IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 47. Muhammad · Ayah 16

  1. وَ مِنْهُمْ مَّنْ یَّسْتَمِعُ اِلَیْكَ١ۚ حَتّٰۤى اِذَا خَرَجُوْا مِنْ عِنْدِكَ قَالُوْا لِلَّذِیْنَ اُوْتُوا الْعِلْمَ مَا ذَا قَالَ اٰنِفًا١۫ اُولٰٓئِكَ الَّذِیْنَ طَبَعَ اللّٰهُ عَلٰى قُلُوْبِهِمْ وَ اتَّبَعُوْۤا اَهْوَآءَهُمْ﴿16﴾

    1. وَمِنْهُمْاور ان میں سے
    2. مَّنْ يَّسْتَمِعُجو سنتا ہے
    3. اِلَيْكَ ۚآپ کی طرف
    4. حَتّىٰٓیہاں تک کہ
    5. اِذَا خَرَجُوْاجب وہ نکلتے ہیں
    6. مِنْ عِنْدِكَآپ کے پاس سے
    7. قَالُوْاوہ کہتے ہیں
    8. لِلَّذِيْنَان لوگوں کو جنہیں
    9. اُوْتُوا الْعِلْمَعلم دیا گیا (اہل علم)
    10. مَاذَاکیا
    11. قَالَاس نے کہا
    12. اٰنِفًا ۣابھی
    13. اُولٰٓئِكَیہی لوگ
    14. الَّذِيْنَوہ جو
    15. طَبَعَمہر کردی
    16. اللّٰهُاللہ نے
    17. عَلٰي قُلُوْبِهِمْان کے دلوں پر
    18. وَاتَّبَعُوْٓااور انہوں نے پیروی کی
    19. اَهْوَآءَهُمْاپنی خواہشات
Translation · Baseerat-e-Quran
ان میں سے بعض ایسے لوگ ہیں جو آپ کی طرف کان لگاتے ہیں۔ یہاں تک کہ جب وہ آپ کے پاس سے نکلتے ہیں ( تو یہ منافق) ان لوگوں سے جن کو (کبھی توریت وغیرہ کا ) علم دیا گیا تھا کہتے ہیں کہ اس شخص نے ابھی ابھی کیا کہا تھا ؟ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں پر اللہ نے مہریں لگادی ہیں جو اپنی خواہشات کے پیچھے چلتے ہیں۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 16 تا 20 :

یستمع (کان لگاتا ہے۔ جاسوسی کرتا ہے) ‘ انف (ابھی ابھی) ‘ متقلب (الٹنا پلٹنا) ‘ محکمۃ (پختہ۔ اور پکی) ‘ المغشی ( بےہوش ہونے والا) ‘ اولی (ولی) خرابی ہے۔

تشریح : آیت نمبر 16 تا 20 :

جس کے دل میں ایمان اور عمل صالح کی سچی تڑپ اور لگن نہ ہو وہ کسی نیک ‘ بھلی اور بہتر بات کو نہ سنجیدگی ‘ دل چسپی اور توجہ سے سنتا ہے نہ اس کی گہرائی پر غور و فکر کرتا ہے۔ کان اگر کسی بات کو سن رہے ہیں تو دل و دماغ کسی اور ہی طرف متوجہ ہوتے ہیں ایسے لوگوں کی بےحسی ان کو حق و صداقت سے بہت دور لے جاتی ہے۔ اس کے برخلاف جن کے دل میں ایمان اور عمل صالح کے ساتھ کچھ سیکھ کر عمل کرنے کا جذبہ ہوتا ہے ایسے لوگ ہر نیک بات کو نہ صرف غور سے سنتے ہیں بلکہ اپنے ہر عمل میں ڈھالنے کی جدوجہد کرتے ہیں۔

