مہمان نوازی کے آداب
مہمانی کے لیے بلانا
1: اپنی ضیافت میں متقی اور پرہیزگار لوگوں کو بلائے،فاسق اور مجرم اشخاص کومدعو نہ کرے۔
نبی ٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’لَا تُصَاحِبْ إِلَّا مُؤْمِنًا،وَلَا یَأْکُلْ طَعَامَکَ إِلَّا تَقِيٌّ‘
’’صرف ایماندار کی صحبت اختیار کر اور تیرا کھانا صرف متقی ہی کھائے۔‘‘ [3]
2: ضیافت و مہمانی کے لیے اغنیاء کو مخصوص نہ کرے بلکہ فقراء کو بھی بلائے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
((شَرُّ الطَّعَامِ طَعَامُ الْوَلِیْمَۃِ یُدْعٰی لَھَا الْأَغْنِیَائُ وَیُتْرَکُ الْفُقَرَائُ))
’’بدترین کھانا اس ولیمے کا کھانا ہے جس میں دولت مند بلائے جائیں اور فقراء کو چھوڑ دیا جائے۔‘‘ [4]
3: ضیافت میں مقصود ایک دوسرے سے بڑھنا اور فخرکرنا نہ ہو بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اورسابقہ انبیاء،مثلاً:ابراہیم علیہ السلام کے طریق کی پیروی کا ارادہ کرے اور اس میں یہ نیت و جذبہ بھی کارفرما ہو کہ ایماندار بھائیوں میں سرور اور خوشی پیدا کرے گا۔
4: کسی ایسے شخص کو دعوت نہ دے جس کا شریک ہونا مشکل ہو یا(خیال ہو کہ)وہ کسی شریک ساتھی کی و جہ سے رنجیدہ ہو گا کیونکہ مومن کو ایذا دینا حرام ہے۔