صحابہ کرام ؓ کا ذکر
دن اور رات میں سفر اور حضر میں قرآنی آیات کا پڑھنا
حضرت علیؓ فرماتے ہیں: میں نے اس منبر کی لکڑیوں پر حضورﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ جو ہر نماز کے بعد آیتُ الکرسی پڑھے گا اسے جنت میں جانے سے موت کے علاوہ اور کوئی چیز روکنے والی نہیں ہوگی۔ اور جو اسے بستر پر لیٹتے وقت پڑھے گا اللہ تعالیٰ اسے اس کے گھر پر، اس کے پڑوسی کے گھر پر، اس کے اردگرد کے چند اور گھروں پر امن عطافرمائیں گے۔4
حضرت علی ؓ نے فرمایا: مجھے ایسا کوئی آدمی نظر نہیں آتا جو پیدایشی مسلمان ہو یا بالغ ہوکر مسلمان ہوا ہو اور اس آیت {اَللّٰہُ لَا اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ} کو پڑھے بغیر رات گذارتا ہو۔ کاش کہ آپ لوگ جان لیتے کہ اس آیت کا درجہ کتنا بڑاہے۔ یہ آیت آپ لوگوں کے نبیﷺ کو اس خزانے سے دی گئی ہے جو عرش کے نیچے ہے اور آپ لوگوں کے نبی سے پہلے کسی نبی کو نہیں دی گئی اور میں اسے ہر رات تین مرتبہ پڑھ کر سوتا ہوں: عِشا کے بعد کی دورکعتوں میں اور وتر میں بھی اسے پڑھتاہوں، اور بستر پر لیٹتے وقت بھی پڑھتاہوں۔1
حضرت علی ؓ فرماتے ہیں: میں نے کوئی ایسا عاقل بالغ آدمی نہیں دیکھا جو سورۂ بقرہ کی آخری آیتوں کو پڑھے بغیر سوجاتا ہو، کیوںکہ یہ آیتیں اس خزانے سے آئی ہیں جو عرش کے نیچے ہے۔2
حضرت عثمان ؓ فرماتے ہیں: جو آدمی رات کو سورۂ آل عمران کی آخری آیتیں پڑھے گا اس کے لیے رات بھر کی عبادت کا ثواب لکھا جائے گا۔3
حضرت شَعْبی کہتے ہیں: حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نے فرمایا:جو رات کو کسی گھر میں سورۂ بقرہ کی دس آیتیں پڑھے گا اس گھر میں صبح تک کوئی شیطان داخل نہیں ہوگا۔ وہ دس آیتیں یہ ہیں: سورۂ بقرہ کی شروع کی چار آیتیں، آیت الکرسی، اس کے بعد کی دو آیتیں اور سورۂ بقرہ کی آخری تین آیتیں۔4
حضرت اُبی بن کعب ؓ کے کھلیان میں کھجوریں رکھی ہوئی تھیں اور وہ ان کی نگرانی کرتے تھے۔ انھیں محسوس ہوا کہ یہ کھجوریں کم ہورہی ہیں تو انھوں نے ایک رات ان کھجوروں کا پہرہ دیا تو انھوں نے ایک جانور دیکھا جو بالغ لڑکے جیسا تھا۔ فرماتے ہیں: میں نے اسے سلام کیا، اس نے میرے سلام کا جواب دیا۔ میں نے کہا: تم کون ہو۔ جنّ ہو یا انسان؟ اس نے کہا: جنّ ہوں۔ میں نے کہا: ذرا اپنا ہاتھ مجھے دو۔ اس نے اپنا ہاتھ مجھے دیا تو اس کا ہاتھ کتے کے ہاتھ جیساتھا اور بال بھی کتے جیسے تھے۔ میں نے کہا: جنّات کی شکل وصورت ایسی ہوتی ہے؟ اس نے کہا: تمام جنّات کو معلوم ہے کہ ان میں مجھ سے زیادہ طاقت ور کوئی نہیں ہے۔ میں نے کہا: تم نے (کھلیان سے کھجوریں چرانے کا کام) کیوں کیا؟ اس نے کہا:ہمیں یہ خبر ملی ہے کہ آپ کو صدقہ کرنا بہت پسند ہے، تو ہم نے چاہا کہ ہمیںبھی آپ کی کچھ کھجوریں مل جائیں۔ میںنے کہا: کون سی چیز ایسی ہے جس کی وجہ سے ہماری تم لوگوں سے حفاظت ہوجائے؟ اس نے کہا: یہ آیتُ الکرسی جو سورۂ بقرہ میں ہے۔ جو اسے شام کو پڑھے گا وہ صبح تک ہم سے محفوظ رہے گا اور جو اسے صبح کو پڑھے گا وہ شام تک ہم سے محفوظ رہے گا۔ صبح کو حضرت اُبی ؓ نے جاکر یہ سارا واقعہ حضورﷺ کو بتایا تو حضورﷺ نے فرمایا: اس خبیث نے سچ کہا۔1
حضرت عبداللہ بن بُسرؓ فرماتے ہیں: میں حِمص سے چلا اور رات کو زمین کے ایک خاص ٹکڑے میں پہنچا تو اس علاقے کے جنّات میرے پاس آگئے۔ اس پر میں نے سورۂ اَعراف کی یہ آیت آخر تک پڑھی:
{ اِنَّ رَبَّکُمُ اللّٰہُ الَّذِیْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ}2 آخر تک۔
بے شک تمہارا ربّ اللہ ہی ہے جس نے سب آسمانوں اور زمین کو چھ روز میں پیداکیا، پھر عرش پر قائم ہوا۔ چھپا دیتاہے شب سے دن کو ایسے طور پر کہ وہ شب اس دن کو جلدی سے آلیتی ہے۔ اور سورج اور چاند اور دوسرے ستاروں کو پیدا کیا ایسے طور پر کہ سب اس کے حکم کے تابع ہیں۔ یاد رکھو! اللہ ہی کے لیے خاص ہے خالق ہونا اور حاکم ہونا۔ بڑی خوبیوں کے بھرے ہوئے ہیں اللہ تعالیٰ جو تمام عالَم کے پروردگار ہیں۔
اس پر ان جنّات نے ایک دوسرے سے کہا: اب تو صبح تک اس کا پہرہ دو۔ (چناںچہ انھوں نے ساری رات میرا پہرہ دیا) صبح کو میں سواری پر سوار ہوکر وہاں سے چل دیا۔3
حضرت عَلاء بن لجلاج نے اپنے بیٹوں سے کہا: جب تم مجھے قبر میں رکھنے لگو تو بِسْمِ اللّٰہِ وَعَلٰی مِلَّۃِ رَسُوْلِ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ کہہ کر مجھے قبر میں رکھنا، اور میری قبر پر آہستہ آہستہ مٹی ڈالنا، اور میرے سرہانے سورۂ بقرہ کی شروع کی اور آخر کی آیتیں پڑھنا، کیوںکہ میں نے حضرت ابنِ عمر ؓ کو دیکھا کہ وہ ایسا کرنے کو بہت پسند کرتے تھے۔1
حضرت علیؓ فرماتے ہیں کہ جو یہ چاہتاہے کہ اس کا اجر وثواب بہت بڑے اور مکمل پیمانے میں تو لاجائے تو وہ یہ آیتیں تین مرتبہ پڑھے:
{ سُبْحٰنَ رَبِّکَ رَبِّ الْعِزَّۃِ عَمَّا یَصِفُوْنَ}2
آپ کا ربّ جوبڑی عظمت والا ہے ان باتوںسے پاک ہے جو یہ (کافر) بیان کرتے ہیں۔ 3
حضرت عبداللہ بن عبید بن عمیر کہتے ہیں کہ حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓ جب اپنے گھر میں داخل ہوتے تو اس کے تمام کونوں میں آیتُ الکرسی پڑھتے۔4