آسمانی کتابوں پر ایمان
عقلی دلائل
1: انسانی جسم اور روح کا کمزور ہونااور اپنے رب کا محتاج ہونا،اس بات کا متقاضی ہے کہ ان دونوں کی اصلاح وفلاح کے لیے شرعی احکام اور قوانین پر مشتمل کتابیں نازل کی جائیں،جن کی رہنمائی میں انسان کمال حاصل کر سکے اور دنیاوی و اخروی زندگی کی ضروریات پوری کر سکے۔
2: چونکہ بندوں اور اللہ کے درمیان رسول ہی واسطہ ہوتے ہیں اور وہ بھی دیگر انسانوں کی طرح ایک خاص وقت تک زندہ رہتے اور پھر وفات پاجاتے ہیں،اس لیے اگر ان کے پیغامات کتابوں کی صورت میں موجود نہ ہوتے تو ان کی وفات کے بعدوہ ضائع ہو جاتے،پھر لوگ دنیا میں پیغامِ ربانی کے بغیر رہ جاتے،لہٰذا اللہ تعالیٰ نے کتابیں نازل کیں،تاکہ وحی ورسالت کا اصل مقصد فوت نہ ہونے پائے۔
3: اگر ایک داعی الی اللہ ’’رسول‘‘ کے پاس کتاب نہ ہو جو رب کی طرف سے شریعت وہدایت اور بھلائی کی حامل ہوتی ہے،تو لوگ آسانی سے اس کی تکذیب اور پیغامِ ربانی کا انکار کر دیں۔اس لیے اتمامِ حجت کے لیے یہ بات بھی کتابِ الٰہی کے نازل ہونے کا تقاضا کرتی ہے۔