صحابہ کرام ؓ کا اللہ کے راستے میں خرچ کرنا
حضرت عبد الرحمن بن عوف ؓ کا مال تقسیم کرنا
حضرت اُمّ بکر بنتِ مسور ؓ کہتی ہیں: حضرت عبد الرحمن بن عوف ؓ نے اپنی ایک زمین چالیس ہزار دینار میں بیچی اور یہ ساری رقم قبیلہ بنو زہرہ، غریب مسلمانوں، مہاجرین اور حضور ﷺ کی ازواجِ مطہّرات میں تقسیم کر دی۔ اس میں سے کچھ رقم حضرت عائشہ ؓ کی خدمت میں بھیجی۔ انھوں نے پوچھا: یہ مال کس نے بھیجا ہے؟ میں نے کہا: حضرت عبد الرحمن بن عوف نے۔ پھر مال لے جانے والے نے حضرت عبد الرحمن بن عوف کے زمین بیچنے اور اس کی قیمت ساری تقسیم کر دینے کا قصہ بیان کیا۔ اس پر حضرت عائشہ نے فرمایا کہ حضور ﷺ نے فرمایا تھا کہ میرے بعد تم ازواجِ مطہّرات کے ساتھ شفقت کا معاملہ صرف صابر لوگ ہی کریں گے۔ (پھر حضرت عائشہ ؓ نے دعا دی) اللہ تعالیٰ عبد الرحمن بن عوف کو جنت کے سلسبیل چشمے سے پلائے۔1
حضرت جعفربن بُرقان ؓکہتے ہیں: مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ حضرت عبد الرحمن بن عوف ؓ نے تیس ہزار گھرانے آزاد کیے۔ (ایک روایت یہ ہے کہ تیس ہزار باندیاں آزاد کیں) 2