اندلس میں اسلامی حکومت

شاہ لرزیق کی تیاریاں

اس وحشت انگیز خبر کو سن کر لرزیق نے تمام تر توجہ فوجوں کے فراہم کرنے میں صرف کر دی۔ لرزیق طیطلہ سے روانہ ہو کر قرطبہ میں آیا اور یہیں ملک کے ہر حصہ سے فوجیں آ کر فراہم ہونے لگیں‘ لرزیق نے خزانوں کے منہ کھول دیئے اور بڑی مستعدی و ہمت کے ساتھ ایک لاکھ کے قریب فوج لے کر قرطبہ سے طارق کی طرف روانہ ہوا‘ تدمیر بھی اپنی فوج لے کر ہمراہ رکاب ہوا‘ اس عرصہ میں طارق بیکار نہیں رہا‘ اس نے شہروں اور قصبوں پر قبضہ کرنا شروع کیا اور الجزائر و شدونہ کے علاقوں کو فتح کر کے وادی لکتہ تک پہنچ گیا تھا‘ لرزیق کی فوج میں ایک لاکھ سپاہیوں کے علاوہ ملک اندلس کے تمام بڑے بڑے تجربہ کار سپہ سالار اور ہر صوبے کے نامور سردار موجود تھے۔