IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 46. Al-Ahqaf · Ayah 7

  1. وَ اِذَا تُتْلٰى عَلَیْهِمْ اٰیٰتُنَا بَیِّنٰتٍ قَالَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا لِلْحَقِّ لَمَّا جَآءَهُمْ١ۙ هٰذَا سِحْرٌ مُّبِیْنٌؕ﴿7﴾

    1. وَاِذَااور جب
    2. تُتْلٰىپڑھی جاتی ہیں
    3. عَلَيْهِمْان پر
    4. اٰيٰتُنَاآیات ہماری
    5. بَيِّنٰتٍواضح
    6. قَالَکہتے ہیں
    7. الَّذِيْنَجن لوگوں نے
    8. كَفَرُوْاانکار کیا
    9. لِلْحَقِّحق کا
    10. لَمَّاجب
    11. جَآءَهُمْ ۙان کے پاس آگیا
    12. ھٰذَا سِحْرٌیہ جادو
    13. مُّبِيْنٌکھلا
Translation · Baseerat-e-Quran
اور جب انہیں ہماری کھلی کھلی آیاتا سنائی جاتی ہیں تو یہ کافر (حق و صداقت کو سمجھنے کے باوجود ) یہ کہتے ہیں کہ یہ تو کھلا جادو ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

تشریح آیات 7 تا 12

قیامت تک آنے والے انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کے لئے اللہ تعالیٰ نے اپنا قرآن مجید نازل کیا اور اپنے آخری نبی اور رسول حضرت محمد ﷺ کو بھیجا تاکہ ہر شخص زندگی کے صحیح راستے پر چل کر آخرت کی حقیقی زندگی تک کامیابی کے ساتھ پہنچ سکے۔ قرآن کریم سب سے پہلے مخاطب مکہ مکرمہ کے وہ عرب تھے جنہیں اپنی عربی زبان پر اس قدر گھمنڈ تھا کہ وہ اپنے علاوہ ساری دنیا کو عجم یعنی گونگا کہا کرتے تھے ۔ ان کا گمان یہ تھا کہ ان کے علاوہ ساری دنیا کے پاس زبان اور بیان کی وہ طاقت ہی نہیں ہے جس سے وہ اپنے دلی جذبات کا پوری طرح اظہارکر سکیں۔ لیکن جب قرآن کریم نازل کیا گیا تو قرآن کریم کی فصاحت و بلاغت اور اعلیٰ ترین مضامین کے سامنے وہ بےبس نظر آنے لگے اور قرآن کریم کسی چیلنج کا وہ جواب نہ دے سکے بلکہ نعوذ باللہ وہ کہتے تھے کہ اس کو حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے خود سے گھڑلیا ہے انہوں نے اپنی شرمندگی کو مٹانے ، ضد، ہٹ دھرمی ، غرور ، تکبر اور رسول دشمنی میں اس سچائی کو بےحقیقت بنانے کی لئے طرح طرح کی باتیں مشہور کردیں۔ کبھی قرآن کریم کو جادو کہتے کیونکہ وہ ہر اس بات کو جادو کہہ دیا کرتے تھے جو ان کی طاقت و قوت سے بڑھ کر ہوا کرتی تھی۔ کبھی وہ یہ کہہ دیا کرتے تھے کہ اصل میں قرآن کریم حضرت محمد ﷺ نے خود ہی گھڑ کر اس کو اللہ کی طرف منسوب کردیا ہے ۔ کبھی وہ یہ اعتراض کرتے تھے کہ یہ کیسا رسول ہے جو کھاتا پیتا بھی ہے ، با ل بچے بھی رکھتا اور ہماری طرح بازاروں میں چلتا پھرتا ہے ۔ انہیں اہل کتاب میں سے بنی اسرائیل کے علم پر بہت بھروسہ اور اعتماد تھا اور وہ ان ہی لوگوں کو اہل دانش سمجھتے تھے یا انکو اہل علم سمجھتے تھے جن کے پاس دولت کی ریل پیل ہوا کرتی تھے اسی لئے وہ کہتے کہ اگر دین اسلام کی کوئی حقیقت اور حیثیت ہوتی تو ہم اور ہمارے اہل علم و دانش سب سے پہلے اس کتاب کو قبول کرتے۔ عمار ؓ ، بلال ؓ ، صہیب ؓ اور خباب ؓ جیسے کمزور لوگ اور لونڈی غلام اسلام کو قبول نہ کرتے۔ حالانکہ ایمان لانے والوں میں قریش کے معززین حضرت ابو بکرصدیق ؓ ، حضرت عمر فاروق ؓ ، حضرت عثمان غنی ؓ اور حضرت علی مرتضٰی ؓ جیسے عظیم لوگ ایمان کی دولت سے مالا مال ہوچکے تھے لیکن وہ دین اسلام کی حقارت کے لئے ان غریبوں ، کمزوروں ، لونڈیوں اور غلاموں کا نام لیتے تھے جو ان کے معاشرے میں حقیر سمجھے جاتے تھے۔ ان تمام باتوں کا مقصد صرف یہ تھا کہ نبی کریم ﷺ اور قرآن کریم کی اعلیٰ تعلیمات سے لوگوں کو اس طرح بد ظن کردیا جائے کہ ہر شخص ان کے قریب جانے سے گھبرانے لگے۔

