دوسری فصل
ملک شام پر عیسائیوں کے صلیبی حملے
یورپ کے عیسائیوں نے متفق و متحد ہو کر مسلمانوں پر سنہ ۴۹۰ھ سے حملے شروع کیے۔ عیسائیوں کے مذہبی پیشوائوں یعنی پادریوں نے تمام یورپ کو مسلمانوں کے خلاف بھڑکا کر دیوانہ بنا دیا تھا اور ملک شام کو مسلمانوں کے قبضے سے نکال لینے کو اعلیٰ درجہ کی مذہبی خدمت اور ذریعہ نجات قرار دیا گیا تھا۔ عیسائیوں کے ان حملوں۱؎ کا سلسلہ تین سو سال تک جاری رہا۔ یورپ کے تمام عیسائی بادشاہ اپنی ہر قسم کی متحدہ طاقت صرف کرنے اور بہ ذات خود عیسائی حملہ آوروں کے ساتھ ملک شام کی طرف آنے پر آمادہ ہو گئے تھے۔ ان تمام لڑائیوں اور چڑھائیوں کا سلسلہ تاریخ اسلام کا ایک دلچسپ باب ہے اور اس داستان کو ایک ہی جگہ مسلسل بیان کیا جائے گا‘ ان شاء اللہ! ان صلیبی لڑائیوں کا وہ حصہ جہاں صلاح الدین ایوبی نے عیسائیوں کا مقابلہ کیا ہے‘ نہایت اہم اور بہت دلچسپ ہے۔