تفسیر درِ منثور
Dure-Mansoor · 89. Al-Fajr · Ayah 22
Tafseerوَّ جَآءَ رَبُّكَ وَ الْمَلَكُ صَفًّا صَفًّاۚ﴿22﴾
- وَّجَآءَاور آئے گا
- رَبُّكَتمہارا رب
- وَالْمَلَكُاور (آئیں) فرشتے
- صَفًّا صَفًّاقطار در قطار
Translation · Dure-Mansoor
اور آپ کا پروردگار آجائے گا اور فرشتے آجائیں گے تو صفیں بنالیں گے
Tafseer · Dure-Mansoor
30۔ ابن ابی حاتم نے ربیع بن انس (رح) سے روایت کیا کہ زمین اور پہاڑوں کو اٹھا لیا جائے گا پھر ان کو آپس میں ایکد وسرے کے ساتھ ٹکرا دیا جائے گا۔
31۔ عبد بن حمید وابن جریر وابن المنذر نے قتادہ (رح) سے روایت کیا کہ آیت وجاء ربک والملک صفا صفا۔ اور آپ کے رب کا تخت آجائے گا اور فرشتے بھی صف بستہ چلے آئیں گے آیت والملک صفا صفا سے مراد ہے فرشتوں کی صفیں۔
32۔ ابن ابی حاتم نے ضحاک (رح) سے روایت کیا کہ آیت والملک صفا صفا یعنی آسمان کے رہنے والے آئیں گے اور ہر آسمان پر صف ہوگی۔
33۔ ابن مردویہ نے ابو سعید ؓ سے روایت کیا کہ جب یہ آیت نازل ہوئی تو رسول اللہ ﷺ کا رنگ متغیر ہوگیا اور آپ کے چہرہ مبارک سے اضطراب پہچان لیا گیا یہاں تک کہ آپ کے اصحاب ؓ پر یہ حالت بہت بھاری گذری جب انہوں نے آپ کی اس کیفیت کو دیکھا تو علی ؓ نے آپ سے وجہ دریافت کی تو آپ نے فرمایا جبریل (علیہ السلام) تشریف لائے اور مجھے یہ آیت پڑھ کر سنائی آیت کلا اذا دکت الارض دکا دکا وجاء ربک والملک صفا صفا وجیء یومئذ بجہنم۔ ہرگز نہیں جب زمین کوٹ کوٹ کر ریزہ ریزہ کردی جائے گی اور آپ کا رب آئے گا اور فرشتے بھی صف بستہ چلے آئیں گے اور اس دن دوزخ لائی جائے گی۔ پوچھا گیا اس کو کیسے لایا جائے گا فرمایا اس کو ستر ہزار فرشتے لائیں گے اس کو آگے کھینچ رہے ہوں گے ستر ہزار لگاموں کے ساتھ۔ تو وہ سخت بدکنے لگے گی اگر اس کو چھوڑ دیا جائے تو سب جمع ہونے والوں کو جلا ڈالے۔
34۔ ابن مردویہ نے علی بن ابی طالب ؓ سے روایت کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کیا تم جانتے ہو اس آیت کی تفسیر کیا ہے آیت کلا اذا دت الارض دکا دکا۔ وجاء ربک والملک صفا صفا وجایء یومئذ بجہنم پھر فرمایا جب قیامت کا دن ہوگا تو جہنم کو ستر ہزار لگاموں کے ساتھ کھینچاجائے گا۔ ستر ہزار فرشتوں کے ہاتھوں کے ساتھ تو وہ سخت بدکنے لگے گی۔ اگر اللہ تعالیٰ اس کو نہ روکیں تو آسمان اور زمین سب کو جلا ڈالے۔
جہنم کو کھینچ کر لایا جائے گا
35۔ ابن وہب نے کتاب الاہوال میں زید بن اسلم ؓ سے روایت کیا کہ جبریل (علیہ السلام) ، نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپ سے سرگوشی فرمائی۔ پھر نبی اکرم ﷺ ایک طرف کو جھکتے ہوئے کھڑے ہوئے تو علی ؓ نے آپ سے سبب پوچھا آپ نے فرمایا میرے پاس جبریل (علیہ السلام) آئے اور مجھ سے یہ فرمایا آیت کلا اذا دکت الارض دکا دکا وجاء ربک والملک صفا صفا وجایء یومئذ بجہنم اور اس کو لایا جائے گا کھینچتے ہوئے ستر ہزار لگاموں کے ساتھ اور ہر لگام کو ستر ہزار فرشتے کھینچ رہے ہوں گے۔ وہ اسی حال میں ہوں گے کہ اچانک جہنم ان سے بدک کر ان کے ہاتھوں سے بھاگ جائے گی۔ اگر وہ اس کو نہ پالیتے تو وہ ان سب کو جلادے گی جو میدان حشر میں جمع ہوں گے۔