تفسیر درِ منثور
Dure-Mansoor · 75. Al-Qiyaama · Ayah 14
بَلِ الْاِنْسَانُ عَلٰى نَفْسِهٖ بَصِیْرَةٌۙ﴿14﴾
- بَلِ الْاِنْسَانُبلکہ انسان
- عَلٰيپر
- نَفْسِهٖاپنی جان (حالت)
- بَصِيْرَةٌباخبر
Translation · Dure-Mansoor
بلکہ انسان خود اپنی حالت پر خوب مطلع ہوگا
Tafseer · Dure-Mansoor
1۔ عبدالرزاق وابن جریر وابن المنذر نے کئی طرق سے ابن عباس ؓ سے روایت کیا کہ بل الانان علی نفسہ بصیرۃ۔ بلکہ انسان اپنے اوپر خود شاہد ہے۔ یعنی انسان اپنی ذات پر اکیلا گواہ ہے۔ آیت ولو القی معاذیر ہ۔ گو وہ کتنے ہی بہانے پیش کرے۔ اگرچہ وہ اس دن جھوٹے عذر پیش کرے گا۔
2۔ ابن ابی شیبہ نے سعید بن جبیر (رح) سے اسی طرح روایت کیا۔
قیامت کے رو زکفار کا عذر قبول نہ ہوگا
3۔ عبدالرزاق وعبد بن حمید وابن المنذر نے قتادہ (رح) سے آیت بل الانسان علی نفسہ بصیرۃ کے بارے میں روایت کیا کہ وہ اپنے اعمال پر خود گواہی دینے والا ہوگا آیت ولو القی معاذیرہ اگر اس دن جھوٹے عذر کرے گا۔ تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس سے کچھ بھی قبول نہیں فرمائیں گے
4۔ عبد بن حمید وابن جریر وابن المنذر نے مجاہد (رح) سے آیت بل الانسان علی نفسہ بصیرۃ کے بارے میں روایت کیا کہ اگر وہ نفس سے جھگڑ پڑے تو وہ اس پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
5۔ ابن المنذر نے ضحاک (رح) سے روایت کیا کہ آیت ولو القی معاذیرہ سے مراد ہے اس کی حجت اور دلیل۔
6۔ عبد بن حمید وابن جریر وابن المنذر نے عمران بن جبیر (رح) سے روایت کیا کہ میں نے عکرمہ (رح) سے آیت بل الانسان علی نفسہ بصیرۃ ولو القی معاذیر کے بارے میں پوچھا تو وہ خاموش رہے اور وہ مسواک کر رہے تھے پھر میں نے عرض کیا کہ حسن (رح) نے یوں فرمایا اے ابن آدمی تو اپنے عمل کا زیادہ حقدار ہے یہ سن کر انہوں نے فرمایا کہ تو نے سچ کہا۔
7۔ عبد بن حمید وابن المنذر نے قتادہ (رح) سے آیت بل الانسان علی نفسہ بصیرۃ کے بارے میں روایت کیا کہ جب تو چاہے کہ تو لوگوں کے عیوب دیکھنے لگے تو اپنے عیوب سے غافل ہوجائے گا۔ پھر فرمایا کہا جاتا ہے کہ انجیل میں لکھا ہوا ہے کہ اے آدم کے بیٹے ! کہ تو اپنے بھائی کی آنکھ میں تنکے کو دیکھ لیتا ہے اور اس شہتیر کو نہیں دیکھتا جو تیری آنکھ میں پڑا ہوا ہے۔
8۔ ابن جریر وابن المنذر وابن ابی حاتم نے ابن عباس ؓ سے آیت بل الانسان علی نفسہ بصیرۃ کے بارے میں روایت کیا کہ انسان اپنے کان اپنی آنکھیں، اپنے ہاتھ، اپنے پاؤں اور دوسرے اعضاء پر نظر رکھتا ہے آیت ولو القی معاذیرہ خواہ وہ اپنے کپڑوں سے ننگا ہو۔