مغولان چنگیزی

چنگیز خاں کی ولادت

۲۰ ذیقعدہ ۵۴۹ھ کو میسوکا بہادر کے ہاں ایک لڑکا پیدا ہوا۔ اسی سال مغولستان کے قاآن اکبر یعنی بادشاہ اعظم کا انتقال ہوا تھا۔ جس کا نام تموچین تھا۔ لہٰذا میسوکا بہادر نے اپنے اس بیٹے کا نام تموچین رکھا‘ جو بعد میں چنگیز خاں کے نام سے مشہور ہوا۔ ۵۶۲ھ میں میسوکا بہادر فوت ہوا۔ تو تموچین کی عمر صرف تیرہ سال کی تھی۔ میسوکا بہادر کے بعد تموچین اپنے چھوٹے سے علاقے کا بادشاہ و فرماں روا قرار پایا۔ مگر لوگوں نے اس کو کم عمر اور کم حیثیت سمجھ کر اس کی سرداری و سروری سے انکار کیا۔ اور بغاوت و سرکشی کے آثار نمایاں ہوئے۔