جب نبی کریم ﷺ صحابہ کرام ؓ کے لئے کوئی وعظ و نصیحت کی بات فرماتے تو آپ کی محفل میں ایسے لوگ بھی آجاتے تھے جنہوں نے دل کی گہرائیوں سے ایمان قبول نہ کیا تھا وہ آپ کی باتوں کو بےدلی سے سنتے اور جب وہ محفل رسول ﷺ سے باہر نکلتے تو مخلص صحابہ کرام ؓ سے پوچھتے کہ ابھی ابھی اللہ کے رسول نے کیا کہا تھا ؟ لیکن صحابہ کرام ؓ جو ایمان اور عمل صالح کے پیکر تھے اور ہر نیک بات کو سن کر اس پر عمل کرنے کے لئے بےچین ہو جیا کرتے تھے جنہیں نبی کریم ﷺ کی ہر بات پر اعتماد اور علم یقین حاصل تھا وہ آپ کے ارشادات کو سن کر نہ صرف اپنے ایمان کو تازہ کرتے رہتے تھے بلکہ عمل کرنے میں بےتابانہ آگے بڑھتے چلے جاتے تھے۔ فرمایا کہ جو لوگ نبی کریم ﷺ کی باتوں پر پوری طرح دھیان نہیں دیتے درحقیقت اللہ نے ان کے دلوں پر مہر لگادی ہے جس کی وجہ سے انہیں کسی نیک اور بھلی بات پر عمل کی توفیق نصیب نہیں ہوتی۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ بےعمل لوگ ہر وقت اپنی نفسانی خواہشات کے پیچھے لگے رہتے ہیں اور انہیں قیامت کے آنے کا یقین ہی نہیں ہوتا حالانکہ اگر وہ غور کرتے تو انہیں یہ بات اچھی طرح معلوم ہوجاتی کہ قیامت اس قدر اچانک آئے گی کہ انہیں پتہ بھی نہ چلے گا۔ فرمایا کہ اگر وہ غور کریں تو انہیں معلوم ہوجائے گا کہ قیامت کی بہت سی نشانیاں تو آچکی ہیں۔

خود نبی کریم ﷺ کا آنا اس بات کی دلیل ہے کہ بس اب قیامت ہی آئے گی کیونکہ آپ اللہ کے آخری نبی اور آخری رسول ہیں اسی لئے نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ میرا مبعوث ہونا اور قیات کا آنا اس طرح ہے یہ کہہ کر آپ نے اپنی بیچ کی انگلی اور شہادت کی انگلی کو باہم ملا کر دکھایا کہ اس طرح۔ فرمایا کہ جب قیامت برپا ہوجائے گی تو پھر وہ وقت سوچنے ‘ سمجھنے اور عمل کرنے کا نہیں بلکہ فیصلے کا دن ہوگا۔

نبی کریم ﷺ سے فرمایا گیا ہے کہ آپ اللہ کے اس پیغام کو ہر شخص تک پہنچانے کی جدوجہد جاری رکھئے اور بتا دیجئے کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ہے اور اگر اس بھاگ دوڑ میں آپ سے یا آپکے جاں نثار صحابہ سے کوئی بھی کوتاہی یا لعزش ہوجائے تو آپ اپنے لئے اور مومن مردوں اور مومن عورتوں کے لئے استغفار کرتے رہیے۔ اللہ کو ہر کیفیت کا علم ہے اور وہ بہت معاف کرنے والا مہربان ہے۔

فرمایا کہ وہ لوگ جو ایمان اور عمل صالح کے پیک ہیں وہ تو یہ تمنا کرتے ہیں کہ اگر اللہ کی طرف سے کوئی واضح سورت نازل کردی جائے جس میں انہیں کفار سے جہاد کرنے کی اجازت دی گئی ہو تو وہ اپنی جان اور مال سے اللہ کے راستے میں قربانیاں پیش کریں۔ جب اللہ کی طرف سے جہاد کرنے اور کفار و مشرکین کے ظلم و ستم کا جواب دینے کے لئے جہاد کا حکم دیا گیا تو اہل ایمان خوش ہوگئے لیکن جو ذہنی ‘ دماغی اور عملی مرض میں مبتلا تھے ان کا یہ حال ہوا کہ جہاد کا حکم سن کر ان پر موت کا سناٹا طاری ہوگیا اور ایسا لگتا تھا کہ جیسے ان پر موت کی بےہوشی چھا گئی ہے۔ فرمایا کہ ایسے لوگوں کے برے اعمال کا وبال ان پر ضرور پڑے گا اور وقت پڑنے پر کھرے کھوٹے کا پتہ چل جائے گا۔

ان آیات کی مزید وضاحت کے لئے عرض ہے کہ ؛

پہلی بات تو یہ ہے کہ قیامت کب آئے گی ؟ اس کا علم صرف اللہ تعالیٰ کو ہے وہی جانتا ہے کہ وہ قیامت کب واقع ہوگی البتہ نبی کریم ﷺ کو بعض علامات قیامت بتادی گئی تھیں جنہیں آپ نے تفصیل سے ارشاد فرمایا اور اس پر علمائے امت نے کافی کتابیں بھی لکھی ہیں۔ ان میں سے چند علامتیں یہ ہیں۔

