پہلی فصل

صاحب الشرطہ

شہروں میں امن و امان کے قائم رکھنے‘ بغاوتوں کا انسداد کرنے‘ چوروں اور ڈاکوئوں کو گرفتار کر کے سزا دینے کی ذمہ داری جس شخص سے متعلق ہوتی تھی اس کو صاحب الشرطہ کہتے تھے‘ ہم اس کو محکمہ پولیس کا اعلیٰ افسر کہہ سکتے ہیں‘ یہ صاحب الشرطہ بغداد میں قیام پذیر رہ کر عراق کے دوسرے شہروں میں اپنے نائب مقرر کرتا اور بعض اوقات افواج عراق کا سپہ سالار اعظم اور حضور صوبہ کا عامل یا گورنر ہوتا تھا‘ طاہر بن حسین صاحب الشرطہ ہی تھا‘ اس کے بعد اس کو خراسان کی گورنری ملی تھی‘ غرض کہ یہ بہت بڑا اور ذمہ داری کا عہدہ تھا‘ اور اس پر کوئی معمولی شخص فائز نہیں ہو سکتا تھا۔