ملک عرب
کہانت
عرب میں کاہن لوگ بڑی کثرت سے ہوتے تھے‘ کاہن وہ کہلاتا تھا جو اسرار کے جاننے اور غیب کی خبروں پر اطلاع رکھنے کا دعویٰ کرے‘ جو گذشتہ حالات کی خبر دے اس کو کاہن اور جو آئندہ حالات کی خبر دے اس کو عراف کہتے تھے‘ غیب دانی کا دعویٰ کرنے والے مرد بھی ہوتے تھے اور عورتیں بھی‘ ۱؎ عرب کے کاہنوں میں افعی ‘ جزیمہ‘ ابرش‘ شق‘ سطیح وغیرہ مشہور کاہن تھے‘ غیب دانوں کی ایک قسم ناظر کہلاتی تھی جو آئینہ‘ یا پانی سے لبریز طشت پر نظر ڈالتے اور غیب کی باتیں بتاتے‘ یا حیوانات کی ہڈیوں اور جگر وغیرہ اعضاء کو دیکھ کر حکم لگاتے تھے‘ انہیں میں طارقین حصیٰ (سنگریزہ پھنکنے والے) اور گٹھلیاں پھینکنے والے بھی تھے‘ یہ سب کاہنوں کی ایک قسم میں شمار ہوتے تھے‘ مگر ان کا مرتبہ عراف اور کاہن سے کم سمجھا جاتا تھا‘ ان سے بھی کم رتبہ تعویذ گنڈے والے تھے۔