الإنفطار
بصیرتِ قرآن
مولانا محمد آصف قاسمی
تعارف
تعارف سورة الانفطار
سورة نمبر 82
کل رکوع 1
آیات 19
الفاظ و کلمات 80
حروف 344
مقام نزول مکہ مکرمہ
تعارف : اس سورة میں فرمایا گیا ہے کہ جب قیامت آئے گی جس کے آنے میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے تو انسان نے دنیا میں جو کچھ اعمال کیے ہیں وہ سب کے سب اس کے سامنے آجائیں گے اور پھر ہر شخص کے ساتھ پورا پورا انصاف کیا جائے گا۔ ہر ایک کا نامہ اعمال تیار ہے جو لوگ نیکی اور تقویٰ کی زندگی گزار کر آئیں گے ان کے لئے جنت کی ہر طرح کی راحتین اور نعمتیں موجود ہوں گی اور جو لوگ کفر و شرک اور گناہوں میں مبتلا رہے ہوں گے ان کو جہنم کا عذاب نصیب ہوگا۔ اس سورة کا خلاصہ یہ ہے ۔ فرمایا جب آسمان پھٹ جائے گا، ستارے بکھر جائیں گے، جب سمندر پھاڑ دئیے جائیں گے اور تمام قبریں کھول دی جائیں گے اس وقت ہر شخص کو یہ معلوم ہوجائے گا کہ اس نے آگے کیا بھیجا ہے اور پیچھے کیا چھوڑا ہے۔
فرمایا اے انسان ! تجھے اس رب کریم کی طرف سے کس نے دھوکے میں ڈال دیا جس نے تجھے پیدا کیا، جس نے تیرے اعضاء میں ہم آہنگی اور تجھے ہر طرح درست بنایا اور جسمانی اعتدال عطا کیا۔ اور جس طرح چاہا تجھے ترتیب دے کر جوڑ دیا۔ فرمایا کہ اے انسان تو پھر بھی جزا اور سزا کے دن یعنی قیامت کو جھٹلاتا ہے حالانکہ تیرے اوپر ایسے یادر رکھنے والے اور لکھنے والے معزز فرشتے مقرر ہیں جو تیرے ہر فعل کو لکھ رہے ہیں۔ یقینا وہی لوگ اس دن عیش و آرام میں ہوں گے جو نیک اور پرہیز گار ہوں گے اور جو لوگ بدکار ہیں ان کو جہنم میں ڈالا جائے گا اور اس کی نظروں سے نہ تو کوئی غائب ہوسکے گا اور نہ چھپ سکے گا۔ اللہ تعالیٰ نے اس قیامت کے دن کی اہمیت کو واضح کرنے کے لئے سوالیہ انداز سے پوچھا ہے کیا تمہیں معلوم ہے کہ وہ جزا کا دن کیسا ہوگا ؟ پھر پوچھا کہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ وہ جزا کا دن کیا ہوگا ؟ فرمایا وہ دن ہوگا جب کوئی کسی کے کام نہ آسکے گا۔ اور اس دن فیصلے کا اختیار صرف اللہ رب العالمین کے پاس ہوگا۔