اندلس پر موحدین کی حکومت
ابو یعقوب کے عہد حکومت پر تبصرہ
اس کے بعد اس کا بیٹا ابو یوسف تخت نشین ہوا۔ اور اپنا خطاب منصور باللہ رکھا۔۔۔ ابو یعقوب بڑا نیک دل علم دوست اور روشن خیال شخص تھا ابوبکر محمد ابن طفیل جو فلسفہ و علم کلام کا امام سمجھا جاتا ہے ابو یعقوب کا مصاحب و مشیر خاص تھا۔ دوسرا اسی مرتبہ کا عالم ابوبکر بن صائغ المعروف بہ ابن ماجہ بھی ابویعقوب کے مشیروں میں شامل تھا۔ ان کے علاوہ اور بھی اسی مرتبہ کے بہت سے علماء حاضر دربار رہتے تھے۔ ابن طفیل کی ترغیب سے امیر المومنین ابویعقوب نے ابو الولید محمد بن احمد بن رشد کو قرطبہ سے بلوا کر اپنے مصاحبین میں شامل کیا۔ یہ وہی ابن رشد ہیں۔ جو فلسفہ کے مشہور امام اور ارسطو کی تصانیف پر بہترین تنقید کرنے اور اس کی کمزوریاں ظاہر کرنے والے شخص ہیں۔ آج بھی ابن رشد کے نام سے یورپ اور تمام علمی دنیا کا بچہ بچہ واقف ہے۔ ابو یعقوب کے عہد حکومت میں مراکش سے طرابلس تک ممالک افریقہ اور تمام ملک اندلس جزیرہ صقلیہ اور بحر روم کے دوسرے جزائر سب سلطنت موحدین میں شامل ہو گئے تھے۔ اور سلطنت موحدین کا فرماں روا دنیا کے عظیم الشان سلاطین میں شمار ہوتا تھا۔