IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 41. Fussilat · Ayah 26

  1. وَ قَالَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا لَا تَسْمَعُوْا لِهٰذَا الْقُرْاٰنِ وَ الْغَوْا فِیْهِ لَعَلَّكُمْ تَغْلِبُوْنَ﴿26﴾

    1. وَقَالَاور کہا
    2. الَّذِيْنَان لوگوں نے جو
    3. كَفَرُوْاانہوں نے کفر کیا
    4. لَا تَسْمَعُوْاتم مت سنو
    5. لِھٰذَا الْقُرْاٰنِیہ قرآن
    6. وَالْغَوْا فِيْهِاور غل مچاؤ اس میں
    7. لَعَلَّكُمْشاید کہ تم
    8. تَغْلِبُوْنَتم غالب آجاؤ
Translation · Baseerat-e-Quran
اور کافر کہتے تھے کہ تم اس قرآن کو نہ سنو ! شور و غل مچائو تا کہ تم ان پر غالب آ جائو۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 26 تا 32 : لا تسمعوا ( تم نہ سنو) الغوا (شور مچائو) تغلبون (تم غالب ہو جائو گے) نذیقن (ہم ضرور چکھائیں گے) اسوا ( بر کیا) دار الخلد (ہمیشہ کا گھر) استقاموا ( وہ جمے رہے) یلحدون ( الحاد) (ٹیڑھاچلتے ہیں)

تشریح : آیت نمبر 26 تا 32 : ہمیشہ سے ایسے لوگوں کی اکثریت رہی ہے جو حق و صداقت ، نصیحت اور تنقید کو کھلے ذہن سے سننے کے بجائے اس سے منہ پھیر کر چلتے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ جس چیز کو وہ حقیقت سمجھ رہے ہیں سارا حق اس کے مطابق ہو کر چلے وہ اپنے گھڑے ہوئے خیالات کی دنیا سے باہر آنا گوارہ ہی نہیں کرتے اور ہر تنقید اور نصیحت کو نہایت تلخ اور کڑوا سمجھتے ہیں ۔ وہ بغیر کسی ثبوت کے محض جذباتی انداز سے ہر اس کام میں عیب نکالنا شروع کردیتے ہیں جو ان کے خیالات سے مختلف ہوتا ہے۔ چناچہ مکہ کے کفار اور مشرکین جب قرآن کریم کی سچائی اور اس کے گہرے اثرات اور نبی کریم ﷺ کی مقناطیسی شخصیت کے سامنے عاجز اور بےبس ہوگئے تو انہوں نے قرآن کی تاثیر اور نبی کریم ﷺ کی عظمت کو کم کرنے کے لئے انتہائی غیر سنجیدیہ حرکتیں کرنا شروع کردیں۔ انہوں نے کچھ لوگوں کو اس مقصد کے لئے تیار کرلیا کہ جب بھی قرآن کریم پڑھا جائے تو اس کو نہ تو خود سنیں اور نہ کسی دوسرے کو سننے دیں اس قدر شور و غل مچایا جائے ، دخل اندازی کی جائے اور عیب لگائے جائیں کہ جن لوگوں نے اسلام قبول کرلیا وہ پلٹ کر پھر سے ان کی طرف آجائیں اور اس طرح وہ غالب آجائے اور عیب لگائے جائیں کہ جن لوگوں نے اسلام قبول کرلیا وہ پلٹ کر پھر سے ان کی طرف آجائیں اور اس طرح وہ غالب آجائیں گے۔ چناچہ حضرت عبد اللہ ابن عباس ؓ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا کہ ابو جہل نے لوگوں سے کہا کہ یہ شخ ( حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ جب قرآن پڑھیں تو خوب شور مچائو ، تالیاں پیٹو ، سیٹیاں بجائو تا کہ تمہیں یہ پتہ نہ چلے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں اور سچ مچ میں طرح طرح کی آوازیں نکالو اور قرآن سننے سے لوگوں کو روکو۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو قرآن کریم کا یہ ادب سکھایا ہے کہ جب بھی قرآن پڑھا جائے تو خاموش رہ کر غور سے سنا جائے تا کہ اللہ اپنی رحمتوں کو نازل کرسکے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جو لوگ ایسی گھٹیا، نیچ غیر سنجیدہ اور اوچھی حرکتیں کر رہے ہیں وہ اپنے بد ترین انجام سے بیخبر ہیں ورنہ وہ ایسی باتیں نہ کرتے ۔ جب قیامت کے دن ان کو ان کے برے اعمال کی سزا شدید ترین عذاب دیاجائے گا ۔ فرشتے ان کو جہنم کی آگ میں جھونکنے کے لئے گھسیٹتے ہوئے لائیں گے تو اس وقت وہ نہ صرف شرمندہ ہوں گے بلکہ اپنے کئے پر پچھتا کر ان لوگوں کو برا بھلا کہنا شروع کردیں گے جنہوں نے ان کو گمراہ کیا تھا اور سبز باغ دکھائے تھے۔ وہ بارگاہ الٰہی میں درخواست پیش کریں گے کہ الٰہی ! انسانوں اور جنات میں ان لوگوں کو ہمارے سامنے لایئے جو ہمارے اس بگاڑ اور تباہی کا سبب بنے ہیں ، وہ اگر آج ہمارے سامنے آجائیں تو ہم ان کو پاؤں تلے روند ڈالیں گے اور رسوا اور ذلیل کر کے رکھ دیں گے۔

