IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 46. Al-Ahqaf · Ayah 13

  1. اِنَّ الَّذِیْنَ قَالُوْا رَبُّنَا اللّٰهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوْا فَلَا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَۚ﴿13﴾

    1. اِنَّبیشک
    2. الَّذِيْنَ قَالُوْاجن لوگوں نے کہا
    3. رَبُّنَا اللّٰهُہمارا رب اللہ
    4. ثُمَّ اسْتَقَامُوْاپھر وہ قائم رہے
    5. فَلَا خَوْفٌتو کوئی خوف نہیں
    6. عَلَيْهِمْان پر
    7. وَلَا هُمْاور نہ وہ
    8. يَحْزَنُوْنَغمگین ہوں گے
Translation · Baseerat-e-Quran
جن لوگونے کہا کہ ہمارا پروردگار اللہ ہے پھر اس کہنے پر وہ مضبوطی سے ڈٹے رہے تو ایسے لوگوں پر نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ رنجیدہ ہوں گے ۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

تشریح ـ: آیات نمبر 13 تا 20

قرآن کریم میں کئی مقامات پر اللہ نے اپنی اطاعت و عبادت اور فرماں برداری کا حکم دیتے ہوئے ہر شخص کو اپنے ماں باپ کے ساتھ بہترین سلوک ، حسن معاملہ ، ان کی تعظیم و تکریم اور خدمت و اطاعت کا حکم بھی دیا ہے ۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ کے بعد دنیا میں سب سے بڑا حق ماں اور باپ کا ہے۔ بلکہ ہر طرح کی ذہنی اذیتوں اور رنج و غم سے دور رہنے کا اور دنیا و آخرت میں کامیابی کا راز اسی میں پوشیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ، اس کے رسول اور اپنے ماں بات کے ساتھ محبت و اطاعت کا حق ادا کردیاجائے۔ زیر مطالعہ آیات میں بتایا گیا ہے کہ جب ایک آدمی اللہ کے ایک ہونے کا زبان سے اقرار اور دل سے تصدیق کردے تو پھر زندگی کے آخری سانس تک اسی پر جما رہے اور اس راہ میں آنے والی ہر مصیبت کا ڈٹ کر مقابلہ کرے۔ ایک مرتبہ حضرت سفیان ابن عبداللہ ثقفی ؓ نے نبی کریم ﷺ سے عرض کیا اے اللہ کے رسول مجھے دین اسلام کی ایک ایسی جامع اور مکمل بات بتادیجئی کہ پھر اس کے بعد مجھے اس سلسلہ میں کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہ رہے۔ آپ نے جواب فرمایا ” قل امنت باللہ ثم استقم “ یعنی تم یہ کہو کہ میں اللہ پر ایمان لے آیا اور پھر اس عقیدہ پر قائم رہو اور ڈٹے رہو۔ استقامت کیا ہے اس کی وضاحت حضرت عبداللہ ابن عباس ؓ نے اس طرح فرمائی ہے کہ استقامت یہ ہے کہ اس پر جو بھی فرائض عائد ہوتے ہیں ان کو پوری طرح ادا کرنا اور اس پر قائم رہنا (ابن کثیر )

خلاصہ یہ ہے کہ ایمان قبول کرلینے کے بعد حالات کتنے بھی مخالف کیوں نہ وہوں آدمی کو ان حالات کا اس طرح ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے کہ عقیدے اور عمل میں ذرا بھی ڈگمگاہٹ آنے نہ پائے۔ اللہ نے اور اس کے رسول نے جس کام کے کرنے کا حکم دیا ہو اس کو اسی طرح کرنا اور جس چیز سے منع کردیا ہو اس سے رک جانا۔ یہ انسان کی اتنی بڑی کامیابی ہے کہ پھر نہ تو ماضی پر کوئی شرمندگی، پچھتاوا اور خوف ہوگا اور نہ اخرت کا رنج ہوگا۔ اس بات کو سورة حم المسجد میں ذرا سی تفصیل سے اسی طرح ارشاد فرمایا گیا ہے “ بیشک جن لوگوں نے یہ کہا کہ ہمارا رب اللہ ہے پھر وہ اس پر ڈٹے رہے تو ان پر اللہ کے فرشتے (رحمتیں لے کر ) نازل ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ تم کسی طرح کا نہ تو خوف کرو اور رنج و غم ۔ اور اس جنت کے ملنے پر خوش ہوجائو جس کا تم سے وعدہ کیا گیا تھا۔ ہم دنیا اور آخرت (دونوں زندگیوں میں) تمہارے ساتھ ہوں گے۔ تمہیں ان جنتوں میں ہر وہ چیز دی جائے گی جو تمہارا دل چاہے گا اور جو مانگو گے وہ تمہیں ملے گا۔ یہ رحمٰن و رحیم اللہ کی طرف سے مہمان نوازی ہوگی۔ (حم السجدہ آیت نمبر 30 تا 32 )

