IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 2. Al-Baqara · Ayah 236

  1. لَا جُنَاحَ عَلَیْكُمْ اِنْ طَلَّقْتُمُ النِّسَآءَ مَا لَمْ تَمَسُّوْهُنَّ اَوْ تَفْرِضُوْا لَهُنَّ فَرِیْضَةً١ۖۚ وَّ مَتِّعُوْهُنَّ١ۚ عَلَى الْمُوْسِعِ قَدَرُهٗ وَ عَلَى الْمُقْتِرِ قَدَرُهٗ١ۚ مَتَاعًۢا بِالْمَعْرُوْفِ١ۚ حَقًّا عَلَى الْمُحْسِنِیْنَ﴿236﴾

    1. لَاجُنَاحَنہیں گناہ
    2. عَلَيْكُمْتم پر
    3. اِنْاگر
    4. طَلَّقْتُمُتم طلاق دو
    5. النِّسَآءَعورتیں
    6. مَالَمْجو نہ
    7. تَمَسُّوْھُنَّتم نے انہیں ہاتھ لگایا
    8. اَوْیا
    9. تَفْرِضُوْامقرر کیا
    10. لَھُنَّان کے لیے
    11. فَرِيْضَةًمہر
    12. وَّمَتِّعُوْھُنَّاور انہیں خرچ دو
    13. عَلَيپر
    14. الْمُوْسِعِخوش حال
    15. قَدَرُهٗاس کی حیثیت
    16. وَعَلَياور پر
    17. الْمُقْتِرِتنگدست
    18. قَدَرُهٗاس کی حیثیت
    19. مَتَاعًۢاخرچ
    20. بِالْمَعْرُوْفِدستور کے مطابق
    21. حَقًّالازم
    22. عَلَيپر
    23. الْمُحْسِنِيْنَنیکو کار
Translation · Baseerat-e-Quran
اگر تم عورتوں کو اس وقت طلا ق دو جب کہ تم نے نہ تو ان کو ہاتھ لگایا ہے اور نہ ان کا مہر مقرر کیا ہے اگر دستور کے موافق ان کو کچھ دے دلا کر رخصت کردو تو اس میں تمہارے اوپر کوئی گناہ نہیں ہے صاحب حیثیت پر اس کی گنجائش کے مطابق اور تنگ دست پر اس کے حال کے موافق ہے جو خرچ قاعدے کے مطابق ہو۔ یہ نیک لوگوں پر ایک حق ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 236 تا 237

لم تمسوھن (تم نے ان عورتوں کو نہ چھوا ہو (صحبت نہ کی ہو) ۔ لم تفرضوا (تم نے مقرر نہیں کی ) ۔ فریضۃ (مہر) ۔ متعوھن (ان کو سامان دو ) ۔ لموسع ( وسعت والا، صاحب حیثیت) ۔ قدرہ (اس کے موافق ہے ) ۔ المقتر (تنگ دست ) ۔ نصف (آدھا) ان یعفون (عورتیں معاف کردیں) ۔ یعفوا (مرد معاف کر دے (پورا مہر دے دے) ۔ لا تنسوا (تم نہ بھولو) ۔

تشریح : آیت نمبر 236 تا 237

ان آیتوں میں دو مسئلے بیان کئے گئے ہیں :

(1) ایک صو رت تو یہ ہے کہ ایک شخص نے محض نکاح کیا، کوئی مہر مقرر نہیں کیا اور نہ اس عورت سے قربت حاصل کی اور نوبت طلاق تک پہنچ گئی ایسی صورت میں چونکہ مہر مقرر ہی نہیں ہے اس لئے مہر نہ دینے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن کم از کم ایک جوڑا کپڑے کا دے دیا جائے اس معاملہ میں اللہ تعالیٰ نے مرد کو اختیار دیا ہے اس کی کوئی حد مقرر نہیں کی۔ لیکن مرد کو اس سلسلہ میں تنگ دلی کا ثبوت نہیں دینا چاہئے بلکہ فراخ حوصلگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی حیثیت کے مطابق کچھ زیادہ بھی دے دینا چاہئے۔ حضرت حسن بصری (رح) نے ایک ایسے ہی واقعہ میں مطلقہ کو بیس ہزار درہم عطیہ دیا، قاضی شریح نے بھی ایک واقعہ میں پانچ سو درہم دئیے ۔ حضرت ابن عباس ؓ نے فرمایا ہے کہ کم از کم ایک جوڑا کپڑا ہی دے دے۔ (قرطبی) ۔

(2) دوسری صورت یہ ہے کہ نکاح ہوا، مہر مقرر ہوا مگر قربت و صحبت سے پہلے ہی طلاق ہوگئی تو اس صورت میں جتنا مہر مقرر کیا گیا تھا اس میں سے آدھا دینا ہوگا۔ اس میں عورت اور مرد دونوں کو اس کا اختیار دیا گیا ہے کہ جو چاہے اپنے حق سے دست بردار ہوجائے۔ عورت کی دست برداری یہ ہے کہ وہ سارا ہی مہر معاف کر دے۔ مرد کی دست برداری یہ ہے کہ وہ آدھے مہر کے بجائے پورا مہر ہی اس لڑکی کو دے دے، اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں مرد کو اس بات پر آمادہ کیا ہے کہ عام زندگی میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ احسان اور بھلائی کا معاملہ کرتے رہنا چاہئے لیکن اس معاملہ میں تو مرد کو بلند حوصلے کا مظاہرہ کرنا چاہئے یعنی اس مطلقہ کو پورا مہر دے دینا چاہئے۔