ظالموں کا ظہور جولوگوں کو کوڑوں سے ماریں گے

ظالموں کا ظہور جولوگوں کو کوڑوں سے ماریں گے

قیامت کی وہ نشانیاں جن کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خبردی ہے، ان میں سے ایک ظالم حکمرانوں کے ظالم مدد گار ہیں ۔ جو لوگوں کو ایسے کوڑوں سے ماریں گے جو گائے کی دم سے مشابہت رکھتے ہوں گے۔ یہ کوڑے کئی طرح کے ہوسکتے ہیں ، مثلاً: برقی کوڑے، لاٹھیاں اور چمڑے کے کوڑے وغیرہ۔ سیّدنا ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’آخری زمانے میں اس امت پر ایسے لوگ مسلط ہوں گے جن کے پاس گائے کی دموں جیسے کوڑے ہوں گے، وہ اللہ کے غصے میں صبح کریں گے، اور اللہ کے غضب میں شام کریں گے۔‘‘ (مسند احمد ) سیّدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’دوزخیوں کی دو قسمیں ایسی ہیں کہ انہیں میں نے نہیں دیکھا ایک قسم تو اس قوم کے لوگوں کی ہے کہ جن کے پاس گایوں کی دموں کی طرح کوڑے ہوں گے اور وہ لوگوں کو ان کوڑوں سے ماریں گے۔‘‘ (مسلم) اور جناب ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’ اگر تیری عمر لمبی ہوئی تو تو ایک ایسی قوم کو دیکھے گا کہ جن کے ہاتھوں میں گائے کی دم کے طرح کوڑے ہوں گے وہ لوگ اللہ تعالیٰ کے غضب میں صبح کریں گے اور اللہ تعالیٰ کی ناراضی میں شام کریں گے۔‘‘ (مسلم) اس آخری حدیث میں اگرچہ مارنے کی وضاحت نہیں ہے، مگر اللہ تعالیٰ کے غضب اور ناراضگی کے بیان سے اشارہ ہے کہ وہ لوگوں پر بہت زیادہ ظلم و زیادتی کرتے ہوں گے، (اس وجہ سے اللہ کے عذاب اور ناراضی کے مستحق ٹھہریں گے۔)