٭ دنیا سے علم اٹھ جائے گا۔ جہالت عام ہوجائے گی اور لوگ علم دین کو کھانے کمانے کا ذریعہ بنا لیں گے۔ یعنی دنیا میں علوم تو بہت سے ہوں گے مگر علم حقیقی گھٹ جائے گا اور ہر طرف پڑھے لکھے لوگوں کی بھیڑ ہونے کے باوجود ہر طرف جہالت کاراج ہوگا۔

٭ قوم کی نمائندگی کرنے والے وہ لوگ ہوں گے جو معاشرے کے ذلیل لوگ ہوں گے۔

٭ مرد تھوڑے ہوں گے اور عورتوں کی کثرت ہوگی یہاں تک کہ پچاس عورتوں کا ذمہ دار ایک مرد ہوگا (بخاری مسلم)

٭زکوۃ جو ایک عبادت ہے اس کو لوگ تاوان سمجھ کر اداکریں گے اور اس بات کو بھول جائیں گے کہ وہ اپنی عبادت کا ایک فرض ادا کررہے ہیں۔

٭لوگ مال غنیمت کو ذاتی دولت سمجھ کر کھائیں گے اور امانت کو مال غنیمت قراردیدیا جائے گا ( یعنی اس کو حلال سمجھ کر کھائیں گے)

٭لوگ ماں باپ کے نافرمان اور بیوی کے اطاعت گذار ہوں گے لوگ اپنے دوستوں کو قریب اور باپ کو دور کردیں گے۔

٭ایک شریر اور ظالم کا احترام اس خوف کی وجہ سے کیا جائے گا تاکہ اس سے کوئی شدید نقصان نہ پہنچے۔

٭ہر طرف گانے بجانے (ناچ گانے) والی عورتوں کی کثرت ہوگی اور ہر گھر میں گانا بجانا عام ہوجائے گا۔

٭کثرت سے شراب پی جانے لگے گی۔

٭امت کے گذرے ہوئے (بزرگوں) لوگوں پر آنے والی نسل لعنت ملامت کرے گی۔

یہ اور اسی طرح کی بہت سی علامتیں ظاہر ہوجائیں گی تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اس وقت تم سرخ آندھی اور زلزلے کا انتظار کرنا۔ لوگوں کی شکلیں صورتیں مسخ ہوجائیں گی زمین کے بہت بڑے علاقے زمین میں دھنس جائیں گے۔ آسمان سے پتھر برسیں گے اور مسلسل آفتیں اس طرح آئیں گی کہ جیسے موتی کی لڑی ٹوٹ جانے سے اس کے دانے بکھرتے چلے جاتے ہیں۔

ان آیات میں دوسری بات یہ فرمائی گئی ہے کہ اے نبی ﷺ ! آپ ان کو سمجھاتے رہیے لیکن اگر وہ اتنا سب کچھ سننے کے باوجود اپنی بےعملی اور بےحسی کو چھوڑنے کے لئے تیار نہ ہوں تو آپ ان کی پرواہ نہ کیجئے آپ اپنے اعلیٰ ترین مقصد دین کو پھیلانے کی جدوجہد کرتے رہیے۔

اگر اس راہ حق و صداقت میں کہیں کسی جگہ کوئی کمی رہ جائے کسی قسم کی کوتاہی ہوجائے تو مغفرت کرنے والے پروردگار سے اپنے لئے بھی اور اہل ایمان کے لئے بھی استغفار کیجئے۔ وہ معاف کرنے والا مہربان آقا ہے اور وہ اپنے بندوں کے تمام حالات سے اچھی طرح واقف ہے۔

اسی آیت میں اللہ تعالیٰ نے استغفار کرنے کے متعلق فرمایا ہے۔ اسی لئے نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ میں ایک دن میں سو مرتبہ استغفار کرتا ہوں۔ آپ نے یہ بھی فرمایا کہ

افضل الذکر لا الہ الا اللہ و افضل الدعاء الا ستغفار

یعنی سب سے افضل ذکر کلمہ طیبہ ہے اور سب سے افضل دعا استغفار ہے

نبی کریم ﷺ جو معصوم ہیں جب آپ یہ فرما رہے ہیں کہ میں دن میں سو مرتبہ استغفار کرتا ہوں تو ہم گناہ گاروں کو غور کرنا چاہیے کہ ہم دن بھر میں کتنی مرتبہ اللہ سے اپنی خطاؤں کی معافی چاہتے ہیں ؟ اور استغفار کرتے ہیں ؟