فرمایا کہ ایک طرف تو یہ کفار و مشرکین اپنی ذلت اور شرمندگی میں اپنی بوٹیاں نوچ رہے ہوں گے اور دوسری طرف وہ خوش نصیب صاحبان ایمان ہوں گے جنہوں نے حق و صداقت کی تعلیم کو پوری طرح مان کر یہ کہا ہوگا کہ ہمارا رب تو صرف اللہ ہے اور وہ اس پر ثابت قدم بھی رہے ہوں گے تو ان پر اللہ کے فرشتے اور اس کی رحمتیں نازل ہو رہی ہوں گی ۔ فرشتے کہیں گے کہ تم کسی طرح کا رنج و غم نہ کرو اور جنت کا وعدہ پورا ہونے کا وقت آگیا ہے اس پر خوشیاں منائو۔ ان کے کہنے کا مطلب یہ ہوگا کہ تمہیں آئندہ جو حالات پیش آئیں گے ان کا خوف نہ کرو اور جو چیزیں ( مال ، اولاد ، جائیداد وغیرہ) تم دنیا میں چھوڑ آئے ہو ان کا غم نہ کرو اور اللہ نے جس جنت کا وعدہ فرمایا تھا اس کے پورا ہونے کا وقت آگیا ہے اس پر تم خوش ہو جائو۔

وہ فرشتے یہ بھی کہیں گے کہ ہم جس طرح دنیا میں تمہارے ساتھ تھے اسی طرح یہاں بھی تمہارے ساتھی رہیں گے۔ وہ اس بات کی خوش خبری بھی دیں گے کہ اہل جنت کے لئے ان جنتوں میں ہر وہ چیز ہوگی جس کی وہ خواہش یا طلب کریں گے یہ در حقیقت نہایت بخشنے والے مہربان پروردگار کی طرف سے مہمان داری ہوگی جو اہل جنت کا ایک بڑا اعزاز ہوگا ۔

ان آیات میں فرمایا کہ ” ربنا اللہ ثم استقاموا “ یعنی جو لوگ یہ کہیں گے کہ ہمارا پروردگار صرف اللہ ہے اور پھر اسی پر وہ قائم بھی رہے ہوں گے یہ دین اسلام کی اصل بنیاد اور دین کی تعلیمات کا خلاصہ ہے چناچہ ایک مرتبہ حضرت سفیان ابن عبد اللہ ثقفی نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول ﷺ مجھے دین اسلام کی ایک ایسی جامع بات بتا دیجئے جس کے بعد مجھے کسی اور سے نہ پوچھنا پڑے ۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ کہو ” امنت اللہ ثم استقیم “ (صحیح مسلم) یعنی تم کہو کہ میں اللہ پر ایمان لے آیا اور پھر اسی پر جمے رہو مراد یہ ہے کہ ایمان پر اس قدر مضبوطی سے ڈٹ جائو کہ ایمان کے ہر تقاضے اور مل صالح کو اختیار کرنا تمہارا مزاج بن جائے۔

ایک مرتبہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ نے لوگوں سے پوچھا کہ تم ” ثم استقیم “ کا کیا مطلب سمجھتے ہو ؟ انہوں نے کہا کہ توحید کا اقرار کرنے کے بعد کوئی گناہ نہ کرے۔ اس پر حضرت صدیق اکبر ؓ نے فرمایا کہ تم نے دین کو ایک مشکل بات بنا دیا ۔ لوگوں نے عرض کیا کہ آپ ہی اس کا مطلب بتا دیجئے۔ آپ نے فرمایا کہ توحید کا اقرار کرنے کے بعد پھر بت پرستی اور شرک کو اختیار نہ کرنا ۔

