مراکش و افریقہ
یحییٰ بن یحییٰ
یحییٰ بن محمد کی وفات کے بعد اس کا بیٹا یحییٰ بن یحییٰ تخت نشین ہوا۔ یحییٰ بن یحییٰ کی نالائقی اور بدچلنی نے رعایا کو ناراض کر دیا۔ اور عبدالرحمن بن ابی سہل کی سرداری میں لوگوں نے بغاوت کر کے یحییٰ بن یحییٰ کو معزول کر کے فاس سے نکال دیا۔ وہ اسی شرم و غیرت میں چند روز کے بعد فوت ہو گیا۔ جیسا کہ اوپر ذکر ہو چکا ہے علی بن عمر اپنی ریاست پر ابھی تک حکمران تھا۔ یحییٰ بن یحییٰ کے مذکورہ انجام سے مطلع ہو کر علی بن عمر فاس میں آ کر تخت نشین ہوا۔ اور اس طرح ایک وسیع سلطنت کا مالک ہو گیا۔ مگر چند ہی روز کے بعد عبدالرزاق خارجی نے علم بغاوت بلند کر کے اکثر حصہ ملک پر قبضہ کر لیا۔ اور عرصہ دراز تک خاندان ادریسیہ کی حالت بہت ہی نازک اور کمزور و پریشان رہی۔