ترکوں سے جنگ
ترکوں سے جنگ
یہ گزر چکاہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قیامت کی نشانیوں میں سے چندجنگوں اور معرکوں کے بارے میں بھی خبر دی تھی جو کہ مسلمانوں کے مابین اوربیرونی دشمنوں کے ساتھ پیش آئیں گے۔ انہی میں سے ایک معرکہ مسلمانوں اور ترکوں [1] کے مابین پیش آنے والا معرکہ تھا۔ یہ معرکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کے دور میں بنو امیہ کی خلافت کے ابتدائی دور میں پیش آچکا ؛ جس میں ترکوں کو شکست ہوئی، اور مسلمانوں نے مال غنیمت پایا۔
سیّدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم تک اس حدیث کو پہنچاتے ہوئے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا:
’’قیامت قائم نہ ہوگی یہاں تک کہ تم ترکوں سے جنگ کرو؛چھوٹی آنکھوں والے، سرخ چہروں والے، اور چپٹی ہوئی ناک والے؛ان کے چہرے چمڑہ دار ڈھال کی طرح چوڑے چوڑے ہوں گے، اورقیامت قائم نہ ہوگی یہاں تک کہ تم ایسی قوم سے جنگ کرو جن کے جوتے بالوں کے ہوں گے۔‘‘ ( متفق علیہ )