(1) ۔ ان آیات میں ایمان پر استقامت کے ساتھ والدین اور خاص طور پر ماں کے ساتھ حسن سلوک، اور ان کی تعظیم و تکریم کا حکم دیا گیا ہے۔ قرآن کریم میں اس بات کی وضاحت فر مادی گئی ہے کہ اگر والدین کا فرد مشرک ہوں تب بھی ان کی خدمت، حسن سلوک اور احترام میں کمی نہ لائی جائے۔ البتہ اگر والدین کفر و شرک یا گناہ کی زندگی اختیار کرنے کا حکم دیں تو اس سے انکار کردینا فرض ہے کیونکہ گناہ اور معیصت میں کسی کی اطاعت نہیں کی جائے گی۔ لیکن والدین کے کفر و شرک کی وجہ سے ان کے ساتھ بد سلوکی کرنے کی قطعاً اجازت نہیں ہے۔

(2) بیشک کائنات میں صرف ایک اللہ ہی ہے جو سب کی پرورش کر رہا ہے لیکن دنیا کے ظاہری اسباب میں ماں باپ کے دل میں اللہ نے اپنی اولاد کی ایسی محبت و شفقت ڈال دی ہے کہ ہر بچہ والدین کی شفقت و محبت کے سائے میں پل بڑھ کر جو ان ہوتا ہے۔ اس محبت و شفقت اور اولاد کے لئے تکلیفیں برداشت کرنے میں ماں اور باپ دونوں کا برابر کا درجہ ہوتا ہے لیکن اللہ نے مرد کو زیادہ طاقت ور اور حوصلہ مند بنایا ہے لیکن ماں تو صنف نازک ہونے کے باوجود بچے کی پیدائش سے لے کر اس کو جوان ہونے تک مشقت پر مشقت اٹھاتی ہے ۔ ایک ماں اپنے بچے کو نو مہینے یا اس کم یا زیادہ عرصے تک پیٹ میں رکھتی ہے۔ بوجھ پر بوجھ بڑھتا چلا جاتا ہے مگر ماں اس بوجھ کو اٹھائے پھرتی ہے، چلنے پھرنے ، سونے جاگنے اور ہر قدم اٹھانے میں انتہائی احتیاط کرتی ہے ، اس کو خون جگر پلاتی ہے، پھر زندگی اور موت کی جیسی تکلیف برداشت کرکے اس کو دنیا میں جیتے جاگتے انسان کی شکل میں لانے کا سبب بنتی ہے۔ کم از کم چھ مہینے یا اس سے کچھ زیادہ اپنے پیٹ میں رکھنے کے بعد دو سال تک اس کو دودھ پلاتی ہے ۔ وہ دودھ جو اس کی بہترین غذا ہوتی ہے۔ اگر بچہ کمزور یا بیمار ہے تو اس کو ڈھائی سال تک بھی دودھ پلاتی ہے۔ اگر بچہ بیمار ہوجائے تو ماں رات بھر بےچین و بےقرار رہتی ہے۔ یہ اور اسی طرح کی ہزاروں تکلیفیں ایک ماں ہی اٹھاسکتی ہے لہذا باپ سے زیادہ ماں اس بات کی مستحق ہے کہ اس کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جائے۔ اسی لئے نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ (ایک مومن کو) اپنی والدہ کے ساتھ بہترین معاملہ کرنا چاہیے۔ اپنی والدہ کی پھر اپنی والدہ کی پھر والدہ کی اس کے بعد والد کی اور اس کے بعد جو قریب ترشتہ دار ہوں ان کے ساتھ خدمت اور صلہ رحمی کا معاملہ کرنا چاہیے۔ (بصری) ۔

(3) ان آیات میں تیسری بات یہ ارشاد فرمائی گئی ہے کہ یوں تو زندگی میں ہوش سنبھالنے کے بعد سے اللہ کی اطاعت و فرماں برداری اختیار کرنا فرض اور عین سعادت ہے لیکن جو ان ہونے کے بعد جب ایک آدمی چالیس سال کی عمر کو پہنچ جاتا ہے جب زندگی میں ایک پختگی اور عقل آجاتی ہے تب اس کی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے کیونکہ اب اس نے بڑھاپے کی طرف قدم رکھنا شروع کردیا ہے۔ ایسے شخص کو اس بات کا شدت سے احساس ہونا چاہیے کہ اگر اس نے اپنے ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک نہ کیا تو اس کے بڑھاپے میں اس کی اپنی اولاد ، اس کی بیوی اور رشتہ دار بھی اس کا لحاظ نہ کریں ۔

