اندلس پر موحدین کی حکومت

محمد بن عبداللہ تومرت

محمد بن عبداللہ۔ تومرت جو ابن تومرت کے نام سے مشہور ہے۔ ملک مراکش کے علاقہ سوس کے ایک گائوں میں پیدا ہوا تھا۔ بربروں کے قبیلہ مسمودہ سے تھا۔ مگر بعد میں اس نے دعویٰ کیا کہ میں سیدنا علی بن ابی طالبt کی اولاد سے ہوں اور اپنا سلسلہ نسب حسن بن علی بن ابی طالب تک پہنچایا۔ ۵۰۱ھ میں ابن تو مرت اپنے وطن علاقہ سوس سے روانہ ہو کر ممالک مشرقیہ کی طرف گیا۔ اور حصول علم میں چودہ ۱۴ سال تک وطن سے باہر رہا۔ ابوبکر شاشی سے بغداد میں اصول فقہ اور دیگر علوم دینیہ کی تحصیل کی۔ مبارک بن عبدالجبار اور دوسرے بزرگوں سے حدیث پڑھی۔