الإنشقاق

بصیرتِ قرآن

مولانا محمد آصف قاسمی

تعارف

تعارف : یہ سورة مکہ مکرمہ کے اس دور میں نازل ہوئی جب کفار و مشرکین قیامت کو نہ صرف جھٹلا رہے تھے بلکہ اس سے شدید اختلاف کرتے ہوئے کھلم کھلا یہ بات کہہ رہے تھے کہ جب ہم مر کر خاک ہوجائیں گے اور ہماری ہڈیوں کا چورہ چورہ ہوجائے گا تو ہم دوبارہ کیسے پیدا ہوسکتے ہیں ؟ یہ بات ہماری عقلوں میں نہیں آتی ان کا گمان یہ تھا کہ مرکر دوبارہ زندہ ہونا، اللہ کے سامنے حاضری اور زندگی بھر کے اعمال کا حساب دینا کیسے ممکن ہے ؟ یہ بات ہماری عقلوں میں نہیں آتی ان کا گمان یہ تھا کہ مر کر دوبارہ زندہ ہونا، اللہ کے سامنے حاضری اور زندگی بھر کے اعمال کا حساب دینا کیسے ممکن ہے ؟

اللہ نے فرمایا کہ اس نے اس کائنات کو پیدا کیا ہے وہ جب بھی اس کو مٹ جانے کا حکم دے گا یہ دنیا ختم ہو کر ایک نئی دنیا بن کر تیار ہوجائے گی۔ اس پر لازم ہے کہ وہ اپنے خالق کا حکم مانے۔ اسی بات کو ثابت کرنے کے لئے اللہ نے اس سورة میں جو کچھ فرمایا ہے اس کا خلاصہ یہ ہے۔

جب آسمان پھٹ جائے گا اور وہ پنے پروردگار کے حکم کی تعمیل کرے گا اس کیلئے لازمی ہے کہ وہ اپنے رب کا حکم مانے اور جب زمین پھیلا کر ہموار کردی جائے گی اور زمین اپنے اندر کی ہر چیز کا اگل دے گی اور باہر پھینک دے گی۔ یہ اللہ کا حکم ہوگا جس کی وہ پوری طرح تعمیل کرے گی۔

فرمایا کہ ہر انسان بڑی تیزی کے ساتھ اس منزل کی طرف چلا جا رہا ہے جہاں اسے اپنے رب سے ملنا ہے۔ اس وقت جس کا نامہ اعمال اس کے داہنے ہاتھ میں دیا جائے گا اس سے اس کا حساب آسان اور ہلکا لیا جائے گا اور وہ اپنے لوگوں میں خوشی خوشی ملے گا اور جس کا نامہ اعمال اس کی پیٹھ کے پیچھے سے دیا جائے گا تو وہ موت کو پکارے گا یعنی فریاد کرے گا کہ اس سے بہتر تھا کہ میں پھر مرگیا ہوتا لیکن وہ بھڑکتی آگ میں داخل کردیا جائے گا۔ یہ وہ ہوگا جو اپنے گھر والوں میں مگن رہتا تھا اور اس نے یہ سمجھ رکھا تھا کہ وہ کبھی لوٹ کر اپنے رب کے پاس نہ جائے گا۔ حالانکہ اس کا رب تو اس کے اعمال کو دیکھ رہا تھا۔

فرمایا کہ میں قسم کھاتا ہوں شفق (سورج ڈوبنے کے بعد کی سرخی) کی اور اس رات کی جو ہر چیز کو ڈھانپ لیتی ہے۔ اس چاند کی قسم جب وہ ماہ کامل ( پورا چاند) بن جاتا ہے کہ تمہیں درجہ بدرجہ ایک حالت سے دوسری حالت کی طرف گزرے چلے جانا ہے۔ لوگوں کو کیا ہوگیا کہ وہ (اس سچائی پر) ایمان نہیں لاتے ؟ جب ان کے سامنے قرآن کریم کی تلاوت کی جاتی ہے تو وہ اللہ کو سجدہ نہیں کرتے بلکہ وہ تو اس کو جھٹلاتے ہیں۔ حالانکہ یہ لوگ اپنے نامہ اعمال میں جو کچھ جمع کر رہے ہیں اللہ اس سے اچھی طرح واقف ہے۔ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے فرمایا گیا ہے کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان کو ایک درد ناک عذاب کی خوشی خبری سنا دیجئے۔ البتہ وہ لوگ جو ایمان لائے اور انہوں نے نیک اور بھلے اعمال کیے ان کے لئے کبھی نہ ختم ہونے والا اجر وثواب ہے۔