دوسری فصل

دولت مرینیہ مراکش

خاندان مرینیہ ۵۹۱ھ میں مراکش کے پہاڑی علاقہ پر خود مختارانہ قابض و متصرف تھا‘ ۶۶۷ھ میں انہوں نے موحدین کے دارالسلطنت پر قبضہ کر کے تمام مراقش پر اپنی حکومت قائم کر لی‘ اور ۷۹۶ھ میں اس خاندان کو اسی خاندان کے ایک شعبہ نے برباد کر دیا اور خود اس کا قائم مقام ہو گیا‘ اس کے بعد اس ملک میں مسلمانوں کی دو چھوٹی چھوٹی رقیب حکومتیں قائم ہوئیں جن کا شغل آپس میں ہنگامہ کار زار گرم رکھنا ہوا۔ یہاں تک ممالک مغربیہ کی صرف ان سلطنتوں کی فہرست بیان ہوئی ہے جو خلافت عباسیہ کی ہمعصر یعنی ۹۰۰ھ سے پہلے پہلے تھیں‘ خلافت عباسیہ کے ختم اور خلافت عثمانیہ کے شروع ہونے کے بعد ممالک اسلامیہ کی جو حالت ہوئی یا جو کثیر التعداد نئی سلطنتیں دینا کے ہر حصے میں قائم ہوئیں ان کا ذکر اس فصل میں نہیں کیا جائے گا‘ کیونکہ یہ خلافت عباسیہ کی معاصر نہ تھیں‘ اس کے بعد خلافت عثمانیہ اور اس کی معاصر تمام اسلامی سلطنتوں کا حال بیان کیا جائے گا‘ اور چونکہ خلافت عثمانیہ ۱۳۴۲ھ تک قائم رہی لہٰذا خلافت عثمانیہ اور اس کی معاصر سلطنتوں کا حال لکھ لینے کے بعد تاریخ اسلام مکمل ہو جائے گی‘ اس فصل میں جن حکومتوں کی فہرست بیان ہو رہی ہے‘ ان میں سے بعض ایسی بھی ہیں کہ ان کا تذکرہ صرف اسی قدر کافی ہے جو اس فہرست میں بیان ہوا‘ لیکن اکثر ایسی ہیں کہ ان کی تفصیلی تاریخ بیان ہونی چائیے اگرچہ وہ تفصیل بھی خلاصہ اور نہایت مختصر مگر مکمل خلاصہ ہو گا‘ انہیں حکومتوں کے حالات کا مجموعہ تاریخ اسلام کی تیسری جلد ہو گی۔ اس فصل میں ممالک مشرقیہ کی بعض سلطنتوں کی طرف ابھی اور اشارہ کرنا باقی ہے۔