IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 84. Al-Inshiqaaq · Ayah 1

  1. اِذَا السَّمَآءُ انْشَقَّتْۙ﴿1﴾

    1. اِذَاجب
    2. السَّمَآءُآسمان
    3. انْشَقَّتْپھٹ جائے گا
Translation · Baseerat-e-Quran
جب آسمان پھٹ جائے گا
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

تخلت۔ خالی ہوگئی۔ اذنت۔ سن لیا۔ حقت۔ اس لائق ہے۔ کا دح۔ مشقت اٹھانے والا۔ وراء ظھرہ۔ اس کی پیٹھ کے پیچھے سے۔ ثبور۔ موت۔ لن یحور۔ ہرگز واپس نہ ہوگا۔ شفق۔ سرخی۔ وسق۔ سمٹ کر آگئی۔ اتسق۔ وہ مکمل ہوگیا۔ ترکبن۔ تم ضرور چڑھو گے۔ قری۔ تلاوت کیا گیا۔ یوعون۔ وہ محفوط کئے ہوتے ہیں۔

تشریح : قرآن کریم میں ارشاد ہے ” وہی تو ہے جس نے تمہارے لئے وہ سب کچھ پیدا کیا جو زمین میں ہے۔ “ دوسری جگہ فرمایا ” اگر تم اللہ کی نعمتوں کو شمار کرنا چاہو تو ان کو شمار نہیں کرسکتے “ یہ دونوں آیتیں ہر انسان کو غور وفکر کی دعوت دے رہی ہیں کہ اگر انسان اپنے اردگرد دیکھے تو اپنے وجود سے لے کر باہر تک دنیا تک قدم قدم پر ایسی بیشمار نعمتیں ہیں جن سے وہ ہر آن ہر طرح کے فائدے حاصل کر رہا ہے۔

زمین، آسمان، چاند، سورج ، ستارے، فضائیں، ہوائیں، چرند، پرند، جمادات، نباتات، پہاڑ، دریا اور سمندر وغیرہ سب اس کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں ان تمام نعمتوں کا تقاضا یہ تھا کہ آدمی ہر وقت اس کا شکر ادا کرتا، اسی کی عبادت و بندگی اور نیاز مندی میں زندگی کا ہر لمحہ گزارتا۔ لیکن دیکھا یہ گیا ہے کہ اگر اس کو مال و دولت، گھر بار، اولاد اور عیش و آرام کے زیادہ اسباب مل جاتے ہیں تو وہ ان پر اترانے اور غرور وتکبر کرنے لگتا ہے۔ اپنے مالک حقیقی کو بھول کر دوسروں کی عبادت و بندگی اور کفرو شرک میں مبتلا ہوجاتا ہے۔

اللہ، اس کے رسول، قیامت اور آخرت کی ابدی زندگی کا انکار تک کر بیٹھتا ہے۔ اس کی زندگی نافرمانیوں کا پیکر بن کر رہ جاتی ہے۔ اس کے برخلاف اللہ نے کائنات میں جتنی بھی چیزیں پیدا کی ہیں وہ ہر وقت اس کے سامنے سر جھکائے اس کے حکم کی منتظر رہتی ہیں۔ قیامت کے دن زمین و آسمان اور ان کے درمیان کی چیزوں کو جو بھی حکم دیا جائے گا وہ اسی وقت اس کی تعمیل کریں گی۔

آسمان پھٹ جائے گا اور زمین کو کھینچ کر صاف، چٹیل اور ہموار میدان بنا دیا جائے گا جس کی وسعت میں ابتدائے کائنات سے قیامت تک جتنے انسان گزرے ہیں وہ سب اس پر جمع ہوجائیں گے۔ زمین اپنے اندر سے ہر چیز کو نکال کر باہر پھینک دے گی اور بالکل خالی ہوجائے گی۔ وہ زمین اس قدر ہم وار ہوجائے گی کہ کوئی پہاڑ، ٹیلہ، سمندر، دریا اور درخت ایک دوسرے کے دیکھنے میں رکاوٹ نہ بنیں گے کیونکہ اس سرزمین پر ان میں سے کوئی چیز بھی موجود نہ ہوگی۔ یہی وہ میدان حشر ہوگا جس میں ہر شخص کو اپنی زندگی کے ہر لمحے کا حساب دینا ہوگا۔ پھر جز ایا سزا کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اللہ تعالیٰ نے دنیا کے تمام انسانوں کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا ہے اے لوگو ! تم زندگی بھر، دن رات، صبح شام، اچھی یا بری، کسی نہ کسی بھاگ دوڑ، جدوجہد ، محنت اور مشقت میں لگ کر زندگی کے ہر میدان میں دوڑتے رہتے ہو۔ کبھی تم نے اس بات پر بھی غوروفکر سے کام لیا ہے کہ جس محنت لگن اور اپنے خون پسینے سے سینچ کر جس باغ کو بنا رہے ہو تو تمہاری آنکھ بند ہوتے ہی اس پر دوسروں کا قبضہ ہوجائے گا۔ موت کے ایک ہی جھٹکے میں ان تمام چیزوں سے رشتہ ٹوٹ جائے گا۔ تم زندگی کے کتنے مرحلوں سے گزر کر ایک منزل تک پہنچتے ہو۔

