محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم

سنین ہجری

اس وقت تک زمانہ کا اندازہ کرانے کے لیے سنہ نبوی صلی اللہ علیہ و سلم استعمال کئے گئے ہیں جن سے مدعا یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو نبوت ملے ہوئے اتنے سال ہوئے‘ لیکن یہ بتا دینا ضروری ہے کہ قمری سال کے مہینوں کی ترتیب اور نام وہی ہیں جو پہلے سے ملک عرب میں رائج تھے‘ اس لیے سنہ نبوی صلی اللہ علیہ و سلم کا پہلا سال صرف چند ہی مہینے کے بعد ختم ہو گیا تھا‘ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا داخلہ مدینہ کے اندر ماہ ربیع الاول ۱۴ نبوی صلی اللہ علیہ و سلم میں بیان کیا گیا لیکن آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی بعثت اور نبوت کو صرف ساڑھے بارہ سال ہوئے تھے‘ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے مدینہ میں ہجرت فرما کر تشریف لانے سے سنہ ہجری شروع ہوتا ہے‘ چونکہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم بارہ ربیع الاول کو مدینہ منورہ میں تشریف لائے اس لیے پہلا ہجری سال صرف ساڑھے نو مہینے کے بعد ختم ہو گیا اور یکم محرم سے دوسرا سال شروع ہو گیا تھا‘ لہذا یوں سمجھنا چاہیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم ۲ ہجری کے ماہ صفر تک ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ کے مکان میں رہے۔