اللہ تعالیٰ نے کفار قریش کی ان تمام باتوں اور اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ ان کفار کا یہ حال ہے کہ جب ان کے سامنے حق و صداقت بھر پور ہماری آیتوں کی تلاوت کی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ یہ تو کھلا ہوا جادو ہے ۔ وہ ایک مسلسل جھوٹ کا سہارا لے کر کہا کرتے تھے کہ اصل میں اس شخص نے اس قرآن کو اپنی طرف سے گھڑ لیا ہے ۔ اللہ نے فرما یا کہ اے نبی ﷺ آپ لوگوں کے سامنے صاف صاف اعلان کر دیجئے کہ اگر میں نے ایسا کیا ہوتا تو مجھے اللہ کے عذاب سے بچانے والا کون ہوتا۔ اس قرآن کے سلسلہ میں میرا گواہ صرف اللہ ہے جو اس بات کو جانتا ہے کہ تم اللہ کے لئے کیا کیا باتیں بناتے ہو۔ وہ اللہ جو بہت مغفرت کرنے والا اور نہایت مہربان ہے ۔ فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ یہ بھی کہہ دیجے کہ میں کوئی ایسا انوکھا یا نیا رسول نہیں ہوں کہ تمہارے گمان کے مطابق کھانے، پینے اور بیوی بچھے رکھنے سے بےنیازہوں بلکہ مجھ سے پہلے بہت سے پغمبر تشریف لائے ہیں جو انسان ہی تھے اور انہوں نے اللہ کا پیغام بندوں تک پہنچایا ۔ اسی پیغام الہی کو لے کر میں بھی آیا ہوں میرا دعویٰ نہیں ہے کہ میں سب کچھ جانتا ہوں ۔ مجھے تو یہ بھی معلوم نہیں کہ آئندہ میرے ساتھ کیا ہونے والا ہے اور مجھے یہ بھی نہیں معلوم کہ تمہارے ساتھ اللہ کا کیا معاملہ ہونے والا ہے۔ میں تو وہی بات بتا تا ہوں جو اللہ کی طرف سے مجھ پر وحی کی جاتی ہے ۔ میں بھی اسی کی پیروی کرتا ہوں اور میں تمہیں نہایت وضاحت سے صاف صاف طریقے پر آگاہ کرنے والا ہوں ۔ فرمایا کہ تم اہل کتاب بنی اسرائیل کو بہت پڑھا لکھا مانتے ہوذرا اس بات پر غور کرو کہ یہ قرآن اللہ کی طرف سے ہے ( اور حقیقت یہ ہے کہ قرآن اللہ ہی کی طرف سے ہے ) تم تو اللہ کا مسلسل انکار کرتے رہو اور بنی اسرائیل میں سے کوئی اس کتاب کے مومن جانب اللہ ہونے کا اقرار کر کے اس پر ایمان لے آئے اور تم تکبر ہی کرتے رہ جائو اس صورت میں تم سے بڑا ظالم اور بد نصیب اور کون ہوگا ۔ واقعی اللہ ایسے لوگوں کو ہدایت نہیں دیا کرتا جو اپنے پاؤں پر خود ہی کلہاڑی مارنے والے بےانصاف اور ظالم ہوں ۔ فرمایا کہ اے کفار قریش ! تمہارا یہ کہنا کہ اگر اس میں کوئی خیر اور بھلائی ہوتی تو ہم اس کے قبول کرنے میں دیر نہ کرتے اور لوگوں سے پیچھے نے رہتے اور تم یہ سمجھتے ہو کہ وہ پرانا جھوٹ ہے جو مسلسل چلا آرہا ہے اس پر ہم اعتماد کیسے کرلیں ۔ فرمایا کہ ذرا غور تو کرو اس سے پہلے ہم نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو توریت جیسی کتاب عطا کی تھی جو اپنے زمانہ کے لئے رہبر و رہنما تھی۔ اسی طرح یہ قرآن مجید بھی ہے جو سچائیوں کا مجموعہ ہے اور اسکو تمہاری سہولت و آسانی کے لئے عربی زبان میں نازل کیا ہے جو توریت کی تصدیق کرتا ہے اس کا انکار نہیں کرتا یا اس کو جھوٹا نہیں بتاتا۔ توریت اور قرآن یہ اللہ کی کتابیں ہیں جو بد عملوں کو ان کے برے انجام سے آگاہ اور خبر دار کرنے والی ہیں اور ان لوگوں ک لئے بہترین انجام کی خوش خبری ہے جو نیک عمل کرنے والے ہیں۔