دولت قرامطۂ باطنیہ (فارس)

رکن الدین خور شاہ

رکن الدین خور شاہ فدائیوں کا آخری بادشاہ تھا۔ جس کو ہلاکو خاں چنگیزی نے بربادی بغداد سے ایک سال پیشتر ۶۵۵ھ میں گرفتار کر کے فدائیوں کی دولت و حکومت کا خاتمہ کر دیا۔ حسن بن صباح کے بعد قلعہ الموت اور اس کے مضافات پر فدائیوں کی حکومت قائم رہی مگر سو سال تک وہ اپنی مملکت میں کوئی ترقی اور وسعت پیدا نہیں کر سکے۔ جب چنگیز خان تاتاریوں کے وحشی گروہ کو لے کر ممالک اسلامیہ کو تاخت و تاراج کرنے لگا تو ان فدائیوں نے بھی ہاتھ پائوں نکالے اور اپنے رقبہ حکومت کو وسیع کرنا شروع کیا۔ لیکن ابھی یہ پورے طور پر اپنے حوصلے نہ نکال چکے تھے کہ جلال الدین بن علائو الدین خوارزم شاہ نے ان پر چڑھائی کر کے ان کے زور و قوت کو توڑ دیا۔ اور قلعہ الموت میں ان کو محصور کر کے تمام دوسرے قلعوں کو ان سے چھین کر ویران و منہدم کر دیا۔ اور دولت فدائیہ کی حالت بہت ہی سقیم ہو گئی آخر ہلاکو خان نے اس مریض نیم جان کو قید ہستی سے آزاد کیا۔