صحابہ کرام ؓ کی غیبی تائید
نبی کریم ﷺ کے بال مبارک کے ذریعہ مدد طلب کرنا
حضرت جعفر بن عبداللہ بن حکم کہتے ہیں: حضرت خالد بن ولید ؓ نے جنگِ یرموک کے دن اپنی ایک ٹوپی نہ پائی تو ساتھیوں سے فرمایا: اسے تلاش کرو۔ انھوں نے تلاش کیا تو انھیں نہ ملی۔ فرمایا: اور تلاش کرو۔ اور تلاش کیا گیا تو مل گئی۔ لوگوں نے دیکھا تو وہ بالکل پرانی ٹوپی تھی۔ حضرت خالدؓنے فرمایا: ایک دفعہ حضورﷺ نے عمرہ کیا پھر بال منڈوائے، لوگ آپ کے بالوں پر جھپٹ پڑے۔ میں نے بھی آگے بڑھ کر آپ کی پیشانی کے بال اٹھا لیے اور اس ٹوپی میں رکھ لیے۔ جب میں کسی لڑائی میں شریک ہوتا ہوں اور یہ ٹوپی میرے پاس ہوتی ہے تو مجھے اللہ کی غیبی نصرت ضرور نصیب ہوتی ہے۔ 1
حضرت جعفر کہتے ہیں: حضرت خالد بن ولید ؓ کی ٹوپی میں حضورﷺ کے چند بال مبارک رکھے ہوئے تھے۔ حضرت خالدؓنے فرمایا: جب بھی میرا کسی لشکر سے مقابلہ ہوتاہے اور یہ ٹوپی میرے سر پر ہوتی ہے تو مجھے فتح ضرور عطاہوتی ہے۔ 2