شکم مادر، بچپن، نوجوانی، جوانی ، ادھیڑ عمری اور پھر بڑھاپا اور ایک دن تم ان منزلوں سے گزرنے کے بعد موت کی آغوش میں جا کر سو جاتے ہو۔ کیا تم نے اس سے آگے کی منزلوں پر بھی غور کیا ہے کہ قبر یعنی عالم برزخ اور میدان حشر میں پہنچنے کے بعد تمہارے ساتھ کیا معاملہ کیا جائے گا ؟ حالانکہ اس دنیا کی زندگی کے بعد کی زندگی پر غور کرنا چاہتے تھا کیونکہ دنیا کی زندگی تو پچاس سو سال تک محدود ہے لیکن آکرت کی زندگی تو ہمیشہ کے لئے ہے اور وہاں کی ہر راحت اور تکلیف دائمی ہے۔ فرمایا کہ جب آدمی میدان حشر میں پہنچے گا تو اس نے زندگی بھر جو کام کئے ہوں گے ان کا مکمل ریکارڈ یعنی نامہ اعمال اس کے حوالے کردیا جائے گا۔ یہ اعمال نامے جن لوگوں کے داہنے ہاتھ میں دئیے جائیں گے وہ تو خوشی خوشی اپنے گھر والوں کے پاس پہنچیں گے۔ ہر ایک کو اپنے اعمال نامے دے کر کہیں گے کہ دیکھویہ ہے میرا اعمال نامہ ذرا اس کو پڑھو تو سہی غرضیکہ ایسا آدمی خوشی سے پھولا نہ سمائے گا۔ اور اس کو جنت کی ابدی راحتوں سے ہم کنار کردیا جائے گا۔

اور وہ لوگ جن کے بائیں ہاتھ میں پیچھے سے اعمال نامے دئیے جائیں گے وہ اپنے اعمال نامے پڑھ کر اور اپنے بدترین انجام کو دیکھ کر رونا اور چلان شروع کردیں گے اور نہایت حسرت و افسوس سے کہہ اٹھیں گے کہ اس سے تو موت ہی اچھی تھی کاش کہ ہمیں ایک مربتہ اور موت ہی آجائے لیکن ان کو موت نہ آئے گی بلکہ وہ اپنے برے انجام سے دور چار ہونے کے لئے جہنم میں جھونک دئیے جائیں گے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا یہ وہ لوگ ہوں گے جو اپنے گھروالوں میں بےفکر اور راحت و آرام کے اسباب میں مگن رہتے تھے جنہیں آکرت تک یاد نہ تھی بلکہ وہ یہ سمجھتے تھے کہ انہیں اسی دنیا میں رہنا ہے اور لوٹ کر اللہ کے سامنے نہیں جانا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے قسم کھا کر فرمایا ہے ( جس کا خلاصہ یہ ہے کہ) کیا یہ لوگ نہیں دیکھتے کہ سورج غروب ہونے کے بعد آسمان پر جو سرخی اور شفق ہوتی ہے وہ کچھ دیر کیسی بہار اور رونق دکھاکر غائب ہوجاتی ہے اور اس پر رات کا اندھیراچھا جاتا ہے۔ پھر رات آتی ہے تو رات کا اندھیرا ہر چیز کو اپنے اندر سمیٹ لیتا ہے۔ سارے دن کا تھکا ماندہ انسان اپنے گھرلوٹتا ہے، پرندے اپنے گھونسلوں کی طرف اور دوسرے جانور اپنے ٹھکانوں کی طرف لوٹ کر آرام کرتے ہیں لیکن وہ رات بھی اسی حالت پر نہیں رہتی بلکہ ایک صبح نمودار ہو کر سارے اندھیروں کو سمیٹ کر رکھ دیتی ہے۔ رات کے اندھیرے میں چاند اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکتا ہے۔ اس کی ٹھنڈی کرنوں سے سکون ملتا ہے۔ وہ مکمل چاند ہر روز گھٹتے گھٹتے کھجور کی سوکھی شاخ کی طرف باریک ہو کر غائب ہوجاتا ہے اور پھر اپنے وقت پر نکل آتا ہے۔

فرمایا کہ اس کائنات اور اس کی رونقیں جو ہمیں نظر آرہی ہیں ایک دن ختم ہو کر رہ جائیں گی اور پھر ایک نئی زمین اور نیا آسمان پیدا ہوگا۔ فرمایا کہ انسان کو کیا ہوگیا ایسی کھلی سچائیوں کو دیکھ کر بھی وہ اللہ پر یمان نہیں لاتا۔ جب اس کے سامنے قرآن پڑھا جاتا ہے اور وہ دیکھتا ہے کہ ہر مومن اللہ کے سامنے سجدہ کر رہا ہے تو اس کی جبین نیاز اللہ کے سامنے نہیں جھکتی اور ہر سچائی کو جھٹلانا اس کا مزاج بن جاتا ہے۔

فرمایا کہ اللہ کو ان کے تمام حالات کا اچھی طرح علم ہے کہ کون کیا کر رہا ہے۔ کون نیکیوں کو اپنا رہا ہے اور کون اس کا انکار کر رہا ہے۔

نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ ان لوگوں کو جو سچائیوں کا نکار کرنے والے ہیں جہنم کی خوش خبری سنا دیجئے۔ اور وہ لوگ جنہوں نے ایمان و یقین کے راستے کو اختیار کرکے عمل صالح اختیار کئے ان سے کہہ دیجئے کہ اللہ نے ان کے لئے ایسا عظیم اجر تیار کر رکھا ہے جو کبھی ختم نہ ہوگا اور ایسے لوگ ہمیشہ کی راحتوں میں رہیں گے۔