محفوظ ہے اور عین ممکن ہے کہ تم ایک بات یا کام کرکے بھول جائو لیکن ریکارڈ سے وہ حذف نہیں کیا جاسکتا اور یہ بھی کہ ہم تمہارے سینوں کے رازوں سے بھی واقف ہیں اس لیے تمہارا کوئی راز ہم سے پوشیدہ نہیں ہے پھر اس سے بڑھ کر جب ہم تمہارے خالق ہیں تو جو کچھ تمہاری تخلیق میں ہم نے داخل کیا ہے کیا وہ ہم سے پوشیدہ ہے ؟ پھر تم ہی بتائو کہ جب تمہاری کوئی حرکت بھی ہم سے پوشددہ نہیں ہے پھر اس سے بڑھ کر جب ہم تمہارے خالق ہیں تو جو کچھ تمہاری تخلیق میں ہم نے داخل کیا ہے کیا وہ ہم سے پوشیدہ ہے ؟ پھر تم ہی بتائو کہ جب تمہاری کوئی حرکت بھی ہم سے پوشیدہ نہیں رہ سکتی اور نہ ہی تم اس کو پوشیدہ رکھ سکتے ہو تو پھر تمہاری ان حرکتوں کا نقصن کس کو پہنچے گا۔ ظاہر ہے کہ تم ہی ہو کہ تم اپنا اعمال نامہ خواہ مخواہ سیاہ کر رہے ہو۔
Top