صحابۂ کرام ؓکی دینِ اسلام کی نصرت کے لئے کوشش کرنا
حضرات انصار ؓ کا دینی عزت پر فخر کرنا
حضرت انسؓ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ قبیلہ اَوس اور قبیلہ خزرج ایک دوسرے پر فخر کرنے لگے۔ اَوس نے کہا: ہم میں سے وہ صحابی ہیں جن کو فرشتوں نے غسل دیا تھا وہ حضرت حنظلہ بن راہب ؓ ہیں۔ اور ہم میں سے وہ صحابی بھی ہیں جن کی (موت کی) وجہ سے عرش بھی ہل گیا تھا اور وہ حضرت سعد بن معاذؓ ہیں۔ اور ہم میں سے وہ صحابی بھی ہیں جن کی (لاش کی) حفاظت شہد کی مکھیوں کے ایک غول نے کی تھی اور وہ حضرت عاصم بن ثابت بن ابی افلح ؓ ہیں۔ اور ہم میں سے وہ بھی ہیں جن کی اکیلے کی گواہی دو آدمیوں کی گواہی کے برابر قرار دی گئی ہے اور وہ حضرت خزیمہ بن ثابت ؓ ہیں۔ (اس پر ) قبیلہ خزرج نے کہا: ہم میںسے چار آدمی ایسے ہیں جنھوں نے حضور ﷺ کے زمانے میں مکمل قرآن حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی جو اُن کے علاوہ اور کسی کو حاصل نہ ہوسکی اور وہ (چار حضرات) یہ ہیں: حضرت زید بن ثابت، حضرت اُبی بن کعب، حضرت معاذ بن جبل اور حضرت ابو زید ؓ۔3