نکاح میں حضورﷺ اور آپ کے صحابہؓ کا طریقہ
حضرت ابو الدرداءؓ کا نکاح
حضرت ثابت بنانی ؓکہتے ہیں کہ حضرت ابو الدرداءؓ حضرت سلمانؓ کے ساتھ قبیلہ بنو لیث کی ایک عورت سے حضرت سلمان کی شادی کا پیغام دینے گئے۔ اور (گھر کے) اندر جا کر حضرت سلمان کے فضائل اور ان کے شروع میں مسلمان ہونے اور ان کے اسلام لانے کے واقعات تفصیل سے بیان کیے اور انھیں بتایا کہ حضرت سلما ن ان کی فلاں نوجوان لڑکی سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔ ان لوگوں نے کہا: حضرت سلمان سے شادی کرنے کو تو ہم تیار نہیں ہیں، البتہ آپ سے کرنے کو تیار ہیں۔ چناںچہ وہ اس لڑکی سے شادی کر کے باہر آئے اور حضرت سلمان سے کہا: اندر کچھ بات ہوئی ہے، لیکن اسے بتاتے ہوئے مجھے شرم آرہی ہے۔ بہرحال حضرت ابو الدرداء نے انھیں ساری بات بتائی۔ یہ سن کر حضرت سلمان نے کہا: (آپ مجھ سے کیوں شرما رہے ہیں) وہ تو مجھے آپ سے شرمانا چاہیے، کیوںکہ میں اس لڑکی کو شادی کا پیغام دے رہا تھا جو اﷲ نے آپ کے مقدر میں لکھی ہوئی تھی۔1