عبس

بصیرتِ قرآن

مولانا محمد آصف قاسمی

تعارف

تعارف سورة عبس

سورة نمبر 80

کل رکوع 1

آیات 42

الفاظ و کلمات 130

حروف 533

مقام نزول مکہ مکرمہ

تعارف۔ ۔ ایک مرتبہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی مجلس میں عقبہ، شیبہ، ابوجہل، امیہ ابن خلف اور ابی ابن خلف جیسے بڑے بڑے قریشی سردار بیٹھے ہوئے تھے جنہیں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) دین اسلام قبول کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش فرما رہے تھے۔ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی دلی خواہش اور تمنا تھی کہ قریش کے سردار اسلام قبول کرلیں تو سارے عرب میں دین کا چرچا عام ہوجائے گا۔ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بیان فرما رہے تھے کہ اچانک ایک نابینا صحابی حضرت عبداللہ ابن ام مکتوم (رض) آگئے انہیں یہ معلوم نہ تھا کہ اس وقت رنگ محفل کیا ہے۔ عرض کیا یا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) مجھے ہدایت دیجیے اور سیدھا راستہ دکھا دیجیے۔ حضرت عبداللہ ابن عباس (رض) فرماتے ہیں کہ وہ قرآن کریم کی کسی آیت کا مطلب پوچھ رہے تھے۔ بہر حال نابینا ہونے کی وجہ سے انہیں معلوم نہ تھا کہ اس وقت آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے یہ سوال پوچھنا مناسب تھا یا نہیں۔ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے شفقت سے فرمایا کہ میں ابھی بتا دیتا ہوں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے پھر سے سردران قریش سے خطاب شروع کردیا۔ کچھ دیر کے بعد نابینا صحابی (رض) نے پھر اپنے سوال کو دہرایا آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو ان کی یہ بات ناگوار گزری اور آپ کی پیشانی پر کچھ بل پڑگئے اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے بےرخی اختیار کی۔ سرداران قریش تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی مجلس سے اتھ کر چلے گئے اور کچھ انتظار کرکے حضرت عبداللہ ابن ام مکتوم (رض) بھی واپس گھر لوٹ گئے اسی وقت حضرت جبرئیل وحی لے کر آئے اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تک سورة عبس کی آیات پہنچائیں۔ ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے جو فرمایا ہے اس کا خلاصہ یہ ہے۔

فرمایا کہ اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! آپ کے چہرے پر بل پڑگئے اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس نابینا کی طرف توجہ نہ کی جو بڑے شوق اور تڑپ کے ساتھ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس آیا تھا۔ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو کیا معلوم ہے کہ اگر آپ اس کو نصیحت فرمادیتے تو وہ اس پر دھیان دیتا اور اس سے نفع حاصل کرتا ؟ جو شخص آپ کی باتوں کی طرف توجہ نہیں کرتا آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اس کی طرف جھکے چلے جارہے ہیں حالانکہ اگر وہ نہ سدھرے تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر کوئی الزام نہیں ہے لیکن وہ شخص جو خود آپ کے پاس دوڑ کر اور لپک کر آرہا ہے اور وہ اپنے دل میں اللہ کا خوف بھی رکھتا ہے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اس کی طرف سے بےرخی اختیار کررہے ہیں۔ ہرگز نہیں۔ اللہ کا کلام ( قرآن مجید) تو سراسر نصیحت ہی نصیحت ہے۔ جس کا دل چہاے وہ قبول کرلے۔ جو ایسے صحیفوں میں موجود ہے جو قابل احترام، بلند مرتبہ، پاکیزہ اور مقدس ہین۔ معزز اور نیک کاتبوں کے ہاتھ سے لکھے ہوئے ہیں۔ وہ کیسے بدنصیب لوگ ہیں اور اپنے آپ کو تباہی میں ڈال رہے ہیں جو اس سچائی کا انکار کرکے ناشکری کرر ہے ہیں۔ کبھی انسان نے اس بات پر غور کیا ہے کہ اللہ نے اس کو کس چیز سے پیدا کیا ہے ۔ ایک منی کے قطرے سے۔ اس نے اس آدمی کی تقدیر مقرر کی پھر اس کے لیے زندگی کے راستوں کو آسان کیا۔ اسی نے زندگی کے بعد اس کو موت سے ہم کنار کیا اور قبر میں پہنچاد یا۔

پھر جب چاہے گا وہ اسے دوبارہ زندہ کرکے اٹھا کھڑا کرے گا۔ یہ کتنی بڑی بدنصیبی ہے کہ وہ اپنے اس فرض کو ادا نہیں کرتا جس کا اللہ نے اس کو حکم دیا تھا۔ حالانکہ اگر وہ غور کرے تو اس کو معلوم ہوگا کہ اللہ نے اس کو کتنی نعمتوں سے نوازا ہے۔ کبھی انسان نے اپنی اس خوراک پر غور کیا جسے وہ کھتا ہے فرمایا کہ ہم نے پہلے تو خوب بارشیں برسائیں پھر زمین کو عجیب طرح پھاڑا پھر اس کے اندر غلہ، انگور، ترکاریاں، زیتون، کھجوریں، گھنے باغات، طرح طرح کے لذیذ اور مزیدارپھل پید اکیے اور اسی سے جانوروں کی غذا چارہ کو پیدا کیا تاکہ تمہارے لیے اور تمہارے مویشیوں کی زندگی کا سامان میسر آجائے۔ لیکن یہ سب چیزیں اس وقت تک تمہارے پاس رہیں گی جب تک کانوں کو بہرا کردینے والی ہیبت ناک آواز (صور) نہیں آجاتی۔ جب وہ آواز بلند ہوگی یعنی صور پھونکا جائے گا وہ دن بھی عجیب ہوگا۔ اس دن آدمی اپنے بھائی، اپنے ماں باپ، اپنی بیوی اور اپنی اولاد تک چھوڑ کر بھاگ کھڑا ہوگا اور اس وقت ہر شخص پر ایسی وحشت طاری ہوگی کہ اسے اپنے سوا کسی دوسرے کا ہوش تک نہ رہے گا یعنی کوئی کسی کو نہ پوچھے گا۔ اس دن کچھ چہرے تو ایسے ہوں گے جو چمک دمک رہے ہوں گے، ان کے چہرے شگفتہ اور خوش و خرم ہوں گے اور کچھ چہروں پر خاک اڑ رہی ہوگی اور غم کے مارے ان کے چہرے اداس اور تاریک ہوں گے۔ یہ وہ لوگ ہوں گے جو اپنے کفر اور ناشکری میں حد سے آگے بڑھ گئے ہوں گے۔