(4) ۔ چوتھی بات یہ ارشاد فرمائی گئی ہے کہ اولاد دو طرح کی ہوتی ہے فرماں بردار اور نافرمان۔ فرماں بردار اور اطاعت گذار نیک اولاد کا انداز تو یہ ہوتا ہے کہ وہ اللہ کی دی ہوئی ہر نعمت پر اس کا شکر ادا کرتی ہے اور اس کی زبان پر یہ بات ہوتی ہے کہ الہٰی ! آپ نے مجھ پر اور میرے والدین پر جو انعامات اور کرم کئے ہیں میں نہ صرف اس کا شکر ادا کرتا ہوں بلکہ مزید شکر ادا کرنے کی توفیق کی درخواست کرتا ہوں تاکہ میں حسن عمل میں سب سے آگے نکل جاؤں ۔ وہ اس بات کی بھی دعا کرتا ہے کہ الہٰی ! میری اولاد کی بھی اصلاح فرمادیجئے تاکہ وہ بھی آپ کے دین کی خدمت میں کام آسکے۔ وہ اللہ کی بارگاہ میں توبہ کرتے ہوئے اس کی فرماں برداری کا اقرار کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ میں ایسے لوگوں کی دعاؤں کو قبول کر کے ان کو بھول چوک سے درگذر کرتا ہوں اور ان سے یہ سچاوعدہ کرتا ہوں کہ میں ان کو جنت کی راحتیں ضرورعطا کروں گا۔

اس کے خلاف ایک اولاد ہوتی ہے جو اللہ تعالیٰ اور اپنے والدین کے احسانات کو ماننے کے بجائے ان کے سامنے بےادبی اور گستاخی کا انداز اختیار کرتے ہوئے کہتی ہے کہ مجھے تمہارے طریقے پسند نہیں ہیں۔ وہ کہتا ہے کہ بھلا یہ کہاں کی عقل مندی ہے کہ جب میں مر جائو گا دوبارہ زندہ کیا جاؤں گا۔ کیا مجھ سے پہلے بیشمار وہ لوگ جو اس دنیا سے چلے گئے ہیں ان میں سے کوئی ایک بھی زندہ ہو کر واپس آیا ہے ؟ جب والدین اس کی جاہلانہ باتوں سے اس کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس سے کہتے ہیں کہ اے بدنصیب ان حرکتوں سے باز آجا۔ اللہ پر ایمان لے آتو وہ اس کے جواب میں کہتا ہے یہ سب تو پرانے زمانے کے وہ قصے ہیں جن کو نجانے کب سے ہم سنتے آرہے ہیں ۔ اللہ نے فرمایا یہ وہ لوگ ہیں جو اپنی نالائقیوں کی وجہ سے نجات کا سامان کرنے کے بجائے ہر طرح کے گناہ سمیٹتے رہتے ہیں۔ اس کے والدین اس کا کافرانہ باتوں کو سن کر اللہ کی بارگاہ میں فریاد کرتے ہیں ۔ اور اپنے بیٹے سے کہتے ہیں کم بخت تو اب بھی اپنی حرکتوں سے باز آجا۔ اللہ کا وعدہ سچا ہے جو پورا ہو کر رہے گا اس وقت تیرا کیا حال ہوگا۔ وہ یہی کہتا ہے کہ یہ سب پرانے زمانے کی باتیں ہیں یعنی ان کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جس طرح بہت سے جنات اور انسانوں میں سے انکار کرنے والوں کا انجام ہو اس کا بھی وہی برا انجام ہوگا ۔ وہ سخت نقصان اٹھانے والوں میں سے ہوگا اور اس کو سوائے بد نصیبی کے اور کچھ بھی حاصل نہ ہوگا۔ آخر میں فرمایا کہ وہ لوگ جو سعادت مند ، نیک ، اللہ اور اس کے بندوں کے حقوق ادا کرنے والے ہیں اور ان کے برخلاف وہ لوگ جو اللہ کے نافرمان اور گستاخ ہیں ان کے اپنے اعمال کے مطابق درجات ہوں گے۔ کوئی جنت کی راحتوں سے لطف اٹھارہا ہوگا اور کوئی اپنے برے اعمال کی وجہ سے جہنم کی آگ میں جھلس رہا ہوگا اور اس طرح ہر شخص اپنے اعمال کا پورا پورا بدلہ حاصل کرسکے گا اور کسی پر کسی طرح کا ظلم اور زیادتی نہ ہوگی۔ کافروں کے متعلق ارشاد فرمایا کہ جب جہنم کو ان کے سامنے لایا جائے گا کہ تم نے آخرت کی زندگی اور اس کی راحتوں کو چھوڑ کر دنیا کی زندگی اور اس کی راحتیں حاصل کرنے میں اپنی ساری صلاحیتوں کا لگا کر خوب عیش و آرام سے زندگی گذارلی اور خوب شہرت اور عزت کمائی اب آخرت میں تمہارا کوئی حصہ نہیں ہے۔ آج تمہارے اعمال کا نتیجہ تمہارے سامنے ہے اس کو بھگتو۔ چونکہ تم دنیا کی ذرا سی دولت کی وجہ سے غرور وتکبر کا پیکر بنے ہوئے تھے آج تمہیں ایسا عذاب دیا جائے گا جو تمہیں رسوا اور ذلیل و خوار کر کے رکھ دے گا اور تم پر اللہ کی لعنت اور پھٹکار برسے گی۔