سیدنا عمر فاروق ؓ نے فرمایا کہ ” ثم استقم “ یہ ہے کہ توحید کے اقرار کے بعد منافقت نہ کی جائے۔ ایک مرتبہ فاروق اعظم ؓ نے فرمایا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ تم اللہ کے تمام احکامات اور امرو نواہی پر سیدھے جمے رہو۔ ادھر ادھر لومڑیوں کی کی طرح بھاگنے کے راستے تلاش نہ کرو۔

حضرت عثمان غنی ؓ نے فرمایا کہ استقیامت کے معنی اخلاص عمل کے ہیں ، یعنی اپنے ہر عمل کو خالص اللہ کے لئے کرنا ۔

حضرت حسن بصری ؓ نے ” ثم استقم “ کا مطلب یہ بتایا ہے کہ اللہ کے حکم پر قائم رہ کر اسی کی اطاعت کرنا اور اس کی ہر طرح کی نافرمانی سے بچنا۔ ( تفسیر بصری)

تفسیر کشاف میں ہے کہ انسان کا ربنا اللہ کہنا سب ہی درست ہو سکتا ہے جب وہ دل سے یقین کرے کہ میں ہر حال اور ہر قدم پر اللہ کی زیر نگرانی تربیت حاصل کر رہا ہوں ۔ جیسے ایک سانس بھی اس کی رحمت کے بغیر نہیں آسکتا ۔ اس کا تقاضا یہ ہے کہ آدمی عبادت و بندی کے طریقوں پر اس طرح استقامت کے ساتھ جما رہے کہ اس کا قلب اور قالب ( بدن) دونوں اس کی عبادت و بندگی سے بال برابر بھی ادھر ادھر نہ بھٹکیں۔

ان تمام ارشادات سے معلوم ہوا کہ اللہ کی ذات پر مکمل بھروسہ اور ایمان خالص جس میں شرک و کفر اور بدعات کی ملاوٹ نہ ہو ۔ اللہ کے احکامات پر پوری طرح عمل کرنا اور ہر سچائی پر ڈٹ جانا ۔ وہی کام کرنا جو اللہ اور اس کے رسول کو پسند ہو۔

اللہ کے فرشتے اہل ایمان پر نازل ہوتے ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ مرتے وقت ، قبروں میں قبروں سے دوبارہ زندہ ہو کر اٹھنے میں یہ فرشتے اترتے ہیں ۔ ابو حیان نے بحر محیط میں فرمایا کہ میں تو کہتا ہوں کہ مومنوں پر فرشتے ہر روز نازل ہوتے ہیں جن کے آثار و برکات ان کے اعمال میں پائے جاتے ہیں۔

حضرت ثابت بنانی سے نعیم نے روایت کیا ہے کہ انہوں نے ” حم السجدہ “ کی اس آیت کی تلاوت فرمائی جب وہ ” تنزل علیھم “ پر پہنچے تو فرمایا کہ ہمیں یہ حدیث پہنچی ہے کہ مومن جس وقت قبر سے اٹھے گا تو وہ فرشتے جو دنیا میں اس کے ساتھ رہتے تھے وہ اس سے ملیں گے اور اس سے کہیں گے کہ تم خوف اور غم نہ کرو بلکہ جنت کی بشارت سنو جس کا تم سے وعدہ کیا گیا تھا ۔ ان فرشتوں کا کلام سن کر اہل ایمان کو اطمینان و سکون مل جائے گا ۔

اسی آیت کا یہ ٹکڑا ” ولکم فیھا ما تشھی “ یعنی جو بھی تمہاری خواہش اور طلب ہوگی وہ جنت میں اہل جنت کو دی جائے گی ۔ اس کی وضاحت نبی کریم ﷺ نے یہ فرمائی ہے کہ جب تم جنت میں کسی پرندے کو اڑاتے دیکھو گے اور تمہارے دل میں اس کے کھانے کی خواہش پیدا ہوگی تو وہ پرندہ اسی وقت بھنا بھنا یا تمہارے سامنے آ گرے گا ۔ یعنی روایات میں آتا ہے کہ وہ نہ تو آگ سے پکا ہوگا اور نہ دھوئیں سے بلکہ خود بخود پک کر تمہارے سامنے آجائے گا۔ ( بیہقی)