صحابہ کرام ؓ کا اللہ کے راستے میں خرچ کرنا

حضرت صُہَیب رومی ؓ کا کھانا کھلانا

حضرت صُہَیب ؓ فرماتے ہیں: میں نے حضور ﷺ کے لیے کچھ کھانا تیار کیا۔ میں آپ کے پاس آیا۔ آپ کچھ لوگوں میں بیٹھے ہوئے تھے۔ میںآپ کے سامنے جا کر کھڑا ہوگیا اور میں نے آپ کو اشارہ کیا (کہ کھانے کے لیے تشریف لے چلیں)۔ تو حضور ﷺ نے مجھے اشارہ کر کے پوچھا کہ یہ لوگ بھی (کھانے کے لیے ساتھ چلیں؟) میں نے کہا: نہیں۔ حضور ﷺ خاموش ہوگئے۔ میں اپنی جگہ کھڑا رہا۔ حضور ﷺ نے جب دوبارہ مجھے دیکھا تو میں نے حضور ﷺ کو اشارہ کیا تو حضور ﷺ نے فرمایا: اور یہ لوگ بھی؟ میں نے کہا: نہیں۔ حضور ﷺ نے اس طرح دو یا تین مرتبہ فرمایا تو میں نے کہا: اچھا، یہ لوگ بھی (آجائیں)۔ وہ تھوڑا سا کھانا تھا جسے میں نے حضور ﷺ کے لیے تیار کیا تھا۔ چناںچہ حضور ﷺ بھی تشریف لائے اور آپ کے ساتھ وہ لوگ بھی آئے اور ان سب نے کھایا ( اللہ نے اتنی برکت عطا فرمائی کہ) کھانا پھر بھی بچ گیا۔ 2